Inquilab Logo

عائشہ تاکیہ نے پھالگونی پاٹھک کے میوزک ویڈیو سے آغاز کیا

Updated: April 10, 2024, 10:01 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سلمان خان کی فلم ’وانٹیڈ‘ ایک بہت ہی زیادہ شہرت حاصل کرنے والی فلم بنی تھی۔ اس فلم سے سلمان خان دوبارہ اپنے عروج پر پہنچ گئے تھے۔

Ayesha Takia has won many awards. Photo: INN
عائشہ تاکیہ کئی ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ تصویر : آئی این این

سلمان خان کی فلم ’وانٹیڈ‘ ایک بہت ہی زیادہ شہرت حاصل کرنے والی فلم بنی تھی۔ اس فلم سے سلمان خان دوبارہ اپنے عروج پر پہنچ گئے تھے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ جس اداکارہ نے اہم کردار ادا کیا تھا ان کا بھی اس فلم میں برابر کا حصہ تھا۔ اس اداکارہ کا نام عائشہ تاکیہ ہے جو آج کل فلمی دنیا سے دورے اختیار کئے ہوئے ہیں۔ 
 عائشہ تاکیہ نے ۲۰۰۴ء میں ایکشن تھریلر فلم’ٹارزن: دی ونڈر کار سے اپنافلمی سفر شروع کیا تھا۔ اس فلم کیلئے انہیں بہترین نئی اداکارہ کافلم فیئر اور آئیفا ایوارڈ یعنی فلم فیئر بیسٹ ڈیبیوٹ ایوارڈ اور آئی آئی ایف اے (آئیفا) ایوارڈ اسٹار ڈیبیوٹ آف دی ایئر فی میل دیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں ’سوچا نہ تھا‘ (۲۰۰۵ء)، سلام عشق (۲۰۰۷ء)، وانٹیڈ (۲۰۰۹ء) اور پاٹھ شالا(۲۰۱۰ء) شامل ہیں۔ 
 فلم فیئر اور آئیفا کے علاوہ انہیں بنگال فلم جرنلسٹ اسوسی ایشن ایوارڈ اور اسکرین ایوارڈ بھی دیا جاچکا ہے۔ عائشہ تاکیہ نے فلموں میں ہیروئن بننے سے قبل بطور ماڈل میوزک ویڈیو میں کام کیا تھا۔ سب سے پہلے۲۰۰۰ء میں ۱۴؍ سال کی عمر میں عائشہ تاکیہ کو فالگونی پاٹھک کے میوزک ویڈیو ’میری چنر اڑ اڑ جائے‘ میں کام کرنے سے شناخت حاصل ہوئی تھی۔ 
 اس کے بعد سے ہی انہیں میوزک ویڈیو اور ٹی وی کے اشتہارات، فیشن شو اور میگزین کے کور پر کئی مرتبہ دیکھا گیا۔ 
 ۲۰۰۵ء میں تیلگوفلم’سوپر‘ کے ذریعہ انہوں نے جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھا تھا۔ اس کیلئے انہیں اسکرین ایوارڈفار بیسٹ ایکٹریس(کرٹک) دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے چند مزید فلموں میں کام کیا جو باکس آفس پر کوئی کمال دکھانے میں ناکام رہی تھیں۔ ان فلموں میں شادی سے پہلے(۲۰۰۶ء)، کیش (۲۰۰۷ء)، دے تالی (۲۰۰۸ء) اور ۸؍ X ۱۰؍ تصویر(۲۰۰۹ء) شامل ہیں۔ ۲۰۰۶ء میں فلم ’ڈور‘ ان کی زندگی کی اہم فلم ثابت ہوئی جس کی وجہ سے انہیں کئی ایوارڈس کیلئے نامزد کیا گیا تھا جن میں اسکرین ایوارڈ فار بیس ایکٹریس (کرٹکس)، زی سنے ایوارڈ- کرٹکس چوائس بیسٹ ایکٹریس، بنگال فلم جرنلسٹ اسوسی ایشن بیسٹ ایکٹریس ایوارڈ اور اسٹارڈسٹ بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس ایوارڈ شامل ہیں۔ 
 اداکاری کے علاوہ عائشہ تاکیہ جنگلی حیات کے تحفظ کی حمایت کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جانوروں کی فلاح و بہبود کیلئے منعقد ہونے والےکئی سماجی کاموں میں شرکت کرچکی ہیں۔ اس کے علاوہ موسیقی پر مبنی ریلئٹی شو ’سر شیتر‘ میں وہ بطور جج بھی اپنی خدمات دے چکی ہیں۔ انہوں نے ابو عاصم اعظمی کے بیٹے فرحان اعظمی سے شادی کرلی تھی اور ۲۰۱۳ء میں ان کے یہاں ایک بیٹا بھی پیدا ہوا۔ 
 اب ابتدائی دنوں کی بات کی جائے تومعلوم ہوتا ہےکہ عائشہ تاکیہ ممبئی میں ۱۰؍اپریل ۱۹۸۶ءکو پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد گجرات سے تعلق رکھنے والے نشت تاکیہ ریسٹورنٹ کے مالک ہیں جبکہ ان کی والدہ فریدہ تاکیہ برطانوی نژاد مہاراشٹرین خاتون ہیں۔ عائشہ کی چھوٹی بہن کا نام نتاشا ہے۔ انہوں نے چمبور میں واقع سینٹ انتھونیز گرلز ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK