Inquilab Logo

ہندپاک میں فنکار آسان ہدف سیاسی کشیدگی پر انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے

Updated: December 31, 2022, 12:45 PM IST | Mumbai

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ایک امریکی جریدے کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ موقع ملا تو ہندوستانی فلموں میں  دوبارہ کام کروں گی

Pakistani actress Mahira Khan
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان  میں سیاسی کشیدگی اور خراب ماحول کے دوران سب سے زیادہ تنقید اداکاروں پر کی جاتی ہے، کیوں کہ بظاہر وہ سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں۔ماہرہ خان ماضی میں ہندوستان میں بھی کام کر چکی ہیں اور اپنے متعدد انٹرویوز میں وہ اس بات کا برملا اظہار کرتی آئی ہیں کہ وہ موقع ملنے پر دوبارہ ہندوستان میں کام کریں گی۔
 ماہرہ خان نے  شاہ رخ خان کے ساتھ فلم  ’رئیس‘ میں کام کیا تھا اور ان کی جوڑی کو خوب سراہا بھی گیا تھا۔ ماہرہ  نے ماضی میں ہندوستان میں کام کرنے کے تجربے کے متعلق  بات کرتے ہوئے امریکی شوبز میگزین ’ورائٹی‘ کو بتایا کہ انہیں ہندوستان میں کام کرنے کے دوران بہت محبت ملی اور اب بھی ہندوستان میں  ان کے اچھے دوست ہیں، جن سے وہ ابھی تک رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ انہوں نے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے اپنے ہندوستانی دوستوں سے رابطہ منقطع کرلیا بلکہ اب بھی وہ ان سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہتی ہیں اور ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار فن کے دھاگے سے جڑے رہتے ہیں، جس وجہ سے وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ فنکار سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں، اسلئے انہیں نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
 ماہرہ خان کے مطابق پاکستان اور ہندوستان میں فنکار سب سے آسان ہدف ہیں، جنہیں سیاسی کشیدگی کے وقت نشانہ بنایا جاتا ہے اور فنکار سافٹ ٹارگٹ ہونے کی وجہ سے عام طور پر خاموش رہتے ہیں۔ اداکارہ نے پاکستانی اور بھارتی شخصیات کی خاموشی کو ایک دوسرے کی حفاظت سے جوڑا اور کہا کہ دراصل دونوں ممالک کے فنکار خاموش رہ کر خود کو نہیں بلکہ ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی بات سے دوسرے ملک کے فنکار کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی پر بھی اظہار افسوس کیا اور کہا کہ عام طور پر یہ مصنوعی ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK