Updated: November 09, 2026, 9:02 PM IST
| Mumbai
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل جذباتی تحریر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نسل استاد بسم اللہ خان کا گھر بھی محفوظ نہیں رکھ سکی، حالانکہ وہ ملک کا قیمتی ثقافتی ورثہ تھے۔ انوبھو سنہا نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم فنکار کی زندگی، موسیقی اور شہنائی کے فن کو نہ صرف خود سمجھیں بلکہ آنے والی نسلوں تک بھی پہنچائیں۔
انوبھو سنہا۔ تصویر:آئی این این
معروف فلمساز اور ہدایت کار انوبھو سنہا نے شہنائی کے عظیم فنکار اور بھارت رتن سے سرفراز استاد بسم اللہ خان کے وارانسی میں واقع آبائی مکان کو منہدم کیے جانے کی خبروں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل جذباتی تحریر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نسل استاد بسم اللہ خان کا گھر بھی محفوظ نہیں رکھ سکی، حالانکہ وہ ملک کا قیمتی ثقافتی ورثہ تھے۔ انوبھو سنہا نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم فنکار کی زندگی، موسیقی اور شہنائی کے فن کو نہ صرف خود سمجھیں بلکہ آنے والی نسلوں تک بھی پہنچائیں۔
انوبھو سنہا نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ چند ماہ قبل وارانسی گئے تھے، جہاں کچھ نوجوان سوشل میڈیا تخلیق کاروں نے انہیں شہر کی مختلف جگہوں کی سیر کرائی۔ اسی دوران ان کے دل میں استاد بسم اللہ خان کے گھر جانے کی خواہش پیدا ہوئی۔ وہ وہاں پہنچے تو مکان کی حالت دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے لکھا کہ جس شخصیت نے اپنی شہنائی کے ذریعے پوری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن کیا، ان کا گھر اس حالت میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔فلمساز کے مطابق استاد بسم اللہ خان کا کمرہ مکان کی چھت پر تھا۔ اہل خانہ نے انہیں وہ کمرہ دکھایا جہاں ایک کرسی، لکڑی کا بستر اور الماری پر رکھی چند ٹوٹی ہوئی شہنائیاں موجود تھیں۔ یہی وہ جگہ تھی جہاں استاد گھنٹوں ریاض کیا کرتے تھے۔ انوبھو سنہا نے بتایا کہ اس کمرے میں بیٹھ کر انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ خود استاد بسم اللہ خان کی موجودگی میں بیٹھے ہوں۔ اس لمحے وہ جذباتی ہوگئے اور وہاں سے واپس آنے کا دل نہیں چاہ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:’’گوڈزیلا مائنس زیرو‘‘ عالمی باکس آفس پر پہلے نمبر پر، ’’رامائن‘‘ دوسرے مقام پر
انوبھو سنہا نے اپنی تحریر میں استاد بسم اللہ خان کی فنکارانہ عظمت کا ذکر کرتے ہوئے ایک واقعہ بھی بیان کیا۔ ان کے مطابق ایک صحافی نے استاد سے سوال کیا تھا کہ شہنائی بجاتے ہوئے بعض اوقات آپ کے چہرے پر مسکراہٹ کیوں آجاتی ہے؟ اس پر استاد نے جواب دیا تھا کہ جب روزانہ صحیح سُر نکلتا ہے تو دل خوش ہوجاتا ہے۔ انوبھو سنہا نے لکھا کہ یہ وہ فنکار تھے جن کی انگلیوں کے اشاروں پر سُر کٹھ پتلیوں کی طرح رقص کرتے تھے۔انہوں نے گلوکارہ سنیدھی چوہان کو بھی اس واقعہ کے بارے میں بتانے کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق یہ قصہ سن کر سنیدھی چوہان بھی کچھ دیر خاموش ہوگئی تھیں اور دونوں اس عظیم فنکار کی موسیقی اور شخصیت سے متاثر ہوئے تھے۔
انوبھو سنہا نے یورپ کے ایک سفر کا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ایک فرانسیسی دوست کے ساتھ طویل سڑک کے سفر پر تھے۔ گاڑی میں ناروے کے معروف جاز موسیقار جان گارباریک کی موسیقی چل رہی تھی۔ اسی دوران انہیں استاد بسم اللہ خان یاد آئے تو انہوں نے اپنے دوست سے پوچھا کہ کیا اس نے کبھی بسم اللہ خان کی شہنائی سنی ہے؟ دوست کے انکار پر انہوں نے اگلے تقریباً تین گھنٹے تک گاڑی میں استاد کی شہنائی سنائی۔انوبھو سنہا کے مطابق ان کے دوست نے موسیقی سن کر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ استاد بسم اللہ خان نے وہ کام بہت پہلے کردکھایا تھا جو مغرب میں بعد کے زمانے میں سامنے آئے۔ اس واقعہ کے ذریعے فلم ساز نے یہ پیغام دیا کہ استاد کا فن کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں تھا بلکہ عالمی موسیقی کی تاریخ میں ان کا مقام انتہائی اہم ہے۔
یہ بھی پڑھئے:لینڈو نورس کی شاندار جیت، میکس ورسٹاپن کی ناقابلِ یقین واپسی
انوبھو سنہا نے لکھا کہ استاد بسم اللہ خان کو دنیا بھر میں پرفارم کرنے کی دعوتیں ملتی تھیں، لیکن وہ ہمیشہ وارانسی واپس آتے تھے۔ وہ بنارس کو دنیا کی سب سے خوبصورت جگہوں میں شمار کرتے تھے اور اس شہر سے انہیں بے پناہ محبت تھی۔ فلم ساز نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت رتن جیسے عظیم فنکار کے آبائی مکان کو محفوظ نہیں رکھا جاسکا۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ استاد بسم اللہ خان ماں سرسوتی اور بھگوان شیو کے عقیدت مند تھے اور ایک مذہبی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ موسیقی کے ذریعے ہندوستان کی مشترکہ تہذیبی روایت کی علامت بھی تھے۔ وہ گنگا میں غسل کرنے کے بعد مندر کے پیچھے بیٹھ کر شہنائی کا ریاض کیا کرتے تھے۔ انوبھو سنہا کے مطابق ان کی زندگی اور فن ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب اور مذہبی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال ہے۔ اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ استاد بسم اللہ خان کی موسیقی سنیں، ان کے بارے میں جانیں اور ان کے فن کو نئی نسل تک پہنچائیں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ہماری نسل ان کا گھر بھی نہیں بچا سکی، لیکن کم از کم ان کی موسیقی اور ورثے کو محفوظ رکھنا اب نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب اس معاملے میں ایک اہم وضاحت بھی سامنے آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے گئے تھے کہ سڑک کی توسیع یا شہری ترقیاتی منصوبے کے تحت استاد بسم اللہ خان کا آبائی مکان منہدم کیا گیا ہے، تاہم وارانسی میونسپل کارپوریشن اور ترقیاتی حکام نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً ۹۰ سال پرانی عمارت خستہ حال ہوچکی تھی اور اسے منہدم کرنے کا فیصلہ خاندان نے خود کیا ہے تاکہ وہاں دوبارہ تعمیر کی جاسکے۔