• Tue, 13 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنڈس لیگا: بائرن میونخ کا وولفسبرگ پر قہر،۸؍گول کی تاریخی فتح

Updated: January 12, 2026, 9:31 PM IST | Munich

جرمن فٹبال لیگ میں بائرن میونخ نے سالِ نو کا آغاز انتہائی دھماکے دار انداز میں کیا ہے۔ میونخ کے منجمد کر دینے والے درجہ حرارت میں کھیلے گئے میچ میں بائرن نے وولفسبرگ کے دفاع کو پرخچے اڑاتے ہوئے ۱۔۸؍گول سے عبرتناک شکست دے دی۔

Bayern Player.Photo:INN
بائرن کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

جرمن فٹبال لیگ میں بائرن میونخ نے سالِ نو کا آغاز انتہائی دھماکے دار انداز میں کیا ہے۔ میونخ کے منجمد کر دینے والے درجہ حرارت میں کھیلے گئے میچ میں بائرن نے وولفسبرگ کے دفاع کو پرخچے اڑاتے ہوئے ۱۔۸؍گول سے عبرتناک شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی بائرن میونخ نے بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم پر۱۱؍ پوائنٹس کی بھاری برتری حاصل کر لی ہے۔
بائرن میونخ  نے میچ کے دوسرے ہاف میں چھ گول داغ کر وولفسبرگ کو مقابلے سے مکمل طور پر باہر کر دیا۔ مائیکل اولیز نے دو شاندار گول کیے، جبکہ ہیری کین اور لوئس ڈیاز نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ متبادل کھلاڑیوں رافیل گویریرو اور لیون گوریٹزکا نے بھی گول اسکور کیے، جبکہ وولفسبرگ کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے دو اون گولز  (Own Goals) بھی بائرن کے کھاتے میں آئے۔
میچ میں وولفسبرگ کے لیے واحد خوشی کا لمحہ۱۳؍ ویں منٹ میں آیا جب پیزینووچ نے گول کر کے مقابلہ ۱۔۱؍گول  سے برابر کر دیا تھا۔ تاہم اس کے بعد بائرن نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ میچ کے دوران اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین ٹخنے کی چوٹ کا شکار ہوئے لیکن طبی امداد کے بعد انہوں نے دوبارہ کھیل جاری رکھا۔

یہ بھی پڑھئے:سونے اور چاندی کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئیں

بائرن میونخ  نے رواں سیزن کے ۱۶؍ میچوں میں مجموعی طور پر ۶۳؍ گول اسکور کیے ہیں، جو کہ اوسطاً تقریباً ۴؍گول فی میچ بنتے ہیں۔ بائرن مارچ سے اب تک بنڈس لیگا میں کوئی میچ نہیں ہارا اور وہ یورپ کی پانچ بڑی لیگز میں واحد ناقابلِ شکست ٹیم ہے۔بائرن کی برتری اس لیے بھی بڑھ گئی کیونکہ ان کے قریبی حریفوں کو اس ہفتے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے:نرملا سیتا رمن کی توجہ متوسط طبقے کے ٹیکس دہندگان پر مرکوز ہو سکتی ہے

بنڈس لیگا کے دیگر میچوں میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے فرینکفرٹ کے خلاف میچ ۳۔۳؍ سے ڈرا کیا۔ بائر لیورکوزن کو اسٹٹگارٹ کے ہاتھوں ۱۔۴؍گول  سے شکست ہوئی۔ لائپزگ کا میچ شدید برف باری کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ ایک اور میچ میں بوروسیا مونچن گلاڈباخ نے آگسبرگ کو۰۔۴؍گول  سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK