Updated: November 21, 2025, 2:28 PM IST
| Mumbai
رنویر سنگھ کی آنے والی فلم ’’دھرندھر‘‘ کا طویل انتظار کے بعد ٹریلر ممبئی کے این ایم اے سی سی میں شاندار تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا۔ تقریب کا مرکزِ نگاہ ۲۲؍ سالہ ایڈیٹر اوجس گوتم رہے، جو یامی گوتم کے بھائی ہیں۔ انہوں نے ۷۰؍ سے زائد گھنٹے کی مسلسل محنت سے ٹریلر کی ایڈیٹنگ کی۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے کام کو بے حد سراہا۔
یامی گوتم اپنے شوہر (دائیں) اور بھائی اوجس گوتم کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
رنویر سنگھ کی آنے والی فلم ’’دھرندھر‘‘ کا انتہائی منتظر ٹریلر منگل کی صبح ممبئی کے این ایم اے سی سی میں ایک بھرپور تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا۔ اس تقریب میں میڈیا اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جو تقریباً چار منٹ کے ٹریلر کو دیکھ کر پُرجوش ہو گئے۔ تیز رفتار ایڈیٹنگ، مضبوط بیس، اور دلچسپ جھلکیوں نے ٹریلر کو بھرپور پذیرائی دلائی۔ ہدایتکار آدتیہ دھر فلم کی کاسٹ کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے، جہاں انہوں نے ٹریلر کے نوجوان ایڈیٹر اوجس گوتم جو یامی گوتم کے چھوٹے بھائی ہیں کو خصوصی طور پر سراہا۔
آدتیہ دھر نے بتایا کہ ’’تقریباً ۷۲؍ سے ۷۶؍ گھنٹے ہو گئے ہیں کہ یہ لڑکا نہیں سویا۔ وہ صبح ۴؍ بجے تک ٹریلر کو ایڈٹ کرتا رہا، اور آج ہم سب نے اس کا نتیجہ دیکھ لیا۔‘‘ اداکار ارجن رامپال نے اوجس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ ۲۲؍ سال کا ہے اور ۲۰۲۰ء سے میرے ساتھ ہے، اس وقت ہم اشوتتھاما بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ اس لڑکے کی مستقل مزاجی نے اس فلم کو ممکن بنایا۔ اس نے کبھی مجھ پر یا اس پروجیکٹ پر سے یقین نہیں کھویا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سیڈی سنک ’ایونجرز: ڈومسڈے‘‘ کی کاسٹ میں شامل
سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل
اگرچہ اقربا پروری پر اکثر تنقید ہوتی ہے لیکن اس بار اوجس گوتم کے کام کو سراہا جا رہا ہے۔صارفین نے کہا کہ ’’اقربا پروری تب غلط ہے جب ٹیلنٹ نہ ہو۔ باصلاحیت لوگ آگے آتے رہیں تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔‘‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’’ہمیں صرف ایسے نیپو کڈز سے مسئلہ ہے جن میں صلاحیتیں نہیں ہیں مگر انہیں بھرپور مواقع دیئے جاتے ہیں۔ لیکن اوجس کا کام بہترین ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اہان پانڈے کی ایکشن فلم میں ایشوری ٹھاکرے ویلن کا کردار ادا کریں گے
فلم کی کہانی اور کاسٹ
’’دھرندھر‘‘ ایک جاسوس تھریلر ہے جو پاکستان میں ہونے والے اصل آپریشن لیاری سے متاثر ہے اور ہندوستانی انٹیلی جنس کے مبینہ کردار پر مبنی ہے۔ فلم کی مضبوط کاسٹ میں شامل ہیں:رنویر سنگھ، ارجن رامپال، سنجے دت، اکشے کھنہ، آر مادھون، راکیش بیدی، سارہ ارجن۔ یہ فلم ۵؍ دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔