Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈریک نے مائیکل جیکسن کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا، بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ پر نئی تاریخ رقم

Updated: May 27, 2026, 10:19 PM IST | Ottawa

کنیڈین ریپر ڈریک نے بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ پر ایک سولو مرد فنکار کے طور پر سب سے زیادہ نمبر وَن گانوں کے معاملے میں مائیکل جیکسن کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ان کے تین نئے البمز کی ریلیز کے بعد نہ صرف متعدد گانے چارٹ میں شامل ہوئے بلکہ انہوں نے ایک ہی ہفتے میں سب سے زیادہ اندراجات کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

Drake. Photo: X
ڈریک۔ تصویر: ایکس

عالمی شہرت یافتہ کنیڈین ریپر ڈریک نے موسیقی کی دنیا میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے مائیکل جیکسن کا بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ چارٹ پر سب سے زیادہ نمبر ون گانوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہ کامیابی ان کے گانے ’’STFU‘‘ کی چارٹ پر شاندار انٹری کے بعد سامنے آئی، جو ان کے حالیہ تین البمز ’’آئس مین‘‘، ’’میڈ آف آنر‘‘ اور ’’حبیبی‘‘ کی ریلیز کے بعد بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ پر شامل ہوا۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ڈریک اب مجموعی طور پر ۱۴؍ نمبر ون گانوں کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ اور ریحنہ کے برابر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں اب صرف ماریہ کیری (۱۹؍ نمبر ون گانے) اور دی بیٹلس (۲۰؍ نمبر ون گانے) ان سے آگے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’چنری چنری‘ تنازع: واشو بھگنانی کے الزامات پر ٹپس فلمز اور فلم ٹیم کا سخت ردعمل

اسی کے ساتھ، ڈریک نے ایک ہی ہفتے میں بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ پر سب سے زیادہ گانوں کے اندراج کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ ان کے ۴۲؍ گانے ایک ہی ہفتے میں چارٹ میں شامل ہوئے، جس کے ساتھ انہوں نے مورگن والین کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ مورگن والین نے اس سے قبل ۳۷؍ گانوں کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جبکہ ٹیلر سوئفٹ اور والین دونوں ۳۲؍، ۳۲؍ اندراجات کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔ ڈریک کا اس سے قبل بہترین ذاتی ریکارڈ ۲۰۱۸ء میں قائم ہوا تھا، جب ان کے ۲۷؍ گانے ایک ہی ہفتے میں چارٹ میں شامل ہوئے تھے۔

موجودہ بل بورڈ ٹاپ ۱۰؍ میں بھی ڈریک کی زبردست اجارہ داری دیکھی گئی، جہاں انہوں نے دس میں سے نو مقامات پر قبضہ جما لیا۔ صرف ایلا لینگلی کا گانا ’’ٹیکساس چوزن‘‘ نمبر ۵ پر اس فہرست میں شامل رہا۔ اس کامیابی کے بعد ڈریک کے کریئر میں بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ پر ٹاپ ۱۰؍ ہٹس کی مجموعی تعداد ۹۰؍ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ وہ تاریخ کے پہلے فنکار بھی بن گئے ہیں جن کے ۴۰۰؍ سے زیادہ گانے بل بورڈ ہاٹ ۱۰۰؍ میں داخل ہو چکے ہیں۔

یہ تاریخی کامیابیاں ۱۵؍ مئی کو ان کے تین البمز ’’آئس مین‘‘، ’’میڈ آف آنر‘‘ اور ’’حبیبی‘‘ کی بیک وقت ریلیز کے بعد سامنے آئیں۔ ’’آئس مین‘‘ کو ڈریک تقریباً دو برس سے پرفارم کرتے آ رہے تھے۔ انہوں نے مختلف لائیو اسٹریمز میں گانوں کے حصے سنائے تھے، جبکہ البم کی ریلیز سے چند گھنٹے قبل اپنے چوتھے لائیو اسٹریم کے دوران دو سرپرائز البمز ’’میڈ آف آنر‘‘ اور ’’حبیبی‘‘ کا اعلان بھی کیا۔ ان تینوں البمز نے ریلیز کے فوراً بعد تاریخ رقم کی اور بل بورڈ ۲۰۰؍ چارٹ پر بالترتیب نمبر ۱ ، نمبر ۲ اور نمبر ۳؍ پر ڈیبیو کیا۔

یہ بھی پڑھئے: زویا اختر کے ٹائیگر بے بی آفس میں چوری، ۶۶؍ ہارڈ ڈسک غائب

آئس مین نے پہلے ہفتے میں ۴؍ لاکھ ۶۳؍ ہزار مساوی البم یونٹس حاصل کئے، جس کے ساتھ یہ ڈریک کا ۱۵؍ واں نمبر ون البم بن گیا۔ اس کامیابی کے ذریعے انہوں نے جے زی کا سولو مرد اور آر اینڈ بی /ہپ ہاپ فنکار کے طور پر سب سے زیادہ نمبر ون البمز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس کے علاوہ، ڈریک نے سولو فنکاروں میں سب سے زیادہ نمبر ون البمز کے معاملے میں ٹیلر سوئفٹ کی بھی برابری کر لی ہے۔ اس فہرست میں اب بھی دی بیٹلس ۱۹؍ نمبر ون البمز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ موسیقی کے ناقدین کے مطابق، یہ کامیابیاں نہ صرف ڈریک کی عالمی مقبولیت بلکہ اسٹریمنگ دور میں ان کی بے مثال تجارتی طاقت کی بھی عکاسی کرتی ہیں، جہاں وہ مسلسل چارٹس، اسٹریمنگ ریکارڈز اور پاپ کلچر پر اپنی گرفت مضبوط کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK