دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ،جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی قانونی امداد کمیٹی نے مقدمے کی کامیاب پیروی کی، این آئی اے کی سخت مخالفت کے باوجود عدالت نے مشروط ضمانت پر رہائی کا فیصلہ دیا۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 1:31 PM IST | Agency | New Delhi
دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ،جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی قانونی امداد کمیٹی نے مقدمے کی کامیاب پیروی کی، این آئی اے کی سخت مخالفت کے باوجود عدالت نے مشروط ضمانت پر رہائی کا فیصلہ دیا۔
ممنوعہ دہشت گرد تنظیم داعش کے رکن ہونے اور جہادی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گزشتہ ۵؍ برسوں سے دہلی کی تہاڑ جیل میں قید محمد وقار لون نامی شخص کی بدھ کو دہلی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے مشروط ضمانت پر رہائی کی عرضی منظور کی۔ملزم محمد وقار لون کا تعلق کشمیر سے ہے۔ اس کی گرفتاری ۱۴؍ اگست۲۰۲۱ء کو عمل میں آئی تھی۔
قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اےنے ملزم کو سپلیمینٹری چارج شیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا تھا۔ملزم کی ماضی میں تین مرتبہ ضمانت عرضداشت مستر د ہوچکی تھی جس کے بعدبدھ کو دہلی ہائی کورٹ نے ضمانت عرضداشت منظور کی۔ ملزم محمد وقار لون کے مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے کی۔ملزم کی ضمانت عرضداشت پر ایڈوکیٹ مجاہد احمد اور ایڈوکیٹ عارف علی نے دہلی ہائی کورٹ میں بحث کی۔
یہ بھی پڑھئے: حجاب سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نظیر نہیں قرار پائے گا
محمدوقار لون پر الزام ہے کہ وہ دیگر ملزمین کے ساتھ مل کر مسلم نوجوانوں اور نو مسلم لوگو ں کی ذہن سازی کرتا تھا اور سوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم نوجوان کو داعش میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے اکساتا تھا۔اسی کے ساتھ جہاد کے تعلق سے لٹریچر اور تقاریر سوشل میڈیا پر شیئرکرتا تھا۔اس مقدمہ میں این آئی اے نے پورے ملک سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ملزمین کو گرفتار کیا تھا جس میں کچھ نو مسلم نوجوان بھی ہیں۔
دہلی ہائی کورٹ میں دوران سماعت ایڈوکیٹ مجاہد احمد نے عدالت کو بتایا تھاکہ ملزم گزشتہ تقریباً ۵؍ سال سے جیل میں ہے اور یو اے پی اے قانون کی دفعہ۱۳؍کے مطابق اگر ملزم پر جرم ثابت بھی ہوگیا تو ملزم کو ۷؍ سال سے زائد کی سزا نہیں دی جاسکتی ہے لہٰذا ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے کیونکہ عدالت عظمیٰ کی گائڈلائن ہے کہ ایسے مقدمات میں جن میں سزائیں ۷؍ سال تک ہوسکتی ہیں، ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ استغاثہ نے ملزمین کے خلاف گواہی کے دینے کیلئے ۱۵۵؍ سرکاری گواہوں کو نامزد کیا ہے جبکہ ابھی تک خصوصی این آئی اے عدالت میں صرف۳۵؍ ہی سرکاری گواہان کی گواہی عمل میں آسکی ہے لہٰذا مقدمہ کی سماعت میں ہونے والی تاخیر سے ملزم کو حاصل بنیادی آئینی حقوق کی خلاف وزری ہورہی ہے۔
محمد وقار لون کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کی این آئی اے کے وکیل نے سخت لفظوں میں مخالفت کی اورعدالت کو بتایا کہ ملزم پر ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کا سنگین الزام ہے اور ملزم مسلم نوجوانوں کی ذہن سازی کرکے انہیں جہاد کرنے پر اکسانے کی کوشش کرتا تھا لہٰذا ملزم کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کو نامنظور کردینا چاہئے کیونکہ اس مقدمہ میں حالانکہ عدالت نے چارج فریم کئے جانے کا حکم دیا ہے لیکن ابھی تک تمام ملزمین کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم پر کشمیر میں بھی مقدمات درج ہیں لہٰذا ملزم کی ضمانت عرضداشت منظور نہیں کی جانی چاہئے۔