• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سوال پر پنجاب میں تنازع،قانونی نوٹس جاری

Updated: November 22, 2026, 9:33 PM IST | Mumbai

معروف اداکار امیتابھ بچن کے مقبول ٹیلی ویژن کوئز شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ (کے بی سی)کے ایک مبینہ سوال نے پنجاب میں تنازع کھڑا کردیا ہے۔ اس معاملے میں پنجاب کے ضلع سنگرور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے امیتابھ بچن اور سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کو قانونی نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کی ہے۔

Amitabh Bacchan.Photo:INN
امیتابھ بچن۔ تصویر:آئی این این

معروف اداکار امیتابھ بچن کے مقبول ٹیلی ویژن کوئز شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ (کے بی سی)کے ایک مبینہ سوال نے پنجاب میں تنازع کھڑا کردیا ہے۔ اس معاملے میں پنجاب کے ضلع سنگرور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے امیتابھ بچن اور سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کو قانونی نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کی ہے۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ شو میں پوچھے گئے ایک سوال کے ذریعے پنجاب کو جرائم اور پولیس تھانوں پر بم دھماکوں سے جوڑ کر ریاست کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ تنازع سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کلپ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں مبینہ طور پر امیتابھ بچن ایک امیدوار سے ۱۲ ؍لاکھ ۵۰ ؍ہزار روپے کے سوال کے طور پر پوچھتے دکھائی دیتے ہیں کہ حال ہی میں کس ریاست میں مجرم پولیس تھانوں پر بم دھماکے کرنے سے خوف محسوس نہیں کرتے؟ اس سوال کے ممکنہ جوابات میں اتر پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور پنجاب کے نام شامل دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کے مطابق امیدوار نے ۵۰:۵۰ ؍لائف لائن استعمال کی، جس کے بعد دو متبادل ختم کردیے گئے اور پنجاب کو درست جواب قرار دیا گیا۔ تاہم اس ویڈیو کی صداقت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی ایڈوانس بکنگ ۴۱؍ کروڑ روپے سے تجاوز، ٹکٹ ۴؍ ہزار کا

اطلاعات کے مطابق یہ قانونی نوٹس رنجیت سنگھ کی جانب سے ایڈووکیٹ اندرجیت اروڑا نے بھیجا ہے۔ نوٹس میں امیتابھ بچن کو شو کے میزبان کی حیثیت سے اور سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو مخاطب کیا گیا ہے۔وکیل اندرجیت اروڑا کے مطابق ان کے موکل نے انہیں ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سے منسوب کچھ اسکرین شاٹس اور ویڈیو کلپ دکھائی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سوال کے ذریعے پنجاب کو جرائم اور پولیس تھانوں پر حملوں سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، جس سے ریاست کے عوام کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں اور پنجاب کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک ریاست کو اس انداز میں پیش کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کے مطابق عمومی معلومات پر مبنی کوئز شو میں اس نوعیت کا سوال ریاست کی منفی تصویر پیش کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
قانونی نوٹس میں امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متنازع سوال سے متعلق ویڈیو کلپ کو قومی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔ اس کے ساتھ پنجاب کے عوام سے غیر مشروط عوامی معافی مانگنے اور پورے معاملے پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق نوٹس کا جواب دینے کے لیے ۱۵ ؍دن کی مہلت دی گئی ہے۔ وکیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو مزید قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ پنجاب یا کسی دوسری ریاست کو ایسے انداز میں پیش کیا جائے جس سے وہاں کے عوام کی توہین ہو یا ریاست کی شبیہ کو نقصان پہنچے۔

یہ بھی پڑھئے:اے ٹی پی فائنلز۲۰۲۶ء: الکاراز نے شیلٹن کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی

اس معاملے کا ایک اہم پہلو ویڈیو کی حقیقت سے متعلق بھی ہے۔ ایڈووکیٹ اندرجیت اروڑا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے وائرل ہونے والی ویڈیو مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی مدد سے تیار کی گئی ہو یا اس میں ڈجیٹل طور پر ردوبدل کیا گیا ہو۔ان کے مطابق امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کی جانب سے قانونی نوٹس کا جواب ملنے کے بعد ہی اس بات کی وضاحت ہوسکے گی کہ آیا یہ سوال واقعی کسی نشر شدہ پروگرام کا حصہ تھا یا ویڈیو کو جعلی انداز میں تیار کرکے سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا ہے۔ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی یا اس میں جعل سازی کی گئی ہے تو اسے تیار کرنے اور پھیلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں بھی ویڈیو کی صداقت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ متنازع سوال واقعی کے بی سی کی کسی اصل قسط میں پوچھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ ہندوستان کے مقبول ترین ٹیلی ویژن کوئز شوز میں شمار ہوتا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز سال ۲۰۰۰ء میں ہوا تھا اور امیتابھ بچن طویل عرصے سے اس کی میزبانی کررہے ہیں۔ یہ پروگرام برطانیہ کے مشہور کوئز شوکے ہندوستانی ورژن کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔شو میں امیدواروں سے تاریخ، جغرافیہ، سائنس، کھیل، سیاست، تفریح اور عام معلومات سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ درست جوابات کے ساتھ امیدوار انعامی رقم کی سیڑھی چڑھتا ہے اور مختلف لائف لائنز کی مدد سے مشکل سوالات کا جواب دینے کی کوشش کرتا ہے۔ اس پروگرام نے کئی دہائیوں سے ہندوستانی ناظرین میں اپنی مقبولیت برقرار رکھی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK