Updated: February 21, 2026, 6:05 PM IST
| Mumbai
جسو، جینی، لیزا اور روز پر مشتمل K-pop (کے پوپ) سپر گروپ BLACKPINK (بلیک پنک) نے یوٹیوب پر ۱۰۰؍ ملین سبسکرائبرز مکمل کرکے تاریخ رقم کر دی۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا پہلا آفیشل آرٹسٹ چینل بن گیا، جبکہ یوٹیوب نے انہیں خصوصی ریڈ ڈائمنڈ کریئیٹر ایوارڈ سے نوازا۔
بلیک پنک گروپ کی اداکارائیں ریڈ ڈائمنڈ کریئیٹر ایوارڈ کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
عالمی شہرت یافتہ K-pop گرل گروپ BLACKPINK نے یوٹیوب پر ۱۰۰؍ ملین سبسکرائبرز عبور کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس سنگ میل کے ساتھ وہ پہلا آفیشل آرٹسٹ چینل بن گیا ہے جس نے یہ ہدف حاصل کیا۔ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے گروپ کو خصوصی ’’ریڈ ڈائمنڈ کریئیٹر ایوارڈ‘‘ پیش کیا اور BLINKs (اس گروپ کے مداح بلنکس کہلاتے ہیں ) کو مبارکباد دی۔ بلیک پنک نے گزشتہ برسوں میں یوٹیوب پر متعدد ریکارڈ توڑے۔ ان کے نو میوزک ویڈیوز ایک ارب سے زائد ویوز حاصل کر چکے ہیں، جن میں یہ نغمے قابل ذکرہیں:
DDU-DU DDU-DU
Kill This Love
How You Like That
BOOMBAYAH
Pink Venom
مزید یہ کہ لیزا اور جینی کے سولو ٹریکس بھی ارب ویوز کی حد عبور کر چکے ہیں۔
’’پنک وینم‘‘ نے پہلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ۹۰؍ ملین سے زائد ویوز حاصل کیے جبکہ ’’ہاؤ یو لائک دیٹ‘‘ نے ۸۶؍ ملین سے زیادہ ویوز کے ساتھ تاریخ رقم کی۔ لیزا کا سولو گانا LALISA بھی پہلے دن کے سب سے بڑے ڈیبیوز میں شامل رہا۔
گروپ کی ایجنسی وائی جی انٹرٹینمنٹ نے انسٹاگرام پر چاروں ممبرز کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ ریڈ ڈائمنڈ پلے بٹن کے ساتھ خوش نظر آئیں۔پیغام میں لکھا گیا: ’’بلنکس تھینک یو!‘‘ اور مداحوں کی مسلسل حمایت کو اس کامیابی کا اصل سبب قرار دیا گیا۔
یہ سنگ میل ایسے وقت میں آیا ہے جب بلیک پنک اپنا تیسرا منی البم ’’ڈیڈ لائن‘‘ ۲۷؍ فروری کو ریلیز کرنے جا رہا ہے۔ تین سال بعد بطور مکمل گروپ یہ ان کی پہلی بڑی ریلیز ہوگی۔ لیڈ سنگل ’’جمپ‘‘ کے علاوہ البم میں ’’گو‘‘، ’’آئی اینڈ مائن‘‘، ’’چیمپئن‘‘ اور ’’فیکس بوائے‘‘ شامل ہوں گے۔ گروپ حال ہی میں ۱۶؍ شہروں میں ۳۳؍ شوز پر مشتمل اپنے بڑے ورلڈ ٹور کو مکمل کر چکا ہے۔