• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہنگولی: ٹرین کے ریزرو کوچ میں نوجوان کو آرپی ایف اہلکارنے پیٹا

Updated: October 23, 2026, 4:05 PM IST | ZA Khan | Hingoli

بھگت کی کوٹھی- کاچی گوڑہ ٹرین کے ریزرو ڈبے میں آرپی ایف اہلکاروں کے ذریعہ کی جانے والی مبینہ مارپیٹ کے خلاف ایف آئی آر کیلئے ہنگولی اسٹیشن پر ٹرین کو احتجاجاً روکا گیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ناگپور سے ہنگولی آنے والے ایک نوجوان کو ’بھگت کی کوٹھی کاچی گوڑہ ٹرین‘ کے ریزرو ڈبے میں ریلوے پولیس کے اہلکاروں کے ذریعہ پیٹے جانے کے خلاف ہنگولی اسٹیشن پرامبیڈکر وادی افراد نے جم کر احتجاج کیا۔ رپورٹ کے مطابق ریزرو ڈبے میں سفرکی وجہ سے ریلوے پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر مارپیٹ کی گئی ۔

اس معاملے میں خاطی پولیس اہلکار کے خلاف کیس درج کرنے کے مطالبے پر جمعرات۲۲؍ اکتوبر کی علی الصبح امبیڈکر وادی افراد نے ہنگولی ریلوے اسٹیشن پر بھگت کی کوٹھی سے کاچی گوڑہ جانے والی ٹرین کو تقریباً ڈھائی گھنٹے تک روک کر احتجاج کیا۔ ریلوے پولیس اور مقامی پولیس کی مداخلت کے بعد شکایت درج کی گئی، جس کے بعد صبح پونے آٹھ بجے ٹرین کو روانہ کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہنگولی ضلع سے بڑی تعداد میں امبیڈکر وادی افراد ناگپور کی دیکشا بھومی میں دھم چکر پروَرتن دن کی تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ پروگرام مکمل ہونے کے بعد وہ واپس اپنے علاقوں کی جانب روانہ ہوئے۔ اس دوران بھگت کی کوٹھی سے کاچی گوڑہ جانے والی ٹرین میں کئی پیروکار سوار تھے۔

یہ بھی پڑھئے:ماتھیران میں تیندوے کے بچے دکھائی دئیے، سیاح اور مقامی افرادسراسیمہ

چونکہ واشم سے یہ ٹرین ہنگولی کی طرف روانہ ہوئی تھی، اسلئے سورج واوہلے اور ساگر واوہلے نامی دو نوجوان ٹرین کے ڈبہ نمبر ایک میں بیٹھ گئے، جو ریزرو تھا۔ اسی دوران ریلوے پولیس کے اہلکار ڈبے میں پہنچے اور مبینہ طور پر سورج واوہلے کو گالیاں دیں اور اسے پیٹنے لگے۔ نوجوانوں نے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ ٹرین چل پڑنے کی وجہ سے وہ جلدی میں اس ڈبے میں سوار ہوئے تھے، لیکن مبینہ طور پر پولیس نے ان کی بات نہیں سنی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر دوسرے ڈبوں میں سفر کررہے امبیڈکر کے پیروکار ریزرو ڈبے کی جانب پہنچے اور پولیس اہلکاروں کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن ان کی بات بھی نہیں سنی گئی۔ اس کے بعد سورج کے رشتہ دار گوتم سروادے (عثمان آباد) نے ریلوے ہیلپ لائن شکایت کی ۔ انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ہنگولی ریلوے اسٹیشن پر مدد فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کی صبح تقریباً پانچ بجے جب ٹرین ہنگولی ریلوے اسٹیشن پہنچی تو امبیڈکر وادی افراد کا غصہ پھوٹ پڑا۔ انہوں نے ٹرین روک دی اور واضح کیا کہ جب تک خاطی ریلوے پولیس اہلکار کے خلاف کیس درج نہیں کیا جاتا، ٹرین کو آگے جانے نہیں دیا جائے گا۔اطلاع ملتے ہی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شرینک لوڈھا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دیشمکھ، کرائم برانچ کے انسپکٹر موہن بھوسلے، پی آئی دیویندر سنگھ ٹھاکراوردیگر ریلوے اسٹیشن پہنچے۔پولیس افسران نے مظاہرین سے بات چیت کی اور خاطی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد گوتم سروادے کی شکایت درج کی گئی۔ صبح پونے آٹھ بجے ٹرین کو ہنگولی سے ناندیڑ روانہ کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK