• Mon, 14 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بگ باس ۲۰‘‘: ویک اینڈ کا وار میں سلمان خان نے قاضی توقیر کو ’’راک اسٹار‘‘کہا

Updated: September 13, 2026, 10:06 PM IST | Mumbai

مقبول ریئلیٹی شو ’’بگ باس ۲۰‘‘ کا پہلا ’ویک اینڈ کا وار‘ ڈرامے، جذبات اور تفریح سے بھرپور رہا۔ شو کے میزبان نے جہاں بعض کنٹسٹنٹس کو ان کے رویے پر آئینہ دکھایا، وہیں گلوکار قاضی توقیر کی کھل کر تعریف بھی کی۔ سلمان نے قاضی کو گھر کا ’واحد راک اسٹار‘ قرار دیا۔

Salman Khan And Qazi Touqeer.Photo:INN
قاضی توقیر اور سلمان خان۔ تصویر:آئی این این

مقبول ریئلیٹی شو ’’بگ باس ۲۰‘‘ کا پہلا ’ویک اینڈ کا وار‘ ڈرامے، جذبات اور تفریح سے بھرپور رہا۔ شو کے میزبان  نے جہاں بعض کنٹسٹنٹس کو ان کے رویے پر آئینہ دکھایا، وہیں گلوکار  قاضی توقیر  کی کھل کر تعریف بھی کی۔ سلمان نے قاضی کو گھر کا ’واحد راک اسٹار‘  قرار دیا، جس کے بعد قاضی جذباتی ہوگئے۔   ویک اینڈ کا وار کے دوران سلمان خان نے قاضی توقیر کے منفرد انداز اور ان کی انٹرٹینمنٹ سے بھرپور شخصیت کی تعریف کی۔ سلمان نے کہا کہ گھر میں کئی اسٹارز موجود ہیں، لیکن  راک اسٹار صرف قاضی توقیر ہیں۔ انہوں نے قاضی کے مشہور انداز ’I Am a Rockstar, Baby!‘ اور ان کے مخصوص ’Owww‘ انداز کی نقل بھی کی، جس سے گھر کا ماحول ہنسی مذاق سے بھر گیا۔ سلمان نے گھر کے دیگر اراکین  سے بھی قاضی کے مخصوص انداز کو دُہرانے کے لیے کہا۔ قاضی نے بھی اپنے روایتی جوشیلے انداز میں ’I Am a Rockstar Baby‘ کہا، جس پر سلمان سمیت تمام گھر والے محظوظ ہوئے۔ قاضی کا یہ انداز پہلے ہی سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہوچکا ہے اور ان کا یہ جملہ شو کی نمایاں پہچان بنتا جارہا ہے۔ 
سلمان خان نے صرف قاضی کے تفریحی انداز کی تعریف نہیں کی بلکہ ان کے کریئر کے اتار چڑھاؤ اور جدوجہد کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے قاضی کو سمجھایا کہ شوبز میں کامیابی ہمیشہ مستقل نہیں رہتی، لیکن صلاحیت، محنت اور صبر انسان کو دوبارہ اپنی جگہ بنانے کا موقع دیتے ہیں۔ سلمان نے قاضی کی جدوجہد کو سمجھانے کے لیے اداکار  بوبی دیول اور ہالی ووڈ اسٹار  جان ٹراولٹا  کی مثالیں بھی دیں۔ ان کا مقصد یہ بتانا تھا کہ کسی فنکار کا کریئر ایک مرحلے پر کمزور ہوسکتا ہے، لیکن اگر وہ ہمت نہ ہارے تو دوبارہ کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ سلمان کی باتیں سن کر قاضی جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں نمی نظر آئی۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’حیوان‘‘نے پریہ درشن کی غیرمزاحیہ فلموں کے کمزورباکس آفس ریکارڈکو دراز کردیا

قاضی توقیر اس سے قبل’ ’فیم گرکل‘‘  جیت کر شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ ’’بگ باس ۲۰‘‘ میں داخل ہونے کے بعد ان کی منفرد شخصیت، گانے، ڈرامائی انداز اور ’I Am a Rockstar Baby‘ جیسے جملوں نے انہیں ابتدائی ہفتے ہی میں نمایاں کنٹسٹنٹ بنا دیا ہے۔ ان کے انداز کو نہ صرف گھر میں بلکہ باہر بھی خاصی توجہ مل رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ سلمان خان نے جہاں قاضی کی شخصیت اور ان کے انٹرٹیننگ انداز کی تعریف کی، وہیں گھر میں ان کے بعض رویوں پر ناراضگی بھی ظاہر کی۔ گزشتہ دنوں قاضی نے ایسا ڈرامہ کیا تھا جس سے گھر کے دیگر افراد ان کی طبیعت کو لے کر پریشان ہوگئے تھے۔ سلمان نے اس معاملے میں قاضی کو تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تفریح اور ڈرامہ اپنی جگہ، لیکن کسی ایسی حرکت سے گریز کرنا چاہیے جس سے باقی کنٹسٹنٹس غیر ضروری طور پر خوفزدہ یا پریشان ہوں۔  
اس ویک اینڈ کا وار میں  ماہی وِج  بھی سلمان خان کے نشانے پر رہیں۔ سلمان نے ان کے رویے اور گھر کے معاملات میں ان کے طرزِ عمل پر سوال اٹھائے اور انہیں اپنے رویے پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔ یوں قاضی کی تعریف اور ڈانٹ کے ساتھ ماہی وج کو بھی سلمان کی سخت باتوں کا سامنا کرنا پڑا۔  دوسری جانب گھر میں  امن گاندھی اور آصف خان  کے درمیان تنازع نے بھی شدت اختیار کی۔ دونوں کے درمیان بحث اس قدر بڑھ گئی کہ معاملہ گالی گلوچ تک پہنچ گیا۔ ویک اینڈ کا وار میں سلمان نے گھر کے ماحول میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور کنٹسٹنٹس کے ایک دوسرے کے ساتھ برتاؤ پر بھی توجہ دلائی۔ 

میسی کا شاندار گول بھی انٹر میامی کو نیش وِل کے خلاف فتح نہ دلا سکا، مقابلہ برابری پرختم

پہلے ویک اینڈ کا وار میں سلمان خان نے صرف ڈانٹ ڈپٹ تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ کنٹسٹنٹس کو یہ بھی سمجھایا کہ  بگ باس کے گھر میں صرف موجود رہنا کافی نہیں، بلکہ اپنی شخصیت، رویے اور کارکردگی سے ناظرین پر اثر چھوڑنا بھی ضروری ہے۔  انہوں نے شو میں ان کنٹسٹنٹس کی جانب بھی اشارہ کیا جو سمجھتے ہیں کہ وہ بہت کچھ کررہے ہیں، لیکن اسکرین پر ان کی سرگرمیاں اتنی نمایاں نہیں ہو رہیں۔ 
’’بگ باس ۲۰‘‘ کا پہلا ویک اینڈ کا وار اس لحاظ سے بھی خاص رہا کہ  پہلے ہفتے کسی کنٹسٹنٹ کو گھر سے باہر نہیں کیا گیا۔ تاہم نامزدگی اور ’خطرے کے فرمان‘ سے متعلق سرگرمیوں نے آنے والے دنوں میں مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔  مجموعی طور پر ’’بگ باس ۲۰‘‘ کے پہلے ویک اینڈ کا وار میں  قاضی توقیر سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے کنٹسٹنٹ  بن کر ابھرے۔ سلمان خان کی جانب سے انہیں ’راک اسٹار‘ کہنا، ان کی جدوجہد کو تسلیم کرنا اور پھر جذباتی لمحے میں قاضی کا آنسوؤں پر قابو نہ رکھ پانا اس ایپی سوڈ کا سب سے یادگار حصہ بن گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK