دوسری بات یہ کہ ہمیں کبھی ایسا محسوس ہی نہیں ہوا کہ ہم کسی فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ ہم سب ایک خاندان کی طرح تھے۔ عامر خان نے سب کو ایک دھاگے میں پرو دیا تھا۔
EPAPER
Updated: June 21, 2026, 10:49 AM IST | Mumbai
دوسری بات یہ کہ ہمیں کبھی ایسا محسوس ہی نہیں ہوا کہ ہم کسی فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ ہم سب ایک خاندان کی طرح تھے۔ عامر خان نے سب کو ایک دھاگے میں پرو دیا تھا۔
ہدایت کاراشوتوش گواریکر کی آسکر کے لیے نامزد ہونے والی مشہور اسپورٹس ڈرامہ فلم ’لگان‘کو ریلیز ہوئے ۲۵؍سال مکمل ہو چکے ہیں۔ ۱۸۹۳ءکے برطانوی نوآبادیاتی دورکے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ تقریباً ۲۵؍کروڑ روپے کے بجٹ سےتیار ہونے والی اس فلم نے باکس آفس پر ۶۶؍کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا تھا۔ فلم کی سلور جوبلی کے موقع پر ’لگان‘میں بھورا کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار رگھوبیر یادو نے خصوصی گفتگو میں شوٹنگ سے جڑی کئی یادگار باتوں کا ذکر کیا۔ ’لگان‘ کی شوٹنگ گجرات کے ضلع کچّھ میں ہوئی تھی، جو اپنی شدید گرمی کے لیے مشہور ہے۔ جب رگھوبیر یادو سے فلم کی شوٹنگ کی پہلی یاد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا’’سب سے پہلے مجھے وہاں کی گرمی یاد آتی ہے۔ ہم تقریباً۶؍ ماہ تک وہاں رہے تھے، جنوری سے لے کر جون تک۔ فلم کی شوٹنگ کرتے کرتے ہماری جلد دھوپ کی وجہ سے کافی سانولی ہو گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ریما لاگونے ماں کے کرداروں سے مقبولیت حاصل کی
دوسری بات یہ کہ ہمیں کبھی ایسا محسوس ہی نہیں ہوا کہ ہم کسی فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ ہم سب ایک خاندان کی طرح تھے۔ عامر خان نے سب کو ایک دھاگے میں پرو دیا تھا۔ آج کل ایسا رشتہ بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ وہاں کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں تھا، سب برابر تھے۔ ‘‘رگھوبیر یادو نے انکشاف کیا کہ’لگان‘کے سیٹ پر نظم و ضبط کے معاملے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جاتی تھی۔ تمام فنکاروں اور تکنیکی عملے کو مقررہ وقت پر کھانا کھانا، کام کرنا اور بس کے ذریعے سفر کرنا ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا’’ہم روزانہ صبح ۴؍ بجے اٹھتے اور روانہ ہو جاتے تھے۔ ہماری بس کا وقت مقرر تھا۔ جو شخص بس چھوٹ جانے کی وجہ سے پیچھے رہ جاتا، اسے کسی نہ کسی طریقے سے خود آنا پڑتاتھا۔ بس کبھی کسی کا انتظار نہیں کرتی تھی، وہ وقت پر روانہ ہو جاتی تھی۔ ‘‘رگھوبیر یادو نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا’’ایک بار عامر خان بھی دیر سے پہنچےتھے۔ چونکہ اصول سب کے لیے یکساں تھا، اس لیے ان کے ساتھ بھی کوئی خصوصی رعایت نہیں کی گئی۔ بس روانہ ہو گئی۔ بعد میں عامر خان نے کیمرہ مین انیل سے مدد لی اور ان کی گاڑی میں بیٹھ کر شوٹنگ کے مقام تک پہنچے۔ ‘‘