• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علیشا چنائے نے فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کیلئے آڈیشن دیا تھا

Updated: October 04, 2026, 12:05 PM IST | Mumbai

علیشا چنائے نے حال ہی میں اس دلچسپ واقعے کا انکشاف ایک پوڈکاسٹ میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گلوکاری کے ساتھ ان کی خواہش اداکاری کرنے کی بھی تھی۔

Alisha Chinai. Photo: INN.
علیشا چنائے۔ تصویر: آئی این این

عام طور پر علیشا چنائے کو ایک ایسی گلوکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی آواز سے فلمی موسیقی میں ایک الگ شناخت بنائی۔ لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ گلوکاری کے ساتھ ساتھ ایک وقت میں علیشا چنائے اداکاری میں بھی قسمت آزمانا چاہتی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ عامر خان کے ساتھ فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں مرکزی اداکارہ کے کردار کی دوڑ میں شامل تھیں۔ تاہم ایک آڈیشن کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ اداکاری شاید ان کے لیے نہیں ہے اور انہوں نے آخری مرحلے میں پہنچنے سے پہلے ہی خود کو اس دوڑ سے الگ کرلیا۔ علیشا چنائے نے حال ہی میں اس دلچسپ واقعے کا انکشاف ایک پوڈکاسٹ میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گلوکاری کے ساتھ ان کی خواہش اداکاری کرنے کی بھی تھی۔ اسی دوران انہیں ۱۹۸۸ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں عامرخان کے مقابل مرکزی کردار کے لیے آڈیشن دینے کا موقع ملا۔ اس فلم کے ذریعے عامر خان اور جوہی چاؤلہ کی جوڑی نے ناظرین کے دلوں میں خاص جگہ بنائی تھی۔ علیشا کے مطابق آڈیشن کے دوران عامر خان نےخود ان کے ساتھ فلم کے مکالموں کی مشق کی تھی۔ لیکن آڈیشن کے بعد جب وہ گھر پہنچیں تو انہیں احساس ہوا کہ فلموں میں اداکاری کا انداز انہیں مصنوعی محسوس ہوتا ہے۔ خاص طور پر جذباتی مناظر میں انہیں لگا کہ وہ مطلوبہ انداز میں اداکاری نہیں کر پائیں گی۔ علیشا نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ یہ خیال پریشان کر رہا تھا کہ اگر کسی منظر میں انہیں اشارہ ملتے ہی رونا ہو تو وہ ایسا کیسے کر پائیں گی۔ انہوں نے خود سے کہا کہ وہ صرف ایک اچھی گلوکارہ ہیں اور انہیں اداکاری کے چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت مرکزی اداکارہ کے کردار کے لیے صرف علیشا چنائے اور جوہی چاؤلہ ہی دو اہم امیدوار تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK