امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں ورنہ انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 06, 2025, 1:01 PM IST | New York
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں ورنہ انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ۳۴؍سالہ ڈیموکریٹ لیڈرکو واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں ورنہ انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فاکس نیوز کے ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے نسبتاً نرم لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ممدانی اچھا کام کریں کیونکہ وہ نیویارک سے محبت کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اپنی پرانی بات دہراتے ہوئے ممدانی کو ’’کمیونسٹ‘‘ بھی کہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں بہت مخمصے میں ہوں کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ نیا میئر کامیاب ہو۔ میں نیویارک سے بہت محبت کرتا ہوں۔ جب میں نیویارک سے واشنگٹن گیا تو نیویارک اچھی حالت میں تھا لیکن کچھ برے آثار تھے۔ ایک برا نشان بل ڈی بلازیو تھا۔ وہ آغاز تھا اور برا تھا۔ اب یہ والا، ہم ایک ہزار سال تک دیکھیں گے۔ کمیونزم کبھی کامیاب نہیں ہوا۔ ‘‘انہوں نے بروکلین میں ممدانی کی فتح کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت غصے بھری تقریر تھی‘‘ اور میئر کو صدر کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنے چاہئیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں نے اسے بہت غصے سے بھری تقریر سمجھا۔ خاص طور پر میرے خلاف۔ میرا خیال ہے کہ انہیں میرے ساتھ اچھا رویہ رکھنا چاہئے کیونکہ بہت سے معاملات میں حتمی منظوری مجھے دینی ہوتی ہے۔ اس لئے وہ آغاز ہی سے غلط سمت میں جا رہے ہیں۔ ‘‘یاد رہے کہ اپنی فتح کی تقریر میں ممدانی نے براہِ راست ٹرمپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہم میں سے کسی تک پہنچنے کیلئے تمہیں ہم سب سے گزرنا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’میرے پاس ان کیلئے چار الفاظ ہیں : آواز اونچی کرو۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: نیونیارک میئر انتخابات: ۲۶؍ارب پتیوں کی ممدانی کے خلاف مہم، دو ارب پتی حمایت میں
امریکہ میں شٹ ڈاؤن، ممدانی کی فتح کی اہم وجہ: ڈونالڈ ٹرمپ
نیو یارک کے انتخابات کے نتائج کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی میں امریکی شٹ ڈاؤن کا بڑا ہاتھ تھا۔ ریپبلکن سینیٹرز کے ساتھ ناشتے کے دوران بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ایسا مت سوچیں کہ ڈیموکریٹس شٹ ڈاؤن پر جلد کارروائی کریں گے، میرے خیال میں یہ جلد حل نہیں ہو گا۔ ‘‘ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا، ’’یہ کامیابی متوقع نہیں تھی۔ یہ انتہائی ڈیموکریٹک علاقے ہیں۔ لیکن میرے خیال میں یہ ریپبلکن یا کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہے۔ ہم نے بہت کچھ سیکھا۔ ‘‘
الیکشن کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ممدانی کی جیت کے بعد امریکہ نے اپنی ’’خودمختاری‘‘ کھو دی ہے۔ میامی میں ایک کاروباری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی کمیونزم کی طرف جا رہا ہے اور وہ ’’اس کا حل نکالیں گے‘‘ تاہم اس بارے میں مزید وضاحت نہیں کی۔ اگلے روز میامی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’میامی جلد ہی ان لوگوں کی پناہ گاہ بن جائے گا جو نیویارک کے کمیونزم سے بھاگیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’امریکی عوام کے سامنے انتخاب بہت واضح ہے۔ یا تو ہم کمیونزم چنیں یا عام فہم سوچ۔ ‘‘ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ملک کو ’’معاشی تباہی‘‘ اور ’’معاشی معجزے‘‘ کے درمیان فیصلہ کرنا ہوگا۔