Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلیپ کمار کو اپنے تبدیل شدہ نام کے بارے میں فلم کا پوسٹر دیکھ کر معلوم ہوا تھا

Updated: August 06, 2026, 11:05 AM IST | Mumbai

آج بھی عظیم اداکار دلیپ کمار کو ان کے حقیقی نام یوسف خان سےیاد کیا جاتا ہے، خاص طور پر ان کے قریبی عزیز اور اہلیہ و سابق اداکارہ سائرہ بانو انہیں اسی نام سے پکارتی ہیں۔اگرچہ ان کا اصل نام یوسف خان تھا، لیکن انہوں نے فلمی دنیا میں کبھی اس نام کا استعمال نہیںکیا۔

Dilip Kumar. Photo: INN
دلیپ کمار۔ تصویر: آئی این این

آج بھی عظیم اداکار دلیپ کمار کو ان کے حقیقی نام یوسف خان سےیاد کیا جاتا ہے، خاص طور پر ان کے قریبی عزیز اور اہلیہ و سابق اداکارہ سائرہ بانو انہیں اسی نام سے پکارتی ہیں۔اگرچہ ان کا اصل نام یوسف خان تھا، لیکن انہوں نے فلمی دنیا میں کبھی اس نام کا استعمال نہیںکیا۔انہوں نے ۱۹۴۴ءمیںہدایت کار امیہ چکرورتی کی فلم ’جوار بھاٹا‘سےدلیپ کمار کے نام سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ ۱۹۷۰ءمیںبی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دلیپ کمار نے اس راز سے پردہ اٹھاتےہوئے کہا تھا کہ ’’میں نے دلیپ کمار کا نام اپنے والد کی ناراضگی کے خوف سےاختیار کیا تھا۔‘‘انہوں نے مزید بتایا، ’’میرے مرحوم والد، اللہ انہیں جنت نصیب کرے، فلموں کے سخت خلاف تھے۔ ان کے قریبی دوست لالہ بشیشور ناتھ تھے، جن کے بیٹے پرتھوی راج کپور بھی فلموںمیں کام کرتے تھے۔ میرے والد اکثر ان سے شکوہ کرتے ہوئے کہتے تھے،’’تم نے یہ کیا کر دیا؟ اپنے تندرست اور جوان بیٹے کو دیکھو، کیسا کام کر رہا ہے!‘‘  دلچسپ بات یہ ہے کہ دلیپ کمار اور پرتھوی راج کپور دونوں کا تعلق پشاور کے ایک ہی علاقے سے تھا، جہاں سے ہجرت کرکے وہ ممبئی آ گئےتھے۔ دلیپ کمار نے اسی انٹرویو میں مزید کہا، ’’جب میں نے فلموں میں قدم رکھا تو مجھے والد کی اسی ناراضگی کا خوف تھا۔ میرے والد لالہ غلام سرور علی خان ایک غصیلے پٹھان تھے۔ مجھے ڈر تھا کہ اگر انہیں معلوم ہو گیا تو وہ بہت ناراض ہوں گے۔ اس وقت میرے لیے دو تین نام تجویز کیے گئے تھے، جن میں یوسف خان، دلیپ کمار اور باسودیو شامل تھے۔ میں نے خود کہا تھا،’’بس یوسف خان نام نہ رکھیے، باقی کوئی بھی نام رکھ دیجئے۔‘‘وہ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں،’’دو تین ماہ بعد جب میں نے ایک اشتہار میں اپنا نام دیکھا تو مجھے معلوم ہوا کہ اب میرا نام دلیپ کمار رکھ دیا گیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK