Updated: December 17, 2025, 9:54 PM IST
| Mumbai
لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی آخری فلم ’’اکیس‘‘ باکس آفس مقابلے سے بچنے کیلئے ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کے بجائے اب یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ فلم کی کہانی پرم ویر چکر یافتہ سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی پر مبنی ہے اور یہ اگستیہ نندا کی پہلی تھیٹر ریلیز بھی ہے۔
لیجنڈری سپر اسٹار دھرمیندر، جو ۲۴؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ۸۹؍ سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، اپنی آخری فلم ’’اکیس‘‘ میں ناظرین کو ایک بار پھر بڑے پردے پر محظوظ کریں گے۔ یہ فلم ایک سوانحی جنگی ڈرامہ ہے، جس کی ہدایتکاری ’’جانی غدار‘‘ اور ’’اندھا دھن‘‘ جیسی کامیاب فلمیں بنانے والے سریرام راگھون نے کی ہے۔’’اکیس‘‘ میں راج کپور اور امیتابھ بچن کے پوتے اگستیہ نندا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی کاسٹ میں جے دیپ اہلاوت، راہل دیو، ویوان شاہ اور دیپک ڈوبریال بھی شامل ہیں جبکہ اکشے کمار کی بھانجی سمر بھاٹیہ اس فلم کے ذریعے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر ’’اکیس‘‘ ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہونے والی تھی، جہاں اس کا مقابلہ کرن جوہر کی فلم ’’تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘‘ سے ہونا تھا، جس میں کارتک آرین اور اننیا پانڈے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاہم، رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت کی فلم ’’دھرندھر‘‘ کی شاندار باکس آفس کامیابی کے باعث میکرز نے ’’اکیس‘‘ کی ریلیز ایک ہفتہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب ’’اکیس‘‘ یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس حوالے سے تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے نشاندہی کی کہ میڈاک فلمز اس سے قبل بھی باکس آفس کے بڑے مقابلوں سے دانشمندانہ طور پر گریز کرتی رہی ہے، جو ان کی فلموں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔
ترن آدرش نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دنیش وجن کا یہ فیصلہ مکمل طور پر کاروباری حکمتِ عملی کے مطابق ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ۲۰۱۷ء میں ’’باہوبلی ۲‘‘ کے بعد ’’ہندی میڈیم‘‘ اور ۲۰۲۴ء میں ’’پشپا ۲‘‘ کے مقابلے سے بچنے کیلئے ’’چھاوا‘‘ کی ریلیز موخر کردی تھی، اور دونوں فیصلے باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئے۔ ان کے مطابق ’’ دھرندھر‘‘ اس وقت باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے اور اس کے سست پڑنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے جبکہ ہالی ووڈ کی بڑی فلم ’’اوتار: ایش اینڈ فائر‘‘ بھی ۱۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو ہندوستان میں وسیع پیمانے پر ریلیز ہو رہی ہے۔ ایسے میں کرسمس کے ہفتے کے دوران اسکرینز اور پرائم شوز حاصل کرنا مشکل ہوتا۔
’’اکیس‘‘ کی ریلیز یکم جنوری ۲۰۲۶ء کو منتقل کرنے سے نہ صرف اسے سولو ریلیز کا فائدہ ملے گا بلکہ سنیما گھروں میں بہتر شوز کی دستیابی بھی یقینی ہوگی۔ اسی دوران فلم کا آخری ٹریلر ۱۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو جاری کیا جائے گا۔ قومی ایوارڈ یافتہ ہدایت کار سریرام راگھون کی ہدایت میں بننے والی ’’اکیس‘‘ ہندوستان کے سب سے کم عمر پرم ویر چکر ایوارڈ یافتہ، سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال کی زندگی پر مبنی ہے۔ یہ اگستیہ نندا کی پہلی تھیٹر ریلیز ہے، جبکہ اس سے قبل وہ ۲۰۲۳ء میں نیٹ فلکس فلم ’’دی آرچیز‘‘ میں نظر آ چکے ہیں۔