Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانز کریٹکس ویک ۲۰۲۶ء: پائل کپاڈیہ جیوری کی صدر مقرر

Updated: April 23, 2026, 3:58 PM IST | Mumbai

ہندوستانی فلم ساز پائل کپاڈیہ کو Cannes Film Festival کے کریٹکس ویک ۲۰۲۶ء کے ۶۵؍ ویں ایڈیشن کی جیوری کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ گراں پری جیتنے کے بعد یہ ان کے کریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کے ساتھ عالمی فلمی شخصیات جیوری میں شامل ہوں گی، جبکہ تقریب ۱۳؍ سے ۲۱؍ مئی تک منعقد ہوگی۔

Payal Kapadia. Photo: INN
پائل کپاڈیہ۔ تصویر: آئی این این

بین الاقوامی فلمی دنیا میں ہندوستان کے لیے ایک اور اہم لمحہ آیا ہے۔ معروف ہدایت کار پائل کپاڈیہ جو کانز فلم فیسٹیول کے باوقار سیکشن ’’کریٹکس ویک‘‘ کے ۶۵؍ ویں ایڈیشن کی جیوری کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ یہ تقرری خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ کپاڈیہ نے ۲۰۲۴ء میں اپنی فلم All We Imagine as Light کے لیے کانز میں گراں پری جیت کر عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ ان کی بطور جیوری صدر نامزدگی اس بات کی علامت سمجھی جا رہی ہے کہ ہندوستانی سنیما عالمی فلمی منظرنامے میں مضبوطی سے اپنی جگہ بنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کیا کالکی ۲؍کا نام بدل جائے گا؟ انٹرول ایپیسوڈ کے لیے شاندار سیٹ تیار

جیوری میں ان کے ساتھ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شامل ہوں گی، جن میں کنیڈین اداکار تھیوڈور پیلرین، گلوکارہ اور نغمہ نگار اوکلو، برطانوی گھانوی پروڈیوسر ایما امپادو ، اور فلمی صحافی اور فیسٹیول ڈائریکٹر ڈون ساون کوکارون شامل ہیں۔ کپاڈیہ اس جیوری کی سربراہی کرتے ہوئے تین اہم ایوارڈز پیش کریں گی، جن میں بہترین فیچر فلم کے لیے گرینڈ پرائز، بہترین اداکار یا اداکارہ کے لیے رائزنگ اسٹار ایوارڈ اور بہترین مختصر فلم کے لیے ڈسکوری پرائز شامل ہیں۔

اس سال کریٹکس ویک کے لیے ۱۱؍ فیچر فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں سارہ اسحاق کی ’’دی اسٹیشن‘‘ اور بلیرٹا بشولی کی ’’دعا‘‘ نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ خصوصی اسکریننگ میں پھونگ مئی گیون کی فلم ’’اِن ویوز‘‘ شامل ہوگی، جو اس سیکشن کی تاریخ میں پہلی اینی میٹڈ اوپننگ فلم بننے جا رہی ہے۔ کریٹکس ویک، جو نئے اور ابھرتے ہوئے فلم سازوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، ۱۳؍ سے ۲۱؍ مئی تک منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: کیا کارتک آرین اور سری لیلا کی رومانوی فلم کی شوٹنگ مکمل ہو گئی؟

خیال رہے کہ پائل کپاڈیہ کا فلمی سفر بھی قابل ذکر رہا ہے۔ ان کی مختصر فلمیں Afternoon Clouds اور And What Is the Summer Saying عالمی فلمی میلوں میں نمائش کے لیے منتخب ہو چکی ہیں، جبکہ ان کی دستاویزی فلم A Night of Knowing Nothing نے ۲۰۲۱ء میں کانز میں L’Oeil d’Or ایوارڈ جیتا تھا۔ کپاڈیہ کی بطور صدر تقرری نہ صرف ان کے ذاتی کریئر بلکہ ہندوستانی آزاد سنیما کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہے، جو عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK