بھیونڈی اور ممبرا میں منعقد ہونے والے کیمپ میں سود، جرمانے اور بقایاجات میں رعایت کی معلومات دی جائیںگی۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:24 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی اور ممبرا میں منعقد ہونے والے کیمپ میں سود، جرمانے اور بقایاجات میں رعایت کی معلومات دی جائیںگی۔
مہاوترن (ایم ایس ای ڈی سی ایل) کی ایمینسٹی اسکیم۲۷۔۲۰۲۶ءکے تحت اہل صارفین کو پرانے بجلی بلوں کے بقایاجات پر سود اور تاخیر سے ادائیگی کے جرمانے میں چھوٹ، اصل رقم میں رعایت اور قسطوں میں ادائیگی جیسی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ اسی اسکیم کے بارے میں صارفین کو تفصیلی معلومات فراہم کرنے اور بجلی سے متعلق دیگر شکایات سننے کے لئے ٹورینٹ پاور نے بھیونڈی سمیت شیل، ممبرا اور کلوا میں خصوصی ’سمواد‘ کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھیونڈی کے صارفین کیلئے یہ کیمپ ۲۵؍ نومبر کو چاوندرا واقع اَرش کسٹمر کیئر سینٹر میں صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵؍بجے تک منعقد ہوگا جبکہ شیل، ممبرا اور کلوا کے صارفین کیلئے۲۷؍ نومبر کو شیل کے اَریہنت کسٹمر کیئر سینٹر میں اسی وقت کیمپ لگایا جائے گا۔ ان کیمپوں کی خاص بات یہ ہے کہ ٹورینٹ پاور کے مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ مہاوترن کے افسران بھی موجود رہیں گے تاکہ صارفین کو پرانے بقایاجات اور موجودہ بجلی مسائل کے سلسلے میں متعلقہ اداروں سے براہِ راست رابطے کی سہولت مل سکے۔
یہ بھی پڑھئے: ایئر ایمبولنس کےلئے’ایس او پی‘ سے متعلق کمیٹی تشکیل
ایمینسٹی اسکیم کے تحت خصوصی کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے جہاں مہاوترن کے پرانے بقایاجات رکھنے والے صارفین اپنی اہلیت، واجب الادا رقم، رعایتوں اور ادائیگی کے طریقۂ کار کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔ خاص طور پر ایسے صارفین جن کے پرانے غیر زرعی بجلی کنکشن منقطع ہوچکے ہیں اور جن پر مہاوترن کے دور کی رقم باقی ہے، وہ اس اسکیم سے متعلق اپنی صورتِ حال کی جانچ کروا سکیں گے۔ تاہم اسکیم کا فائدہ مقررہ شرائط اور اہلیت کے مطابق ہی حاصل کیا جاسکے گا۔
دوسری جانب ٹورینٹ پاور کے موجودہ صارفین کو بھی اس کیمپ میں اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ بجلی بلوں میں خامیوں، زیر التوا درخواستوں، بجلی کی فراہمی سے متعلق شکایات، ویجیلنس کارروائی اور دیگر معاملات پر کمپنی کے سینئر افسران سے براہِ راست گفتگو کی جا سکے گی۔ کمپنی کے مطابق کیمپ کا مقصد صارفین اور متعلقہ محکموں کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرکے مسائل کے حل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔