• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلجیت دوسانجھ نے راحت اندوری کا شعر سنا کر مخالفین کو جواب دیا

Updated: November 16, 2026, 4:10 PM IST | Indore

اندور میں شاندار کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ کا دوٹوک پیغام، کہا ’’بہت کوششیں کی گئیں کہ میں یہاں نہ آؤں، لیکن جب کسی سے آنے کا وعدہ کرتا ہوں تو پیچھے نہیں ہٹتا‘‘، چار گانوں پر پابندی اور بم دھماکے کی دھمکیوں کے باوجود کنسرٹ کامیابی سے منعقد۔

Diljit Dosanjh.Photo:INN
دلجیت دوسانجھ۔ تصویر:ائی این این

 معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اتوار ۱۵ ؍نومبر کو مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں اپنے کنسرٹ کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں شہر میں پرفارم کرنے سے روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں، لیکن انہوں نے اپنے مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا اور تمام رکاوٹوں کے باوجود اسٹیج پر پہنچے۔ دلجیت دوسانجھ نے کنسرٹ میں موجود ہزاروں مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی دباؤ یا مخالفت سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اندور آنے سے روکنے کے لیے بہت سی کوششیں کی گئیں، اس کے باوجود وہ یہاں آئے ہیں کیونکہ جب وہ کسی سے آنے کا وعدہ کرتے ہیں تو کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ ان کے اس بیان کے بعد کنسرٹ میں موجود شائقین نے زبردست جوش و خروش کا اظہار کیا۔یہ کنسرٹ دلجیت دوسانجھ کے جاری اورا انڈیا ٹور ۲۰۲۶ ء(AURA India Tour 2026)  کا حصہ تھا۔ اس سے قبل بھی ان کے ہندوستانی دورے کے دوران مختلف شہروں میں انتظامی مسائل، سکیورٹی خدشات اور بعض گانوں کے بول پر اعتراضات سامنے آچکے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے اندور کنسرٹ کا آغاز سامعین سے ’’جے شری مہاکال‘‘ کا نعرہ لگوانے کے ساتھ کیا۔ انہوں نے شہر کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہاکال کی سرزمین ہے اور ہمیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی خوف زدہ نہیں تھے اور آج بھی خوف زدہ نہیں ہیں۔ آپ کو ڈرنے کی کیا ضرورت ہے؟ آپ کی طاقت اور محبت ہی ہمیں یہاں تک لے کر آئی ہے۔گلوکار نے مزید کہا کہ انہیں اندور آنے سے روکنے کی بہت کوششیں کی گئیں، لیکن وہ اس کے باوجود اپنے مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنے پہنچے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چاہے کتنی ہی پابندیاں کیوں نہ لگائی جائیں، وہ اپنے مداحوں سے کیے گئے وعدے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دھول چٹاکرمسلسل چوتھی مرتبہ رگبی لیگ ورلڈ کپ جیت لیا

کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے شہر کے معروف مرحوم اردو شاعر راحت اندوری کی مشہور غزل کے چند اشعار بھی سنائے۔ ان اشعار میں انہوں نے خاص طور پر یہ مصرعے پڑھے:’’اگر خلاف ہیں ہونے دو، جان تھوڑی ہے،سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں،کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘‘راحت اندوری کے ان اشعار کے ذریعے دلجیت نے مخالفت اور پابندیوں کے درمیان اپنا موقف پیش کیا۔ ان کے اس انداز کو کنسرٹ میں موجود مداحوں نے خوب سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ایک طرف انہیں یہ کہا جاتا ہے کہ یہ گانا مت گاؤ اور وہ گانا مت گاؤ، تو اس طرح کی پابندیوں کے باوجود وہ اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔
اندور کنسرٹ سے قبل ضلع انتظامیہ کے محکمہ بہبودِ خواتین و اطفال کے تحت ضلعی تحفظِ اطفال افسر نے منتظمین کو ہدایت دی تھی کہ دلجیت دوسانجھ پروگرام کے دوران اپنے چار مخصوص گانے پیش نہ کریں۔ ان گانوں میں ’’پٹیالہ پیگ‘‘، ’’۵ تارا‘‘، ’’جیب وچوں افیم‘‘ اور ’’جٹ اتھے فائر کردا‘‘ شامل تھے۔حکام کا مؤقف تھا کہ ان گانوں کے بول میں شراب، منشیات اور ہتھیاروں کا ذکر ہے، جس سے کم عمر بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ چونکہ کنسرٹ میں پانچ سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو بھی شرکت کی اجازت تھی، اس لیے منتظمین کو ان گانوں کو پروگرام میں شامل نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔یہ کارروائی چندی گڑھ کے پروفیسر پنڈت راؤ دھریناور کی شکایت کے بعد کی گئی تھی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ ایسے گانوں کو عوامی پروگراموں میں پیش کرنے سے روکا جائے۔ اس سلسلے میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ۲۰۱۹ء کے ایک حکم کا بھی حوالہ دیا گیا تھا، جس میں گانوں کے ذریعے شراب، منشیات اور تشدد کی تشہیر پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’جلسہ‘ پر ملکیت کا تنازع

دلجیت دوسانجھ کے اندور کنسرٹ سے قبل سکیورٹی کے حوالے سے بھی سنگین تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے تین نجی اسکولوں، اندور کے میئر پشیامتر بھارگوا کے دفتر اور تین بینکوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ ان ای میلز میں ۱۵ ؍نومبر کو ہونے والے کنسرٹ کے دن دھماکے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور اسکولوں کو اپنے طلبہ کو پروگرام میں نہ بھیجنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تینوں اسکولوں کے احاطوں کی تلاشی لی، تاہم وہاں سے کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجیش ڈنڈوتیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ان ای میلز کے فرضی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ پولیس کی کرائم برانچ ای میل بھیجنے والوں کی شناخت کے لیے تکنیکی شواہد کی جانچ کررہی ہے۔
دلجیت دوسانجھ کے ہندوستانی دورے کا آغاز ۳۰ ؍ اکتوبر کو نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں کنسرٹ سے ہوا تھا۔ تاہم اس پروگرام سے قبل بھی اجازت نامے اور سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے مسائل سامنے آئے تھے۔ دہلی پولیس نے ابتدا میں سکیورٹی خدشات اور تہواروں کے دوران امن و قانون کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے پروگرام کی اجازت روک دی تھی۔ بعد میں منتظمین کی جانب سے اضافی سکیورٹی انتظامات اور ہجوم کو منظم کرنے کا منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد کنسرٹ منعقد ہوا۔دہلی میں کامیاب پروگرام کے بعد دلجیت نے انسٹاگرام لائیو کے دوران کہا تھا کہ ہندوستان میں ان کے کنسرٹس کے انعقاد کے وقت خاص طور پر مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ تنقید اور مخالفت کے باوجود وہ اپنے کام سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK