Inquilab Logo Happiest Places to Work

منشیات مخالف مہم کے تحت بھیونڈی پولیس کا ریٖل مقابلے کا اعلان، فاتحین کو انعام دیا جائےگا

Updated: August 11, 2026, 11:16 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے بھیونڈی پولیس نے ’ڈرگ فری مہاراشٹر مشن‘ کے تحت ’کیمپس کنیکٹ‘ مہم کے دوران منشیات مخالف ریٖل بنانے کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

DCP Dr. Pawan Bansod. Picture: INN
ڈی سی پی ڈاکٹر پون بنسوڈ۔ تصویر: آئی این این

منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے بھیونڈی پولیس نے ’ڈرگ فری مہاراشٹر مشن‘ کے تحت ’کیمپس کنیکٹ‘ مہم کے دوران منشیات مخالف ریٖل بنانے کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے میں شہریوں کو اپنی تخلیقی صلاحیت کے ذریعے منشیات کے خلاف پیغام دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق مقابلہ ۲؍ زمروں میں منعقد ہوگا جس میں ۱۸؍ سال سے کم اور ۱۸؍ سال سے زائد عمر کے افراد حصہ لے سکیں گے۔ شرکاء کو منشیات کے استعمال کے نقصانات اور اس کے خطرناک اثرات کو اجاگر کرنے والی ریل تیار کرنا ہوگی۔ ریل کی مدت زیادہ سے زیادہ ۱۲۰؍ سیکنڈ مقرر کی گئی ہے اور اسے مقررہ وہاٹس ایپ نمبر ۹۳۷۱۸۵۵۱۰۰؍پر۱۷؍ اگست تک بھیجنا ہوگا۔ مقابلے میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے شرکاء کو بالترتیب لیپ ٹاپ، ٹیلی ویژن اور موبائل فون انعام میں دیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کلیان: ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے مشترکہ مہم

فاتحین کو ۲۰؍اگست کو اوسوال اسکول آڈیٹوریم، بھیونڈی میں منعقد ہونے والی تقریب میں معزز شخصیات کی موجودگی میں انعامات سے نوازا جائے گا۔ پولیس کی یہ بیداری مہم۲۰؍ اگست تک جاری رہے گی۔ ریل مقابلے کے علاوہ شہر کے مختلف اہم مقامات پر رہنمائی و بیداری کیمپ منعقد کئے جائیں گے جبکہ اسکولوں اور کالجوں میں آگاہی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ منشیات کے عادی افراد کے علاج، نشہ ترک کرنے اور بازآبادکاری کے حوالے سے بھی پروگرام منعقد کئےجائیں گے جن میں پونے کے مکتانگن ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ 

ڈی سی پی ڈاکٹر پون بنسوڈ نے کہا کہ مہم کا مقصد طلبہ اور شہریوں کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء سے دور رکھنے کیلئے مؤثر بیداری پیدا کرنا ہے۔ اس تعلق سے انہوں نے باقاعدہ ایک ویڈیو جاری کرکے شہریوں کو اس میں حصہ لینے کی درخواست کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK