• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووٹرکا نام حذف کرنے سے پہلے تفصیل پارٹیوں کے بی ایل ایز کو دینا لازمی

Updated: October 04, 2026, 11:26 AM IST | Mumbai

ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ووٹروں کی سہولت اورحتی الامکان ان کےنام ووٹر لسٹ میں باقی رکھنے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں۔

Questions are continuously being raised regarding the SIR. Photo: INN
ایس آئی آر پر مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر میں جاری ایس آئی آر مہم کے درمیان، ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ فہرست سے ووٹر کا نام ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے متعلقہ ووٹروں کی فہرست سیاسی جماعتوں کے بوتھ لیول ایجنٹس (بی ایل اے)کو دینی ہوگی۔ ووٹروں کو ضروری دستاویزات کی فراہمی میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے تعاون لینے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 
واضح رہےکہ ایس آئی آر کے تحت ان وو ٹروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جن کے نام سابقہ ووٹر لسٹ سے میپ نہیں ہیں یا جن کی تفصیلات میں منطقی تضاد یعنی فرق پایاگیا ہے۔ تاہم، کسی بھی ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے صرف ضروری دستاویزات یا ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر نہیں نکالا جائے گا۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفترنے بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او)کو ہدایت دی ہے کہ وہ ووٹر کا نام حذف کرنے سے پہلے اس کی تفصیل بی ایل ایز کودے۔ مزید بر آں، ضروری دستاویزات فراہم کرنے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مدد لی جانی چاہیے۔ 
دستاویز جمع کرانے کے۴؍ خصوصی کیمپ
ووٹروں کیلئے دستاویز جمع کرانے کیلئے ۳، ۴، ۱۰ اور ۱۱؍ اکتوبرکو خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ ووٹرز کو دستاویزات جمع کرانے میں سہولت ہو۔ ان کیمپوں میں ووٹر ڈاکیومنٹ پروسیسنگ کے عمل کو مکمل کیاجائے گا۔ الیکشن آفس نے واضح کیا ہے کہ ووٹروں کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے کافی وقت دینا اور اگر ضروری ہو تو سماعت کا موقع فراہم کرنا لازمی ہے۔ اگر سماعت کی ضرورت ہو تو جب بھی ممکن ہو آن لائن سماعتوں کو ترجیح دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی نے ملک بھر کے احتجاج کومنظم کرنے کیلئے’ ستیہ گرہ‘ پلیٹ فارم جاری کیا

کوئی بالغ فرد بھی سماعت میں شامل ہوسکتا ہے
رہنما خطوط کے مطابق، نوٹس وصول کرنے والے رائے دہندگان کی جب سماعت ہوگی تو متعلقہ ووٹر کے موجود نہ ہونے کی صورت میں اس کے متعلقین میں سے کوئی بالغ فرد بھی سماعت میں حصہ لے سکتا ہے۔ اس کے لیے متعلقہ ممبر کی اجازت درکار ہے۔ مزید برآں بی ایل اوز ان ووٹروں سےفون، واٹس ایپ اور یا دیگر ذرائع سے بھی رابطہ کرسکیں گےجنہیں نوٹس موصول ہوتا ہے۔ اگر ضروری ہو تو بی ایل او کاغذات حاصل کرنے کیلئے ووٹر کے گھر بھی جا سکتے ہیں۔ 
اس انتظام کا مقصد ووٹروں کو کاغذات جمع کرانے کیلئے بار بار الیکشن آفس جانے کی پریشا نیوں سے بچانا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ووٹر کو اس کا نام حذف کرنے سے پہلے مناسب موقع دینے اور پورے باضابطہ عمل سے گزرنے کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ 
واضح رہے کہ ایس آئی آر کیلئے دوالیکشن کمشنروں کے اعتراضات کو نظر انداز کرنے سے متعلق انڈین ایکسپریس کی رپورٹ سامنے کے بعد مہاراشٹر کےچیف الیکٹورل آفیسربھی محکمہ میں اصلاحی اقدامات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK