Updated: September 08, 2026, 6:03 PM IST
| New York
امریکہ کی ٹینس اسٹار اور چوتھی سیڈ یافتہ کوکو گاف نے ہم وطن نوجوان کھلاڑی ایوا جووچ کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر یو ایس اوپن ۲۰۲۶ء کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ گاف نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ایوا جووچ کو ۱۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرایا۔
کوکو گاف۔ تصویر: آئی این این
امریکہ کی ٹینس اسٹار اور چوتھی سیڈ یافتہکوکو گاف نے ہم وطن نوجوان کھلاڑی ایوا جووچ کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر یو ایس اوپن ۲۰۲۶ء کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ گاف نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ایوا جووچ کو ۱۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرایا۔
۲۰۲۳ء کی یو ایس اوپن چیمپئن گاف نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے سیٹ میں انہوں نے جووچ کو صرف ایک گیم جیتنے کا موقع دیا اور تقریباً ۳۰؍ منٹ میں سیٹ اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ میں ۱۸؍ سالہ جووچ نے بہتر مزاحمت کی، تاہم گاف نے اہم لمحات میں اپنا تجربہ استعمال کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور میچ اپنے نام کرلیا۔ جووچ نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی توجہ حاصل کرلی تھی۔ انہوں نے چوتھے راؤنڈ تک پہنچنے کے راستے میں فلپائن کی الیگزینڈر ایالا کو تین گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے سخت مقابلے میں شکست دی تھی۔ تاہم گاف کے خلاف وہ اپنی بہترین فارم برقرار نہ رکھ سکیں اور میچ میں ۳۰؍ غیرضروری غلطیاں کیں، جبکہ ان کے ۹؍ونرز کے مقابلے میں گاف نے ۱۸؍ونرز لگائے۔
یہ بھی پڑھئے:الکاراز پانچویں بار اور سبالینکا مسلسل چھٹے سال کوارٹر فائنل میں داخل
گاف کی موجودہ فارم بھی خاصی متاثر کن ہے۔ یو ایس اوپن سے قبل انہوں نے سن سناٹی اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا اور نیویارک میں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں گنوایا۔ جووک کے خلاف کامیابی کے ساتھ ان کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ بھی ۱۰؍ میچوں تک پہنچ گیا ہے۔ کوارٹر فائنل میں گاف کا سامنا روس کی میرا آندریوا سے ہوگا۔ پانچویں سیڈ آندریوا نے اپنے پری کوارٹر فائنل میں آسٹریا کی انستاسیا پوٹاپووا کو۷۔۵، ۴۔۶، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:الٹیمیٹ فریسبی میں ہندوستان کی عالمی ٹاپ ۲۰؍ میں شمولیت
گاف اور آندریوا کے درمیان یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے اہم کوارٹر فائنلز میں شمار کیا جارہا ہے کیونکہ دونوں نوجوان کھلاڑی گرینڈ سلیم سطح پر پہلے ہی اپنی صلاحیت ثابت کرچکی ہیں۔ گاف ۲۰۲۳ء میں یو ایس اوپن چیمپئن بن چکی ہیں، جبکہ آندریوا رواں سال فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ گاف کی نظریں اب یو ایس اوپن میں اپنے دوسرے اور مجموعی طور پر تیسرے گرینڈ سلام ٹائٹل پر ہیں۔ مسلسل کامیابیوں اور مضبوط فارم کے باعث وہ اس سال کے آخری گرینڈ سلیم میں ٹائٹل کی مضبوط دعویداروں میں شامل ہوگئی ہیں۔