• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سچ پوچھئے تو پہاڑ سر کرنے کیلئے ہی ہوتے ہیں!

Updated: November 24, 2026, 4:28 PM IST | P. Chidambaram | Mumbai

مضمون نگار نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن کی شرمناک شکست کا حوالہ دے کر لکھا ہے کہ وہاں مہنگائی اور ٹرمپ کی پالیسیوں سے عوام کی اُکتاہٹ کے سبب ہار ہوئی۔ ایسے ہی حالات ہمارے یہاں بھی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مَیں دو طرح کی اطلاعات کے درمیان کشمکش میں ہوں۔ ایک دہلی سے موصولہ خبر، اور دوسری زمینی حقائق سے متعلق۔ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف لگاتار احتجاج اور ’ایس آئی آر‘ کے معاملے پر سپریم کورٹ کے رویہ میں آنے والی ذرا سی تبدیلی کے نتیجے میں، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ان سنگین زیادتیوں پر مبنی فیصلوں میں سے کچھ کو واپس لینے کا اعلان کیا، جن کی وجہ سے ۱۳؍ کروڑ ۳۰؍ لاکھ شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہو گئے تھے۔ اب اصل توجہ اس بات پر ہونی چاہئے کہ ہر ریاست میں، وہاں کی بالغ آبادی کے تناسب سے ووٹروں کی تعداد کتنی ہے۔ یہ تناسب جتنا ۱۰۰؍ فیصد کے قریب ہوگا، انتخابی فہرستیں اتنی ہی نقائص سے پاک سمجھی جائیں گی۔ دوسری اطلاع یہ ہے کہ، حتمی انتخابی فہرستوں میں چاہے کتنے ہی نقائص ہوں، عوام دل ہی دل میں کوستے ہوئے بھی ووٹ دینے ضرور جائینگے۔

اب اطلاعات ہیں کہ انتخابی فہرست سے خارج کئے گئے بہت سے ووٹرز (سوائے ان کے جو وفات پا چکے ہیں) دوبارہ انتخابی فہرستوں میں شامل ہو جائینگے۔ اس کیلئے فارم ۶؍ فارم ۸؍ یا ’اینومریشن‘ فارم (اندراجِ کوائف) بھرے جائینگے یا پھر گھر گھر جانے اور خصوصی کیمپ منعقد کرنے کا سہارا لیا جائیگا۔ یہ درستی کا احساس ہے یا مزید احتجاجوں کا خوف؟ اس کا فیصلہ وقت ہی کریگا۔ بظاہر، بی جے پی کا خیال ہے کہ ’دوبارہ اندراج‘ کے ذریعے ۲۰۲۹ء تک ’ووٹ چوری‘ کا اثر یا زور ختم ہو جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بلانگنگ پرسونیا گاندھی کا اصرار

سن ۲۰۲۴ء میں، جس مسئلے نے عوام میں بڑے خدشات کو جنم دیا وہ یہ تھا کہ ’آئین خطرہ میں ہے‘۔ اس کے علاوہ ریاستوں سے متعلق دیگر مسائل بھی تھے، جیسے بدعنوانی، مہنگائی، بے روزگاری، اجرتیں یا زرعی آمدنی، بنیادی ڈھانچے (مثلاً سڑکیں یا پینے کا صاف پانی) کی کمی، اور جرائم میں اضافہ وغیرہ۔ ان مسائل نے بی جے پی کو نقصان تو پہنچایا مگر اسے اقتدار سے بے دخل نہیں کیا۔ بی جے پی ۲۴۰؍ نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری، جبکہ کانگریس ۱۰۰؍ نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔ اتحادی گروپ کی حیثیت سے دیکھا جائے تو این ڈی اے کے پاس ۲۹۳؍ اور ’’انڈیا‘‘ کے پاس ۲۳۴؍ سیٹیں تھیں۔ ’آئین خطرہ میں ہے‘ کا نعرہ انتخابی مہم کا ایک اہم موضوع تھا جس نے لوگوں کو ’انڈیا‘ اتحاد کی مہم اور سوشل میڈیا کی جانب متوجہ کیا، لیکن یہ اتنا کافی نہیں تھا کہ پلڑا ’انڈیا‘ اتحاد کے حق میں جھکا سکے۔

اس دوران (نومبر ۲۰۲۶ء کے) امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتیجے بھی منظر عام پر آئے۔ ’’میک امریکہ گریٹ اگین‘‘ (ماگا) کی وسیع تر مہم صدر ٹرمپ کی غیر آئینی زیادتیوں کے ساتھ جاری رہی۔ تاہم، انتخابات کو متاثر کرنے والے دو مسائل تھے - برداشت اور جنگ۔ زیادہ تر ووٹروں نے خوراک، ایندھن اور رہائشی دشواری کو ناقابل برداشت پایا۔ وہ ایران کے خلاف امریکہ کی نہ ختم ہونے والی جنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں سے بھی لرز گئے۔ امریکی عوام کو لگتا ہے کہ وہ جنگ، آبنائے ہرمز کی بندش، امریکی محصولات اور قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے نقصان اٹھا رہے ہیں۔ عوامی مسائل ہندوستان میں بھی یکساں ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کیا حکومت بن پائیگی اسرائیل میں؟

اشیائے خوردونوش کی مہنگائی بڑھ گئی ہیں۔ ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) پر افراط زر ۱۲ء۳؍ فیصد ہے۔ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر یہی شرح ۶ء۱؍ فیصد ہے۔خوراک کی افراط زر ۸ء۹؍ فیصد ہے۔ غذا کی تھالیوں کا حساب کتاب بتا رہا ہے کہ سبزی کی تھالی کی قیمت پانچ سال پہلے ۳۰ء۸۰؍ روپے تھی جو بڑھ کر ۳۶ء۸۰؍ روپے (گزشتہ سال) اور نومبر۲۶ء میں ۴۱ء۹۰؍   روپے ہو گئی ہے (بحوالہ: ’’دی ہندو‘‘ ۱۹؍ نومبر ۲۶ء)۔ یہ اعداد و شمار یہ ظاہر کرنے کیلئے کافی ہیں کہ حقیقی اجرتیں جمود کا شکار ہیں یعنی عوام کی آمدنی اور گھریلو بچت کم ہوئی ہے اور گھریلو قرضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ سب شدید تناؤ کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، شہری بے روزگاری کی شرح ۶ء۷؍ فیصد اور دیہی بے روزگاری کی شرح ۴ء۲؍ فیصد ہے۔

بری خبر یہ ہے کہ افراطِ زر (مہنگائی) اور بے روزگاری کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے، کیونکہ ایران جنگ جاری ہے، آبنائے ہرمز بدستور بند ہے، تیل کی تجارت میں تعطل برقرار ہے اور امریکہ کی جانب سے عائد کردہ محصولات (ٹیرف) بھی نافذ ہیں۔ آر بی آئی پالیسی ریٹ کو ۵ء۵۰؍ فیصد سے بڑھا کر ۵ء۷۵؍ یا پھر ۶؍ فیصد کر سکتا ہے۔ ’پی ایل آئی‘جیسی اسکیموں،جن کی بہت تشہیر کی گئی تھی، کے اعداد و شمار مایوس کن ہیں۔ جی ڈی پی میں ’مینوفیکچرنگ‘ (صنعتی مصنوعات کے شعبے) کا حصہ ۱۳۔۱۴؍ فیصد پر ہی اٹکا ہوا ہے (ماخذ: عالمی بینک)۔ یہ حالات افراطِ زر اور شرح ِبے روزگاری میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ بی جے پی حکومت معیشت کو درپیش ساختی چیلنجوں کو تسلیم نہیں کرتی۔ ساختی مسائل میں مالیاتی خسارہ، تجارتی خسارہ (خصوصاً چین کے ساتھ)، نجی سرمایہ کاری کی کمی اور مجموعی طلب میں کمی ہے۔ جی ڈی پی میں اضافے کی ’خوشی‘، وِکست بھارت جیسے نعروں اور لگژری کاروں، مہنگے موبائلوں اور گھڑیوں کے اشتہارات، بڑے شہروں کے مضافاتی علاقوں میں پریمیئر ہاؤسنگ اور ریاستی سرمایہ کاری کے سرکاری دعوے حیران کن ہیں مگر عام لوگ متاثر نہیں ہیں۔ ہندوستانی عوام کو تماشے سے کوئی سروکار نہیں۔

لوگوں کی بڑی تعداد ملازمتوں، اجرت، پینے کے پانی، بجلی، سڑکوں وغیرہ سے پریشان ہے۔ منریگا جیسی اسکیم عملاً ختم ہو چکی ہے۔ پی ایل آئی اسکیم ناکام ہے۔ مہارت کی ترقی بھی کاغذ پر ہے۔ پینے کے پانی کا مشن (جل جیون) اور سوچھ بھارت مشن ناکام ہے۔ او ڈی ایف کے اعلانات ایک مذاق ہیں۔ ان میں سے کچھ درحقیقت برسوں سے چلے آنے والے مسائل ہیں مگر ۱۲؍ سال سے اقتدار میں رہنے والی حکومت کب تک پرانا ڈھول بجا سکتی ہے؟

ووٹ چوری نے ’انڈیا‘ اتحاد کو بی جے پی اور این ڈی اے کے بالکل سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ بی جے پی کے کچھ اتحادی، بشمول وہ قانون ساز جنہیں توڑ کر شامل کیا گیا تھا، اب گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی بوکھلائے ہوئے ہیں؛ اس کا اندازہ ایف آئی سی سی آئی (فکّی) کے سالانہ اجلاس کی اُن کی حالیہ تقریر سے لگایا جا سکتا ہے۔ ووٹ چوری کے اس سلسلے اور اس سے پیدا ہونے والی لہر کے پیشِ نظر، جب  عوام کا دل موجودہ اقتدار سے اُچاٹ ہوچکا ہے، ’انڈیا‘ اتحاد کو ایسے اہم مسائل کو اٹھانا چاہئے جو اسے ایک غالب سیاسی قوت بنا سکیں۔ سامنے ایک پہاڑ ہے؛ اور پہاڑ تو سر کرنے کیلئے ہی ہوتے ہیں۔ انڈیا اتحاد کیلئے موقع ہے عوامی اعتماد جیتنے کا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK