• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’منا بھائی ۳‘‘ پر کام جاری ہے: ارشد وارثی کی تصدیق

Updated: October 25, 2025, 7:00 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ مداحوں کیلئے خوشخبری! مشہور کامیڈی فرنچائز ’’منا بھائی‘‘ کی تیسری قسط کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے۔ ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے کہ ہدایتکار راجکمار ہیرانی اس منصوبے پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، اور جلد ہی سنجے دت اور ارشد وارثی کی مشہور جوڑی ایک بار پھر بڑے پردے پر نظر آئے گی۔

Arshad Warsi. Picture: INN
ارشد وارثی۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے مداح، خاص طور پر منا بھائی اور سرکٹ کے دیوانے، اب سکون کا سانس لے سکتے ہیں۔ ارشد وارثی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی محبوب فرنچائز ’’منا بھائی‘‘ کی تیسری قسط پر باقاعدہ کام شروع ہو چکا ہے۔ایک حالیہ گفتگو میں ارشد وارثی نے نہ صرف اس بات کی تصدیق کی بلکہ اپنے دیرینہ ساتھی سنجے دت کے ساتھ کام کرنے کے تجربات بھی شیئر کئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سنجو ایک ناقابلِ یقین اداکار ہیں جن کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ میں خود اسکرپٹ یاد رکھنے میں بہت برا ہوں، لیکن سنجو کیلئے مجھے پوری کہانی یاد رکھنی پڑتی تھی تاکہ انہیں یاد دلا سکوں کہ آج ہم کیا شوٹ کر رہے ہیں!‘‘ ارشد نے مزید بتایا کہ سنجے دت اکثر شوٹنگ کے دوران پوچھتے ہیں کہ ’’بھائی، آج ہم کیا کر رہے ہیں؟‘‘ اور پھر وہ انہیں کہانی کے تسلسل سے آگاہ کرتے۔ 

یہ بھی پڑھئے:کارتک آرین اور سری لیلا کے رومانوی ڈرامے کو آخرکار نام مل گیا؟یہ عاشقی ۳؍ نہیں ہے

 ’’منا بھائی ۳‘‘ پر بات کرتے ہوئے ارشد وارثی نے کہا کہ ’’پہلے ایسا لگتا تھا کہ فلم کبھی نہیں بنے گی، مگر اب راجو (راجکمار ہیرانی) اس پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ اور لگتا ہے کہ اب یہ فلم ضرور بنے گی۔‘‘ واضح رہے کہ اس سے قبل ودھو ونود چوپڑا نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’اگلی قسط کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ وہ پچھلی دونوں فلموں سے بہتر ہو۔ اب میرے پاس ایک نیا اور انوکھا آئیڈیا ہے، جس پر میں کام کر رہا ہوں۔‘‘ یہ اعلان تقریباً دو دہائیوں سے جاری غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پہلی دو فلمیں ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ (۲۰۰۳ء) اور ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ (۲۰۰۶ء) نہ صرف سپرہٹ ثابت ہوئیں بلکہ بالی ووڈ میں کامیڈی، جذبات اور سماجی پیغام رسانی کے ایک نئے معیار قائم کیا۔ ۲۰۰۷ء میں فرنچائز کی تیسری فلم ’’منا بھائی چلے امریکہ‘‘ کے عنوان سے ایک ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا تھا، مگر بعد میں اس منصوبے کو اس وقت روک دیا گیا جب اسکرپٹ اپنی پچھلی فلموں کے معیار پر پورا نہ اتر سکا۔ اب ’’منا بھائی ۳‘‘ کی تصدیق نے شائقین میں نئی امید جگا دی ہے، جو سنجے دت اور ارشد وارثی کو ایک بار پھر اپنے پسندیدہ کرداروں میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK