Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس سے قربت؟ روہت پوار پارٹی کور کمیٹی کی میٹنگ سے غائب

Updated: August 30, 2026, 11:45 AM IST | Mumbai

پارٹی کے بانی شرد پوار ( جو رشتے میں روہت پوار کے دادا ہیں ) کی موجودگی میں سنیچر کے روز ممبئی میں کور کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں پارٹی کے تمام اہم لیڈران شریک ہوئے لیکن روہت وپوار اس میٹنگ سے غائب رہے۔ اسکی وجہ سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔

NCP MLA Rohit Pawar. Photo: INN
این سی پی رکن اسمبلی روہت پوار۔ تصویر: آئی این این

این سی پی (شرد) کے نوجوان رکن اسمبلی روہت پوار کے ارادے ان دنوں کچھ اور ہی نظر آ رہے ہیں۔ پارٹی کے بانی شرد پوار ( جو رشتے میں روہت پوار کے دادا ہیں ) کی موجودگی میں سنیچر کے روز ممبئی میں کور کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں پارٹی کے تمام اہم لیڈران شریک ہوئے لیکن روہت وپوار اس میٹنگ سے غائب رہے۔ اسکی وجہ سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔ 
اطلاع کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے کانگریس سے ان کی قربت بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ساتھ ہی وہ پارٹی کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے (ممکنہ ) فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اسی بنا پر وہ پارٹی کی پالیسیوں سے فاصلہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کور کمیٹی کی میٹنگ سے ان کی غیر حاضری نے ان بحثوں کو مزید تقویت دی ہے۔ یاد رہے کہ سنیچر کے روز ممبئی میں ہوئی پارٹی کی میٹنگ کا اعلان کافی پہلے کر دیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں شرد پوار کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر ششی کانت شندے، رکن اسمبلی جتیندر اوہاد، سابق رکن اسمبلی ہرش وردھن پاٹل، اشوک پوار، راجندر شنگنے، انل دیشمکھ اور رکن پارلیمان نیلیش لنکے جیسے اہم لیڈران موجود تھے۔ یہ میٹنگ ۱۰؍ دن قبل ریاست کے تمام پارٹی ضلع صدور کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں پیش کئے گئے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے بلائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: آن لائن کوچنگ کے فیصلے پر کانگریس نے سوال قائم کئے

روہت پوار، جو پارٹی کی فیصلہ سازی کے عمل میں ہمیشہ سب سے آگے رہتے ہیں، میٹنگ سے غیر حاضر رہے، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ ذرائع کے مطابق وہ پارٹی کے بعض فیصلوں اور این ڈی اے میں شامل ہونے کے امکان سے ناراضگی کی وجہ سے میٹنگ سے دور رہے۔ اس دوران کہا جاتا ہے کہ روہت پوار نے پارٹی کے ریاستی صدر ششی کانت شندے کو پہلے ہی اپنی غیر موجودگی کی اطلاع دے دی تھی۔ یاد رہے کہ روہت پوار اس سے قبل بھی ایک میٹنگ میں شرد پوار کی موجودگی میں این ڈی اے میں شامل ہونے کے سوال پر ناراض ہو گئے تھے اور میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس میٹنگ میں کئی اراکین نے اقتدار سے قریب رہنے کی خاطر این ڈی اے میں شامل ہونے کی وکالت کی تھی۔ 
کہا جا رہا ہے کہ سنیچر کی میٹنگ سے قبل بھی میڈیا میں یہ بحث جاری تھی کہ کیا یہ میٹنگ دونوں این سی پی کے انضمام کا باعث بنے گی یا پارٹی این ڈی اے میں شامل ہوجانے کا فیصلہ کرے گی؟ تاہم میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی صدر ششی کانت شندے نے ان تمام باتوں کو مسترد کردیا۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ آج کی میٹنگ میں انضمام کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ہمیں ایسی کوئی تجویز موصول ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ شندے نے واضح کیا کہ پارٹی اکتوبر سے ریاست بھر میں دورے شروع کرے گی اور تنظیمی تبدیلیوں میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ روہت پوار ان دنوں کانگریس سے زیادہ قریب نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ پونے میں راہل گاندھی کے استقبال کیلئے کانگریس لیڈران سے زیادہ روہت پوار نے بینر لگائے تھے۔ پھر وہ راہل کے ساتھ پروگرام میں بھی شریک ہوئے۔ اس قبل بھی وہ راہل گاندھی کے ساتھ نظر آ چکے ہیں۔ اسلئے سوال پوچھا جا رہا ہے کہ کیا وہ اپنی پارٹی چھوڑ کانگریس خیمے میں جانے پر غور کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK