Updated: November 14, 2025, 6:02 PM IST
| London
برطانوی بینڈ کولڈ پلے اور گلوکارہ دعا لیپا نے دیگر عالمی فنکاروں کے ساتھ مل کر ایک خط پر دستخط کئے ہیں، جس میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی غیر معمولی مہنگی دوبارہ فروخت (ری سیل) پر پابندی عائد کرے۔ خط میں حکومت سے مضبوط قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ لائیو ایونٹس کو عوام کیلئے قابلِ رسائی اور منصفانہ بنایا جا سکے۔
دعا لیپا۔ تصویر: آئی این این
برطانوی راک بینڈ کولڈ پلے اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ و نغمہ نگار دعا لیپا ان فنکاروں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو برطانوی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت کی غیر معمولی قیمتوں پر پابندی عائد کرے۔ ان فنکاروں نے نیو آرڈر، آئرن میڈن، سیم فینڈر، پی جے ہاروی، مارک نوفلر اور دی کیور کے رابرٹ اسمتھ سمیت دیگر موسیقاروں کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ خط پر دستخط کئے ہیں۔ اس خط میں وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شائقین کو مہنگی ری سیلنگ اور ٹکٹوں کی لوٹ مار سے بچائیں، جیسا کہ فیمیل فرسٹ یو کے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’طویل عرصے سے کچھ ری سیل پلیٹ فارمز ٹاؤٹس کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ ٹکٹیں خرید کر انتہائی مہنگے داموں دوبارہ فروخت کریں۔ اس وجہ سے شائقین یا تو ضرورت سے زیادہ قیمت ادا کرنے پر مجبور ہوتے ہیں یا ایونٹس دیکھنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس عمل نے لائیو ایونٹس پر عوام کا اعتماد کم کیا ہے اور فنکاروں و منتظمین کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے جو ایونٹس کو سستا اور قابلِ رسائی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ آرٹس تک عوامی رسائی کو بہتر بنانے اور غیر قانونی فروخت کی نشاندہی کو آسان بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا پر رنبیر کپور کا فرضی اکاؤنٹ، اہلیہ عالیہ بھٹ فالو نہیں کرتیں
رپورٹ کے مطابق، اس خط پر فنکاروں کے ساتھ ساتھ میوزک ایونٹس کے منتظمین، مقامات، مینیجرز، ٹکٹ فروخت کنندگان اور موسیقی و تھیٹر کی مختلف تنظیموں نے بھی دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’’ایسے قوانین بنائے جو ٹاؤٹس کی منافع خوری اور نقصان دہ ثانوی ٹکٹ مارکیٹ کو روکے کیونکہ یہ استحصالی نظام حقیقی شائقین کو موسیقی، تھیٹر اور کھیلوں کے پسندیدہ ایونٹس تک رسائی سے محروم کر رہا ہے۔‘‘ خط میں ایک حالیہ تحقیق کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ برازیل، اسپین، امریکہ، دبئی اور سنگاپور جیسے ممالک سے فروخت کنندگان برطانوی ایونٹس کے ٹکٹ خرید کر انہیں بھاری قیمتوں پر دوبارہ فروخت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:رام چرن کی لال قلعہ میں ہونے والی شوٹنگ ملتوی
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ویمبلے میں اویسس کے شو کے ٹکٹ ۴۶۰۱؍ ڈالر تک میں فروخت کیلئےدرج تھے۔ ایک حالیہ ارینا ٹور میں ایسا بھی دیکھا گیا کہ اصل فروخت کنندہ کے پاس گلاسگو شو کے ٹکٹ دستیاب تھے، جبکہ وہی ٹکٹ بیک وقت ری سیل پلیٹ فارم پر دگنی قیمت پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ لیبر پارٹی نے اپنے منشور میں ٹکٹوں کی ری سیل قیمتوں کو محدود کرنے اور صارفین کو زیادہ تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔