اینڈریو گارفیلڈ سیم آلٹ مین بنے، ’’Artificial‘‘ کا ٹیزر جاری
Updated: September 09, 2026, 8:05 PM IST
| New York
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اینڈریو گارفیلڈ نے ہدایت کار لوکا گواڈانینو کی آنے والی فلم ’’Artificial‘‘ میں اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیم آلٹ مین کا روپ دھار لیا ہے۔ فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں گارفیلڈ کا انداز اور کردار فلم کی سنجیدہ اور پراسرار نوعیت کی واضح جھلک پیش کرتا ہے۔
اینڈریو گارفیلڈ۔ تصویر:آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اینڈریو گارفیلڈ نے ہدایت کار لوکا گواڈانینو کی آنے والی فلم ’’Artificial‘‘ میں اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیم آلٹ مین کا روپ دھار لیا ہے۔ فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں گارفیلڈ کا انداز اور کردار فلم کی سنجیدہ اور پراسرار نوعیت کی واضح جھلک پیش کرتا ہے۔ ’’Artificial‘‘ مصنوعی ذہانت کی دنیا کے ساتھ ساتھ اوپن اے آئی میں ۲۰۲۳ءکے اس ہنگامہ خیز دور کو موضوع بناتی ہے جب سیم آلٹ مین کو کمپنی کے بورڈ نے اچانک عہدے سے ہٹا دیا تھا اور صرف چند دن بعد وہ دوبارہ سی ای او کے منصب پر واپس آگئے تھے۔
ٹیزر میں اینڈریو گارفیلڈ کو سیم آلٹ مین کے روپ میں ایک طویل اور سنسان راستے سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ ایک منظر میں ایسا کمرہ بھی نظر آتا ہے جہاں شیشے کے پیچھے ہتھیار اور بقا کے لیے ضروری سامان رکھا ہوا ہے۔ ٹیزر میں آلٹ مین کے کردار کی آواز میں مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے بارے میں انتہائی سنجیدہ اور خوفناک انداز اپنایا گیا ہے۔ وہ چیٹ جی پی ٹی کی تخلیق، اے آئی کے ممکنہ اثرات اور اس ٹیکنالوجی کے باعث دنیا میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ فلم کے ٹیزر میں ایک موقع پر آلٹ مین کا کردار یہ تصور پیش کرتا ہے کہ مصنوعی ذہانت دنیا کے مسائل حل کرنے والی مشین بن سکتی ہے، تاہم ساتھ ہی یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ اے آئی کے پھیلاؤ سے ممالک اور صنعتیں بڑے پیمانے پر متاثر ہوسکتی ہیں۔ یہی پہلو فلم کو روایتی بایوپک کے بجائے ایک سنجیدہ ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ پاور ڈرامہ بناتا دکھائی دیتا ہے۔ ’’Artificial‘‘ کی کہانی نومبر ۲۰۲۳ء میں اوپن اے آئی کے اندر پیدا ہونے والے بحران کے گرد گھومتی ہے۔ سیم آلٹ مین کو بورڈ نے سی ای او کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، جس کے بعد کمپنی میں شدید بے چینی پیدا ہوئی اور متعدد ملازمین نے آلٹ مین کی واپسی کی حمایت کی۔ بالآخر تقریباً پانچ دن بعد وہ دوبارہ اوپن اے آئی کے سربراہ بن گئے۔ فلم اسی واقعہ کو ڈرامائی انداز میں پیش کرے گی اور ٹیکنالوجی، قیادت، طاقت اور مصنوعی ذہانت کے اخلاقی اثرات جیسے موضوعات کو بھی اجاگر کرے گی۔
فلم میں یورا بوریسوف اوپن اے آئی کے شریک بانی الیاس سٹسکیور ، مونیکا باربارو سابق عبوری سی ای او میرا مورتی ، آئیک بارن ہولٹز ایلون مسک جبکہ مارک رائلنس اے آئی کے معروف ماہر جیفری ہنٹن کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ کوپر ہافمین، جیسن شوارٹزمین، زوسیا میمیٹ، بلی لارڈ اور کرس او ڈاؤڈ بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اینڈریو گارفیلڈ اس سے قبل فلم ’’The Social Network‘‘ میں فیس بک کے شریک بانی اورمارک زکربرگ کے دوست ایڈورڈو سیورین کا کردار ادا کر چکے ہیں۔ اب ایک بار پھر وہ ٹیکنالوجی کی دنیا کی ایک انتہائی بااثر شخصیت کا کردار نبھا رہے ہیں، تاہم اس بار کہانی مصنوعی ذہانت اور اوپن اے آئی کے گرد گھومتی ہے۔
اینڈریو گارفیلڈ نے سیم آلٹ مین کی تیاری کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ آلٹ مین کو ذاتی طور پر نہیں جانتے اور نہ ہی ان کی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کردار کو سمجھنے کے لیے اسکرپٹ، انٹرویوز، تحقیق اور دستیاب دستاویزات سے مدد لی۔ فلم کی ہدایت کاری لوکا گواڈانینو نے کی ہے، جبکہ اس کا اسکرین پلے سائمن رِچ نے لکھا ہے۔ گواڈانینو ’’Call Me by Your Name‘‘ اور ’’Challengers‘‘ جیسی فلموں کے لیے معروف ہیں۔ ’’Artificial‘‘ کا پریمیئر اکتوبر میں نیویارک فلم فیسٹیول ۲۰۲۶ء میں ہوگا، جبکہ نیون اسے ۲۵؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو منتخب سنیما گھروں میں ریلیز کرے گا۔ اس کے بعد جنوری ۲۰۲۷ءمیں فلم کی وسیع تر ریلیز متوقع ہے۔
This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience
and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree
to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK