• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانوی ریپر سینٹرل سی کا لائیو اسٹریم میں کلمہ شہادت پڑھ کر قبولِ اسلام

Updated: February 07, 2026, 6:17 PM IST | London

لندن کے مشہور ریپر Central Cee (سینٹرل سی) نے ایک لائیو اسٹریم میں باقاعدہ کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اب مسلمان ہیں اور نام بھی تبدیل کیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر مداحوں نے جذباتی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کے اس قدم کو دنیا بھر میں بڑی توجہ مل رہی ہے کیونکہ وہ موسیقی کی دنیا میں اپنی علاحدہ شناخت رکھتے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

برطانیہ کے مشہور ریپر سینٹرل سی نے گزشتہ دن ایک لائیو اسٹریم کے دوران کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا، جو ان کی ذاتی اور روحانی زندگی کا ایک اہم موڑ سمجھا جا رہا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر براہِ راست نشر ہونے والے لائیو سیشن میں کیا، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کلمہ پڑھ لیا ہے اور وہ اب مسلمان ہیں۔ اس موقع پر ساتھ موجود دوستوں نے انہیں مسلمان ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ سینٹرل سی نے کہا کہ ’’مَیں نے بس ابھی اپنا نام تبدیل کیا ہے اور کلمہ پڑھا ہے۔ مَیں اب مسلمان ہوں۔‘‘

سینٹرل سی کا اصل نام اوکلی نیل سیزر سو ہے۔ وہ ۴؍ جون ۱۹۹۸ء کو لندن (برطانیہ) میں پیدا ہوئے۔ مغربی لندن کے ڈرل میوزک سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے منفرد انداز اور گہرے بول کے باعث عالمی سطح پر مقبول ہوئے ہیں۔ ان کا کریئر ۲۰۱۴ء میں شروع ہوا تھا۔ انہوں نے ’’فائر اِن دی اسٹریٹس‘‘ سیریز میں شناخت حاصل کی اور ۲۰۲۰ء ریلیز ہوئے نغمہ ’’ڈے اِن دی لائف‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیاں عطا کیں۔ ان کے البم ’’کانٹ رَش گریٹنیس‘‘ نے ۲۰۲۵ء میں شاندار کامیابی حاصل کی، جس سے وہ برطانیہ کے سب سے زیادہ اسٹریم ہونے والے ریپرز میں شامل ہو گئے۔ ریپر نے اپنے اعلان میں یہ بھی بتایا کہ انہوں نے نام تبدیل کیا ہے، لیکن نئے مسلم نام کی رسمی طور پر عوامی تشہیر نہیں کی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی نئی شناخت اور نام پر قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں اور کچھ نے ان کے نئے اسلامی نام کے متعلق تجاویز بھی دی ہیں جن میں ’’یوسف‘‘ کافی مقبول ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسپین: وزیرِاعظم کا سخت مؤقف، کہا بچوں کو سوشل میڈیا کے زہر سے بچانا ہوگا

ان کے اس اعلان پر دنیا بھر میں صارفین نے مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بہت سے مداحوں نے ان کیلئے دعائیں کیں اور نئے سفر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سینٹرل سی نے پہلے کبھی بھی اپنے مذہبی عقائد کو منظرِ عام پر واضح طور پر بیان نہیں کیا تھا۔ ان کا یہ فیصلہ موسیقی اور پرفارمنس کی دنیا میں ایک اہم موڑ سمجھا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے قبول اسلام کے ویڈیوز اور کلپس وائرل ہو رہے ہیں، جن میں سینٹرل سی کی گفتگو اور لائیو اسٹریم کا وہ حصہ بھی شامل ہے جس میں وہ خود اسلام قبول کرنے کا اعلان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بہت سے صارفین نے اس قدم کو ذاتی ایمان کی مضبوطی اور اندرونی تبدیلی قرار دیا ہے جبکہ کچھ نے اسے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے ثقافتی ملاپ اور معنوی رجحانات کی عکاسی بھی کہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK