Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں ہمیشہ مصروف رہنےمیں یقین رکھتی ہوں، اسلئے ہر میڈیم پر کام کرنا چاہتی ہوں‘‘

Updated: September 17, 2023, 5:08 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

انسٹا گرام سے شہرت پانے والی اداکارہ سیلیسٹی بیراگے ٹی وی شوز اور ویب سیریز میں مصروف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ انڈسٹری میں ابھی نئی ہیں، اسلئے تجربات حاصل کررہی ہیں، آگے فلموں میں بھی کام کریں گی۔

Celesti Bairagey. Photo. INN

رجو ٹی وی شو سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی انفلوئنسر سیلیسٹی بیراگے اس وقت مختلف پروجیکٹ میں مصروف ہیں۔آسام سےتعلق رکھنے والی خوبصورت اور نوجوان اداکارہ نے بالی ووڈ کی طرف بھی دیکھنا شروع کردیا ہے۔انسٹاگرام سے شہرت پانے والی سیلیسٹی نے حال ہی میں ایک ویب سیریز کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ میکا سنگھ کے ایک ویڈیو البم میں نظر آنے والی ہیں ۔ سیلیسٹی کو اپنے ہنر کو پیش کرنے کا جوش ہے اور وہ اس کیلئے ہمیشہ کوشش کرتی رہتی ہیں ۔ ٹی وی شوز میں ڈیلی سوپس کے ساتھ ہی ریئلیٹی شوز میں بھی انہیں کام کرنا پسند ہے۔ نمائندہ انقلاب سے ان سےبات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
شو بز انڈسٹری سے کس طرح وابستہ ہوئیں ؟
 ج: مجھے بچپن ہی سے ٹیچر بننا چاہتی ہوں اور میں اب بھی اپنے اس خواب کو پورا کرنا چاہتی ہوں ۔ تعلیم کے دوران مجھے ڈراموں اوراسٹیج شوزمیں لطف آنے لگا تھا۔ اس کے بعد جب کالج میں آئی تو میں نے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کیا اوراس کیلئے فلم اسٹڈی کا موضوع منتخب کیا۔ کالج کے شوز اور ڈراموں میں بھی سرگرم رہی۔لاک ڈاؤن میں انسٹا گرام پر اپنا اکاؤنٹ شروع کیا اور چھوٹی چھوٹی ریلس بنانی شروع کردی۔ میں آسامی ہوں تو وہاں کے مقامی چیزوں کو اپنے اداکاری کے ہنر کے ذریعہ پیش کرتی تھی۔ شروعات میں کم ریلس بناتی تھی لیکن جب شہرت ملی تومیں نے زیادہ ویڈیوز بنانا شروع کر دیا تھا۔ اس طرح ریلس کی وجہ سے مجھے پہلا شو ملا اور میں اب مختلف پروجیکٹ میں مصروف ہوں ۔ 
ٹی وی شو رجو میں کس طرح موقع ملا ؟
 ج: میں آسام میں مقامی چینلوں کیلئے کام کیا کرتی تھی اور وہاں چھوٹے بڑے رول کیا کرتی تھی۔ اس کے بعد میں اور میرے والدممبئی آگئے کیونکہ میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایک کمپنی دیکھتی ہے۔ اس کمپنی کو میرے تعلق سے ایک پیشکش آئی تھی کہ مجھے رجو کیلئے کاسٹ کیا جاسکتاہے۔ پھر ہم رجو کی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ میٹنگ کیلئے آئے اور اس وقت میرے والد، میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ دیکھنے والی کمپنی اور پروڈکشن کے چند افراد بیٹھے ہوئے تھے۔ میں نےآڈیشن دیا اور آسام لوٹ گئی لیکن ۳؍مہینے کے بعد پتہ چلا کہ میرا انتخاب ہو گیا ہے۔ اس طرح میرارجو میں داخلہ ہوا۔ حالانکہ مجھے شروعات میں معمولی دقت پیش آئی تھی لیکن بعد میں آسانی پیدا ہوگئی ۔ 
 آپ اپنی ویب سیریز کے تعلق سے کچھ بتائیں ؟ 
 ج: ویب سیریز کے بارے میں زیادہ تو نہیں بتا سکتی لیکن اتنا کہہ سکتی ہوں کہ پہلی ویب سیریز ہونے کے سبب مجھے بہت خوشی ہے اور ایک اچھا تجربہ ملا ہے۔ ہم نے آؤٹ ڈور شوٹنگ کی ہے اورمجھے پیشہ ورانہ شوٹنگ کا تجربہ بھی ملا ہے۔میں اپنے کردار کی بات کروں تو یہ ایک پنجابی لڑکی کا رول ہے ، میں نے پنجابی زبان سیکھنے کیلئے ورکشاپس بھی کئے ہیں ۔ اوٹی ٹی میں آپ کو ۶؍ماہ پہلے ہی اسکرپٹ مل جاتی ہے اور اس میں ۶؍ مناظر ہوتے ہیں اسلئے اسے کرنا آسان ہے۔ 
ٹی وی کے بعد ویب سیریز کی طرف کیسے گئیں ؟
ج:رجو کے بعد میں نے یہی فیصلہ کیا تھا کہ میں ٹی وی پر ہی توجہ مرکوز کروں گی لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکاکیونکہ مجھے ویب سیریز کے مسلسل آفرس آرہے تھے۔ایسے بھی میں زیادہ دنوں تک خالی نہیں بیٹھ سکتی تھی کیونکہ میں کام کرنے اور مصروف رہنے میں یقین رکھتی ہوں ، اسلئے میں نے ویب سیریز کیلئے ہامی بھری اور پروڈکشن ہاؤس کو سیلف ٹیسٹ دیا۔ انہوں نے ماک شاٹ کیلئے کال کی اور میں اس میں کامیاب ہوگئی۔ اس کے بعد ویب سیریز کا اچھا تجربہ رہا۔ مجھے اس کے کیمروں اور دیگر چیزوں کے بارے میں معلومات ملی۔ 
آپ نے ٹی وی سے شروعات کی ،اس کے بعد ویب سیریز، کیا اگلا ہدف فلم ہے؟
ج: میں نے طے کیا تھا کہ پہلے ٹی وی سے شروعات کرنی ہے اوریہاں کچھ سال گزارنے ہیں لیکن اسی دوران مجھے ویب سیریز کی پیشکش ہوئی اور رول اچھا لگا تو میں نے اس میں قسمت آزمالی۔ میں نے ابھی تک ایسا کچھ طے نہیں کیا ہے کہ مجھے کس میڈیم پر کام کرنا ہے ، جہاں بھی اچھا رول اور اچھاکام ملے گا میں وہاں کام کروں گی۔ میں نے پہلے ہی کہا ہے کہ میں مصروف رہنا پسند کرتی ہوں ۔ میں تینوں میڈیم پر ایک ساتھ بھی کام کرسکتی ہوں ۔
ریئلیٹی شوز کے بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گی؟
ج: ریئلیٹی شوز میں بھی میری دلچسپی ہے خصوصی طورپر میں خطروں کے کھلاڑی کا حصہ بننا چاہتی ہوں ۔ یہ شو بہت اچھا لگتاہے اور اس میں اسٹنٹ کے ساتھ ساتھ موج مستی کرنے کا بھی موقع ملتاہے۔ اس میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسٹنٹ کئے جاتے ہیں، اسلئے میں اس کا حصہ بننا چاہتی ہوں ۔ دوسرا شو بگ باس ہے ، میں اس میں بھی شرکت کرنے کی متمنی ہوں ۔ اس میں ہمیں خود کو ظاہر کرنے کا موقع ملتا ہے اور میں نے بگ باس کو بہت دیکھا ہے اسلئے اگرقسمت نے موقع دیا تو میں ضرور اس میں شرکت کروں گی۔ 
آپ اپنے ویڈیو البم کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج: یہ میکا سنگھ کا گایا ہوا گیت ہے جس میں مجھے اور سدھارتھ کو کاسٹ کیا گیاہے۔ یہ گیت گنیش چترتھی کیلئے بنایاگیاہے۔ میکا کے چاہنے والے بہت ہیں ۔ اس البم کے ذریعہ مجھے بھی اپنے رقص کے فن کو ظاہر کرنے کا موقع ملا ہے۔ سدھارتھ اور میری جوڑی اسکرین پر بہت اچھی نظرآرہی ہے۔
انڈسٹری میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہاہے؟ 
ج: آسام میں ، میں مقامی سطح پر کام کیا کرتی تھیجہاں میرے سامنے ایک کیمرہ اور ایک فوٹو گرافر ہوتا تھا اس کے علاوہ اسکرپٹ اور ڈائیلاگ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھی۔ممبئی آنے کے بعد پتہ چلا کہ فلم اور ٹی وی انڈسٹری کتنی بڑی ہے۔ یہاں پر کام کرنے کاتجربہ بالکل الگ ہے۔ کئی کیمرے ہوتے ہیں ، لائٹس کے بھی الگ الگ نام ہوتے ہیں اور سبھی اپنے کام کو صحیح ڈھنگ سے انجام دیتے ہیں ۔ میں آسام سے آئی ہوں جہاں لوگ بہت دھیمے لہجے میں بات کرتے ہیں اور ممبئی میں جس طرح کی زبان استعمال کی جاتی ہے وہ تھوڑی تیز ہے اسلئے شروعات میں جب مجھ سے سیٹ پر بات چیت ہوتی تھی تو ایسا لگتا تھا کہ مجھے ڈانٹا جارہا ہے لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا کہ نہیں یہاں کے لوگ اچھے ہیں ، دراصل ممبئی کی زبان ہی تھوڑی سخت اور تیز ہے۔ حالانکہ مجھے زیادہ پریشانی برداشت نہیں کرنی پڑی تھی۔ 
آپ اور عالیہ کی شکل میں کافی مشابہت ہے، کیا کبھی ملاقات ہوئی ہے، شائقین کا ردعمل کیسا ہوتاہے؟
ج: عالیہ بھٹ انڈسٹری کی کامیاب اور پسند کی جانے والی اداکارہ ہیں ۔ ان کے جیسا نظر آنا بھی اپنے آپ میں بڑی بات ہے۔ جب شائقین مجھے کہتے ہیں کہ میں ان کی طرح نظرآتی ہوں تو اچھا لگتاہے لیکن کچھ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ میں عالیہ بھٹ کی طرح اداکاری بھی کرتی ہوں ۔ یہ مجھے اچھا نہیں لگتاکیونکہ مجھے سبھی اپنی اپنی فطری اداکاری کرتے ہیں ۔ عالیہ بھٹ سے ابھی تک ملاقات کاشرف نہیں مل سکا ہے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ یہ ملاقات ایک نہ ایک دن ضرور ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK