Inquilab Logo Happiest Places to Work

زہرہ جولی کی گریجویشن تقریب میں بریڈ پٹ کی غیر موجودگی نے پھر سوال اٹھائے

Updated: May 19, 2026, 7:01 PM IST | Los Angeles

بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان خاندانی دوریاں ایک بار پھر اس وقت موضوعِ بحث بن گئیں جب ان کی بیٹی Zahara Jolie کی گریجویشن تقریب میں بریڈ پٹ موجود نہیں تھے۔ زہرہ نے اسپیل مین کالج سے سائیکالوجی میں ڈگری حاصل کی، جبکہ انجلینا اپنے دیگر بچوں کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئیں۔ رپورٹس کے مطابق بریڈ نے نہ تو تقریب میں شرکت کی اور نہ ہی زہرہ سے رابطہ کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے سابق طاقتور جوڑے بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ اس مرتبہ توجہ ان کی بیٹی زہرہ جولی کی گریجویشن تقریب پر مرکوز رہی، جہاں بریڈ پٹ کی غیر موجودگی نے سوشل میڈیا اور مداحوں کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی۔ زہرہ نے حال ہی میں Spelman College سے سائیکالوجی میں بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ گریجویشن تقریب میں ان کی والدہ انجلینا جولی اپنے بیٹوں ناکس، پیکس اور میڈوکس کے ساتھ شریک ہوئیں، تاہم بریڈ پٹ کہیں نظر نہیں آئے۔

یہ بھی پڑھئے : نوازالدین صدیقی نے اپنی محنت اور لگن سے اعلیٰ مقام حاصل کیا

امریکی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ٹی ایم زی کی رپورٹ کے مطابق بریڈ نے نہ صرف تقریب میں شرکت نہیں کی بلکہ گریجویشن ویک اینڈ سے قبل زہرہ سے رابطہ بھی نہیں کیا۔ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ انہوں نے تقریب کے ٹکٹس یا شرکت سے متعلق کوئی معلومات حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔

قریبی ذرائع نے ٹی ایم زی کو بتایا کہ ’’زہرہ کی ماں اور بہن بھائی، جو اس کے چار اہم تعلیمی برسوں کا حصہ رہے، تقریب میں موجود تھے اور اس کی کامیابی کا جشن منا رہے تھے۔‘‘ تقریب کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک اور پہلو نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ جب زہرہ اسٹیج پر اپنا ڈپلومہ لینے پہنچیں تو ان کا تعارف ’’زہرہ مارلے جولی‘‘ کے نام سے کرایا گیا۔ مداحوں نے فوراً نوٹ کیا کہ انہوں نے دوبارہ ’’پٹ‘‘ کنیت استعمال نہیں کی۔

یہ بھی پڑھئے : عامر خان نے’ ’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ کا موازنہ ’شعلے‘ سے کیا

گزشتہ چند برسوں سے جولی پٹ خاندان میں کنیت تبدیل کرنے کا معاملہ بار بار سرخیوں میں آتا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق زہرہ ان بچوں میں شامل تھیں جنہوں نے سب سے پہلے عوامی سطح پر ’’پٹ‘‘ نام استعمال کرنا چھوڑا۔ بعد میں Shiloh Jolie نے بھی ۱۸؍ سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد قانونی طور پر اپنے نام سے ’’پٹ‘‘ ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔ اسی طرح Vivienne Jolie کو براڈوے پروجیکٹ The Outsiders میں صرف ’’ویوین جولی‘‘ کے نام سے کریڈٹ دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ انجلینا جولی نے زہرہ کو ایتھوپیا سے گود لیا تھا جب وہ صرف سات ماہ کی تھیں، جبکہ بعد میں بریڈ پٹ نے بھی انہیں قانونی طور پر گود لے لیا۔ بریڈ اور انجلینا ۲۰۰۳ء سے ایک ساتھ تھے اور ۲۰۱۴ء میں شادی کے بندھن میں بندھے، تاہم ۲۰۱۶ء میں ان کی علیحدگی نے ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث قانونی جنگوں میں سے ایک کو جنم دیا۔ اگرچہ دونوں دسمبر ۲۰۲۴ء میں باضابطہ طور پر طلاق مکمل کر چکے ہیں، لیکن فرانسیسی وائنری Chateau Miraval کی ملکیت پر قانونی تنازع اب بھی جاری ہے۔ بریڈ پٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ انجلینا نے ان کی اجازت کے بغیر اپنا حصہ فروخت کیا، جبکہ انجلینا نے دعویٰ کیا کہ بریڈ انہیں سخت رازداری کے معاہدے پر دستخط کرنے پر مجبور کر رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK