• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم آئی ٹی گریجویٹ نے’مِسڈکالز‘ کے مسئلے کو اسٹارٹ اپ بنا دیا

Updated: November 25, 2026, 4:14 PM IST | INN / Agency | Mumbai

اپوروا شری واستو کا قائم کردہ یہ اے آئی اسٹارٹ اپ، ایک کامیاب کاروبار میں بدل گیا ہے اوراس کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوزکرچکی ہے۔

Tyson Chin and Apoorva Srivastava. Photo: INN
ٹائسن چِن اور اپوروا شریواستو۔ تصویر: آئی این این

اپوروا شریواستو کو ایک فون کال کا جواب نہ ملنے کے تجربے نے مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی دنیا میں کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دی۔ ایم آئی ٹی سے فارغ التحصیل اپوروا نے ’ایووکا‘ (Avoca) نامی کمپنی کی مشترکہ بنیاد رکھی، جو اے آئی وائس ایجنٹس کے ذریعے گھریلو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو صارفین کی کالز اور بکنگ سنبھالنے میں مدد دیتی ہے۔ اس اسٹارٹ اَپ نے۱۲؍ کروڑ۵۰؍ لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کرلی ہے اور اس کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔  اس کامیابی نے کاروبار کے ایک ایسے عام مسئلے کو نمایاں کردیا ہے جسے اکثر نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ایک فون کی گھنٹی بجتی ہے، لیکن کوئی جواب نہیں دیتا۔ صارف کسی دوسری کمپنی سے رابطہ کرلیتا ہے۔ کسی چھوٹے کاروبار کیلئے ایک مسڈ کال کا مطلب ہزاروں ڈالر کے ممکنہ کام سے ہاتھ دھونا ہوسکتا ہے۔اپوروا اس مسئلے سے ذاتی طور پر واقف ہیں۔ مشی گن میں پرورش پانے کے دوران وہ اپنے والدین کے چھوٹے کاروبار میں فون کالز سنبھالنے میں ان کی مدد کیا کرتے تھے۔ کئی برس بعد یہی روزمرہ کا تجربہ ایک ایسے اے آئی اسٹارٹ اَپ کی بنیاد بنا جس کی مالیت اب ایک ارب ڈالر (تقریباً۸۳۰۰؍ کروڑ روپے) ہے۔

ایم آئی ٹی گریجویٹ، جس نے ایووکا کی مشترکہ بنیاد رکھی

اپوروا شریواستو نے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(ایم آئی ٹی )سے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کی۔ ایووکا شروع کرنے سے پہلے انہوں نے ایپل اور سن شائن جیسی کمپنیوں میں اے آئی مصنوعات پر کام کیا۔ اس کے بعد وہ سافٹ ویئر کمپنی ری ٹول میں انجینئر کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔ وہ اس سے پہلے بھی ایک اسٹارٹ اَپ شروع کرچکے تھے۔ایووکا کے دوسرے شریک بانی ٹائسن چن کا بچپن کا تجربہ بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ پنسلوانیا میں پرورش پانے والے چن اپنی والدہ کے ایکیوپنکچر کے کاروبار میں فون کالز سنبھالنے میں ان کی مدد کرتے تھے۔دونوں کی ملاقات ایم آئی ٹی میں منعقد ہونے والی ایک ’پوکر نائٹ‘ کے دوران ہوئی۔ بعد میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے کچھ نیا بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سردی کے موسم میں جلد کو ملائم رکھنے کیلئے بالائی کا استعمال کیا جاسکتا ہے

ایک مسڈ کال،۴۰؍ ہزار ڈالر کے کاروبار کا نقصان

ابتدا میں اپوروااور ٹائسن نے ریستورانوں کے لئے اے آئی پر مبنی فون کالز کا جواب دینے والی خودکار سروس بنانے پر غور کیا۔ لیکن ٹیکساس میں ریستوران انڈسٹری کی ایک کانفرنس کے دوران ایک اتفاقی ملاقات نے ان کا منصوبہ بدل دیا۔وہاں ان کی ملاقات ڈلاس کی ہیٹنگ اور ایئر کنڈیشننگ کمپنی ’ریسکیو ایئر‘ کے ذمہ دار سے ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد انہیں احساس ہوا کہ گھریلو خدمات فراہم کرنے والے کاروباروں میں مسڈ کال کا نقصان کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔ٹائسن چن نے ’فورچیون‘ کو بتایا کہ کسی ریستوران کی ایک مسڈ کال کا مطلب۳۰؍ یا۴۰؍ ڈالر کے آرڈر سے محرومی ہوسکتا ہے، لیکن ایچ وی اے سی یعنی ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ کے کاروبار میں ایک مسڈ کال کا مطلب۳۰؍ سے۴۰؍ ہزار ڈالر مالیت کے کسی انسٹالیشن پروجیکٹ سے ہاتھ دھونا ہوسکتا ہے۔ان فاؤنڈرز نے۲۰۲۳ء میں تین ماہ تک محنت کرکے خاص طور پر ریسکیو ایئر کے لئے ایک پروڈکٹ تیار کی۔ اس کمپنی نے انہیں اپنے ابتدائی گاہک تلاش کرنے میں بھی مدد دی۔

ایووکا میں اے آئی کس طرح کام کرتا ہے؟

ایووکا کے اے آئی وائس ایجنٹس صارفین کی فون کالز کا جواب دیتے ہیں، اپائنٹمنٹ طے کرتے ہیں، زیرِ التوا تخمینوں کے حوالے سے صارفین سے دوبارہ رابطہ کرتے ہیں اور کام کے لیے عملے کی روانگی اور شیڈولنگ کا انتظام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔اس کے صارفین میں پلمبنگ، چھتوں کی مرمت، الیکٹریکل کام اور ہیٹنگ و ایئر کنڈیشننگ کی خدمات فراہم کرنے والے کاروبار شامل ہیں۔یہ سسٹم کاروباری اداروں کے شیڈولنگ ٹولز سے بھی منسلک ہوسکتا ہے، جس کی مدد سے صارفین کی پوچھ گچھ محض وائس میل تک محدود نہیں رہتی بلکہ اسے حقیقی بکنگ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

۱۲؍ کروڑڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری

۲۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کو ایووکا نے اعلان کیا کہ اس نے سرمایہ کاری کے ۳؍ مراحل میں۱۲؍ کروڑ۵۰؍ لاکھ ڈالر سے زیادہ کی رقم حاصل کی ہے، جس کے بعد کمپنی کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔اس کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں کلینر پرکنز (Kleiner Perkins)، میریٹیک (Meritech)، جنرل کیٹالسٹ (General Catalyst)، ایمپلیفائی پارٹنرز (Amplify Partners) اور وائی کومبینیٹر (Y Combinator) شامل ہیں۔فورچیون کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی کے گاہکوں(کلائنٹس) کی تعداد۸۰۰؍ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اپوروا شریواستو کے نزدیک اس کاروبار کا اصل موقع ایک ایسی صنعت میں پوشیدہ ہے جسے ٹیکنالوجی کمپنیاں اکثر نظر انداز کرتی رہی ہیں۔ یہ وہ لوگ اور کاروبار ہیں جو گھروں کی مرمت کرتے ہیں، بجلی کے مسائل حل کرتے ہیں اور ایئر کنڈیشننگ سسٹم کو چالو رکھتے ہیں۔ ایپوروا کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی اگلی بڑی مارکیٹ شاید کسی دفتر کی میز پر بیٹھے ملازمین کے بجائے ان کاروباروں میں ہو جو ہماری روزمرہ زندگی کو رواں دواں رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK