Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دھمال ۴‘‘ کا دھواں دار آغاز، پہلے ویک اینڈ میں ۹۲؍ کروڑ کی عالمی کمائی

Updated: July 13, 2026, 7:05 PM IST | Mumbai

اجے دیوگن کی ایڈونچر کامیڈی ’’دھمال ۴‘‘ نے باکس آفس پر زبردست آغاز کرتے ہوئے صرف پہلے ویک اینڈ میں دنیا بھر سے ۹۲؍ کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ فلم نے ہندوستان میں ۶۵؍ کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن حاصل کیا، جبکہ عالمی سطح پر اس کی مجموعی آمدنی ۹۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ فلم نے متعدد بڑی ہندی ریلیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ۲۰۲۶ء کی کامیاب ترین فلموں میں جگہ بنا لی ہے۔

Dhamaal 4. Photo: INN
دھمال ۴۔ تصویر: آئی این این

اجے دیوگن کی اداکاری سے مزین ایڈونچر کامیڈی فلم ’’دھمال ۴‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ویک اینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باکس آفس پر اپنی مضبوط موجودگی درج کرا دی ہے۔ فلم نے ہندوستان اور بیرونِ ملک زبردست کمائی کرتے ہوئے صرف تین روز میں ۹۲؍ کروڑ روپے کی عالمی آمدنی حاصل کر لی ہے، جس کے بعد اسے سال کی بڑی کامیاب فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ باکس آفس اعداد و شمار کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے ویک اینڈ کے دوران ۶۵؍ کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن کیا، جبکہ مجموعی (گراس) گھریلو کمائی ۴۸؍ کروڑ روپے تک جا پہنچی۔ دوسری جانب بیرونِ ملک مارکیٹس سے فلم نے ۱۴؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی عالمی کمائی ۹۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھئے: سیاستداں اتحاد کا ہنر ان سے سیکھیں:شیکھر سمن کا عامر خان کی تیسری شادی پر طنز

فلم نے اپنے تیسرے دن، یعنی اتوار کو، اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ کمائی بھی ریکارڈ کی۔ جمعہ کو ۱۴؍ کروڑ روپے سے آغاز کرنے والی فلم نے سنیچر کو ۵۰ء۲۲؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ اتوار کو اس کی کمائی بڑھ کر ۵۰ء۲۸؍ کروڑ روپے تک جا پہنچی، جو پہلے دن کے مقابلے میں تقریباً ۶۰؍ فیصد زیادہ رہی۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر فلم پیر کوبھی مستحکم کمائی برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو یہ آسانی سے ۱۰۰؍ کروڑ روپے کے عالمی کلب میں داخل ہو جائے گی۔

’’دھمال ۴‘‘ نے صرف پہلے ویک اینڈ میں کئی بڑی ہندی فلموں کی مجموعی لائف ٹائم کمائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان میں عالیہ بھٹ کی ’’الفا‘‘ (۵۳؍ کروڑ روپے)، امتیاز علی کی ’’میں واپس آؤں گا‘‘ (۲۶ء۶۱؍ کروڑ روپے)، ورون دھون کی ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ (۴۶ء۵۰؍ کروڑ روپے)، آیوشمان کھرانہ کی ’’پتی پتنی اور وہ دو‘‘ ( ۲۰ء۴۸؍ کروڑ روپے)، شاہد کپور کی ’’او رومیو‘‘ (۹۰ء۵۹؍ کروڑ روپے) اور رانی مکھرجی کی پولیس تھریلر فلم ’’مردانی ۳‘‘ ( ۳۰ء۵۳؍ کروڑ روپے) شامل ہیں۔ یہ فلم اس وقت ۲۰۲۶ء کی چھٹی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن چکی ہے۔ اس سے آگے صرف ’’دھرندھر ۲: دی ریونج‘‘ (۹۰ء۱۱۰۸؍ کروڑ روپے)، ’’بارڈر ۲‘‘ (۷۰ء۳۴۱؍ کروڑ روپے)، ’’بھوت بنگلہ‘‘ (۲۷ء۱۶۸؍ کروڑ روپے)، ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ (۱۶ء۱۲۶؍ کروڑ روپے) اور ’’کاک ٹیل ۲‘‘ (۳۰ء۹۱؍  کروڑ روپے) موجود ہیں۔

مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’دھمال ۴‘‘ اس سال کی تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی کامیڈی فلم بھی بن گئی ہے۔ اس سے پہلے ’’بھوت بنگلہ‘‘ اور ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کامیابی حاصل کر چکی ہیں، جن دونوں میں مرکزی کردار اکشے کمار نے ادا کیا تھا۔ اوپننگ ویک اینڈ کے لحاظ سے بھی ’’دھمال ۴‘‘ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ فلم نے ’’بھوت بنگلہ‘‘ (۵۰ء۵۴؍ کروڑ روپے)، ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ (۴۷ء۶۳؍ کروڑ روپے) اور ’’کاک ٹیل ۲‘‘ (۷۶ء۴۶؍ کروڑ روپے) سے بہتر آغاز کیا، جبکہ پورے سال میں صرف ’’دھرندھر ۲‘‘ اور ’’بارڈر ۲‘‘ ہی اس سے آگے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’جراسک پارک‘‘ کے اداکار سیم نیل کا ۷۸؍ سال کی عمر میں انتقال

فلم کی کامیابی میں ایک اہم وجہ یہ بھی رہی کہ اس ہفتے کوئی بڑی ہندی فلم ریلیز نہیں ہوئی، جس سے اسے بھرپور فائدہ ملا۔ تاہم آئندہ ہفتے اسے ہالی ووڈ کی بڑی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ۱۶؍ جولائی کو ہندوستانی سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ ہدایت کار اندرا کمار کی ’’دھمال‘‘ فرنچائز کے لیے بھی یہ سب سے کامیاب آغاز ثابت ہوا ہے۔ اس سے قبل ’’ٹوٹل دھمال‘‘ نے اوپننگ ویک اینڈ میں ۴۰ء۶۲؍ کروڑ روپے کمائے تھے، جبکہ ’’ڈبل دھمال‘‘ کا آغاز صرف ۷۸ء۲۲؍ کروڑ روپے سے ہوا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی دو فلموں میں اجے دیوگن مرکزی کردار میں موجود نہیں تھے۔ ادھر اجے دیوگن کے لیے بھی یہ ایک اور بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ ’’دھمال ۴‘‘ نے ان کی گزشتہ ریلیز ہونے والی سیکوئل فلموں ’’دے دے پیار دے ۲‘‘ اور ’’سن آف سردار ۲‘‘ کے ابتدائی ویک اینڈ کلیکشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب ان کے مداحوں کی نظریں آئندہ آنے والی فلموں ’’دریشیم ۳‘‘ اور ’’گول مال ۵‘‘ پر مرکوز ہیں۔ فلم ’’دھمال ۴‘‘ کو دیوگن فلمز اور ٹی سیریز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں اجے دیوگن کے ساتھ جاوید جعفری، ارشد وارثی، رتیش دیش مکھ، سنجے مشرا، روی کشن، سنجیدہ شیخ، ایشا گپتا اور انجلی آنند بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK