• Thu, 08 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آرکٹک اوپن: کدامبی سری کانت اور ایچ ایس پرنئے پہلے ہی دور میں باہر

Updated: October 08, 2026, 4:04 PM IST | New Delhi

ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت اور ایچ ایس پرنئے اپنے اپنے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں شکست کے بعد آرکٹک اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے پہلے ہی دور میں باہر ہوگئے، جبکہ مردوں کے ڈبلز میں غیر سیڈ یافتہ کرشنا پرساد گراگا اور پرتھوی کرشن مورتی رائے نے چین کی جوڑی کو حیران کن شکست دے کر اگلے دور میں جگہ بنالی۔

Kidambi Srikanth.Photo:INN
کدامبی سری کانت۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت اور ایچ ایس پرنئے اپنے اپنے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں شکست کے بعد آرکٹک اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے پہلے ہی دور میں باہر ہوگئے، جبکہ مردوں کے ڈبلز میں غیر سیڈ یافتہ کرشنا پرساد گراگا اور پرتھوی کرشن مورتی رائے نے چین کی جوڑی کو حیران کن شکست دے کر اگلے دور میں جگہ بنالی۔ بدھ کو کھیلے گئے مقابلے میں عالمی رینکنگ میں ۳۱؍ویں نمبر کے سری کانت نے ۳۴؍ویں نمبر کے کینیڈین کھلاڑی برائن یانگ کے خلاف پہلا گیم جیتا، لیکن بعد میں۲۱۔۱۵، ۱۵۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍ سے شکست کھا گئے۔

یہ بھی پڑھئے:رجنی کانت کی’’جیلر ۲‘‘ کی پری ریلیز تقریب او ٹی ٹی پر نشر ہوگی، ۱۵؍ اکتوبر کو عالمی نمائش

سابق عالمی نمبر ایک سری کانت کی اس سال بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور میں بہترین کارکردگی جون میں یو ایس اوپن سپر ۳۰۰؍ میں رنر اپ رہنا ہے۔ وہ اس سال بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کے مقابلوں میں آٹھ مرتبہ پہلے ہی دور میں باہر ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب عالمی نمبر ۳۸؍ ایچ ایس پرنئے کو ڈنمارک کے چوتھی سیڈ اینڈرس اینٹونسن نے شکست دی۔ ۳۴؍ سالہ ہندوستانی کھلاڑی، جو گزشتہ ماہ ویتنام اوپن سپر ۱۰۰؍ کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے، ڈنمارک کے کھلاڑی کو خاص چیلنج نہیں دے سکے اور ۱۰۔۲۱، ۹۔۲۱؍سے ہار کر باہر ہوگئے۔تاہم ہندوستان کو مردوں کے ڈبلز میں شاندار کامیابی ملی، جب غیر سیڈ یافتہ کرشنا پرساد گراگا اور پرتھوی کرشن مورتی رائے نے چین کے پانچویں سیڈ ہی ژی ٹنگ اور رین ژیانگ یو کو حیران کن شکست دی۔

یہ بھی پڑھئے:آئی ایم ایف نے عالمی معیشت کو توانائی کے جھٹکوں، اے آئی کی طلب سے خبردار کیا

پہلا گیم ہارنے کے بعد ہندوستانی جوڑی نے شاندار واپسی کی اور۶۱؍ منٹ میں۲۱۔۱۰،۱۸۔۲۱، ۲۰۔۲۲؍ سے کامیابی حاصل کرکے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں جگہ بنالی۔ اگلے دور میں کرشنا پرساد اور پرتھوی کا مقابلہ انگلینڈ کے اولیور بٹلر اور سیموئل جونز سے ہوگا۔ دریں اثنا، تھارون منّے پلی نے مردوں کے سنگلز ڈرا میں ہندوستان کی موجودگی برقرار رکھی۔ منگل کو کوالیفائر کے ذریعے مین ڈرا میں پہنچنے والے ہندوستانی شٹلر نے ڈنمارک کے میگنس جوہانسن کو۱۶۔۲۱، ۱۴۔۲۱؍ سے شکست دے کر دوسرے دور میں جگہ بنائی۔ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ان کا مقابلہ فرانس کے دوسرے سیڈ کرسٹو پوپوف سے ہوگا۔
کوالیفائنگ کے ذریعے مین ڈرا میں جگہ بنانے والے رونک چوہان کو چین کے وینگ ہونگ یانگ نے سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد چوہان نے واپسی کرتے ہوئے میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچایا، لیکن آخرکار وینگ ہونگ یانگ نے ۲۰۔۲۲، ۲۲۔۲۰، ۱۷۔۲۱؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK