سوریا کمار یادو نے محض ۲۹ ؍گیندوں پر ۸۲ ؍رنز بناکر ممبئی کو گجرات کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی دلائی، شیوالک شرما نے ۳۹ ؍گیندوں پرناٹ آؤٹ ۱۰۱؍ رنز بنا کر بڑودہ کو آٹھ وکٹوں سے فتح دلائی ۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:05 PM IST | Mumbai
سوریا کمار یادو نے محض ۲۹ ؍گیندوں پر ۸۲ ؍رنز بناکر ممبئی کو گجرات کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی دلائی، شیوالک شرما نے ۳۹ ؍گیندوں پرناٹ آؤٹ ۱۰۱؍ رنز بنا کر بڑودہ کو آٹھ وکٹوں سے فتح دلائی ۔
سید مشتاق علی ٹرافی (ایس ایم اے ٹی) ۲۰۲۶ء کے مقابلوں میں پیر کے روز بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی ٹی ۲۰؍ ٹیم کے سابق کپتان سوریا کمار یادو نے ممبئی کی جانب سے گجرات کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف ۲۹؍ گیندوں پر ۸۲ ؍رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ دوسری جانب بڑودہ کے نوجوان بلے باز شیوالک شرما نے میزورم کے خلاف محض ۳۹ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۰۱ ؍رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ۸؍ وکٹوں سے فتح دلائی۔ ان مقابلوں کے علاوہ پڈوچیری نے تریپورہ کو ۴۰ ؍رنز سے اور سوراشٹر نے ہریانہ کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔
ممبئی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی
ممبئی اور گجرات کے درمیان کھیلے گئے ایلیٹ گروپ ڈی کے مقابلے میں سوریا کمار یادو نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے شائقین کو محظوظ کردیا۔ گجرات نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰ ؍اوور میں ۱۹۷ ؍رنز بنائے تھے۔ جواب میں ممبئی نے سوریا کمار یادو کی شاندار اننگز کی بدولت ۱۵ء۴ ؍اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۱ ؍رنز بناکر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔سوریا کمار نے صرف ۲۹ ؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۸۲ ؍رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ۹ ؍چوکے اور ۷ ؍چھکے شامل تھے۔ انہوں نے محض ۱۸ ؍گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرلی اور گجرات کے گیند بازوں کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ممبئی کی جانب سے ہاردک تامور نے ۱۹ ؍گیندوں پر ۲۶؍ رنز بنائے، جبکہ سرفراز خان نے صرف ۱۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۳ ؍رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اتھرو انکولیکر ۳ ؍گیندوں پر ۹ ؍رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل گجرات کی جانب سے آشو توش شرما نے ۲۲ ؍گیندوں پر ۴۲ ؍رنز اور وشال جیسوال نے ۲۱ ؍گیندوں پر ۳۸ ؍رنز بنائے تھے۔ ہیمانگ پٹیل نے ۲۵ ؍اور سورَو چوہان نے ۲۲ ؍رنز کا تعاون دیا۔ ممبئی کے اتھرو انکولیکر نے ۳ ؍وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاردول ٹھاکر نے ۲ ؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:کونکنی موسیقی کا عالمی ریکارڈ، ۱۲ ؍دن، ۱۲ ؍گھنٹے اور ۱۲ ؍منٹ تک مسلسل گائیکی
شیوالک شرما کی ۳۹ ؍گیندوں پرناٹ آؤٹ سنچری
دن کے سب سے نمایاں انفرادی مظاہرے میں بڑودہ کے بلے باز شیوالک شرما نے میزورم کے خلاف دھماکہ خیز سنچری اسکور کی۔ میزورم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰ ؍اوور میں ۵ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۳ ؍رنز بنائے تھے۔میزورم کی جانب سے جیہو اینڈرسن نے ۴۲ ؍گیندوں پر ۳۹ ؍رنز بنائے، جبکہ منیندر نریندر سنگھ نے ۲۷ ؍رنز کا تعاون دیا۔ بڑودہ کے اتیت شیٹھ نے ۲ ؍وکٹیں حاصل کیں۔۱۳۴ ؍رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بڑودہ کی ٹیم نے شیوالک شرما کی غیر معمولی بلے بازی کی بدولت صرف ۱۰ء۲ ؍اوور میں ۲ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۸ ؍رنز بناکر کامیابی حاصل کرلی۔شیوالک نے محض ۳۹ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۰۱؍ رنز بنائے۔ ان کی اننگز نے میزورم کے گیند بازوں کو بے بس کردیا۔ شبھشوت راوت نے بھی ۱۴ ؍گیندوں پر ۲۵ ؍رنز بناکر ان کا ساتھ دیا۔ اس شاندار کارکردگی پر شیوالک شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔’
یہ بھی پڑھئے:کپتانی کے پہلے میچ میں شکست کے بعد ویبھو سوریہ ونشی بہار کی ٹیم سے باہر
پڈوچیری نے تریپورہ کو ۴۰ ؍رنز سے ہرایا
ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں پڈوچیری نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰ ؍اوور میں ۲۰۹ ؍رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ٹیم کی جانب سے امان خان نے ۴۵ ؍گیندوں پر ۶۹؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ۸ ؍چوکے اور ۲ ؍چھکے شامل تھے۔ بھانو آنند نے ۳۸ ؍گیندوں پر ۵۹ ؍رنز بنائے، جبکہ آکاش نے صرف ۸ ؍گیندوں پر ۲۹ ؍رنز بناکر اننگز کو تیز رفتار اختتام دیا۔۲۱۰ ؍رنز کے ہدف کے تعاقب میں تریپورہ کی ٹیم مقررہ ۲۰ ؍اوور میں ۹ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۹ ؍رنز ہی بناسکی۔ سریدام پال نے ۳۳ ؍گیندوں پر ۵۷ ؍رنز بنائے، جبکہ ارندم برمن نے ۲۴ ؍اور منی شنکر مرسنگھ نے ۲۱ ؍رنز اسکور کیے۔پڈوچیری کی جانب سے امان خان نے بلے بازی کے بعد گیند بازی میں بھی عمدہ مظاہرہ کیا اور ۲۲ ؍رنز دے کر ۲ ؍وکٹیں حاصل کیں۔ ششانک سنگھ نے بھی ۲ ؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ امان خان کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔