Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایکتا کپور نے ٹی وی، فلموں اور ویب سیریز کی دنیا میں نام کمایا

Updated: June 07, 2026, 10:16 AM IST | Mumbai

ہندوستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں اگر کسی ایک شخصیت نے سب سےزیادہ اثر ڈالا ہے تو وہ ایکتا کپور ہیں۔ انہیں بجا طور پر’ٹیلی ویژن کوئین‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ ۲۰۰۰ء کی دہائی میں ہندوستان کے گھروں میں نشر ہونے والے مقبول ترین سیریلز میں سے بیشتر ان ہی کی تخلیق تھے۔

Ekta Kapoor has made many famous films. Photo: INN
ایکتا کپور نے کئی مشہور فلمیں بنائیں۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں اگر کسی ایک شخصیت نے سب سےزیادہ اثر ڈالا ہے تو وہ ایکتا کپورہیں۔ انہیں بجا طور پر’ٹیلی ویژن کوئین‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ ۲۰۰۰ء کی دہائی میں ہندوستان کے گھروں میں نشر ہونے والے مقبول ترین سیریلز میں سے بیشتر ان ہی کی تخلیق تھے۔ ایکتا کپور نے نہ صرف ٹیلی ویژن کی دنیا کو نئی سمت دی بلکہ فلموں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں بھی اپنی مضبوط شناخت قائم کی۔ آج وہ ہندوستان کی کامیاب ترین خواتین کاروباری شخصیات اور پروڈیوسرز میں شمار کی جاتی ہیں۔

ایکتا کپور۷؍جون ۱۹۷۵ءکو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ وہ معروف اداکار جتیندراور پروڈیوسر شوبھا کپورکی بیٹی ہیں۔ان کا چھوٹا بھائی تشار کپوربھی فلمی دنیا سے وابستہ ہے۔فلمی ماحول میں پرورش پانے کے باوجود ایکتا کپور نے ابتدا میں اداکاری کے بجائے پروڈکشن کے شعبے کواپنا میدانِ عمل بنایا۔ نوجوانی میں انہوںنے کئی مختلف کاروباری منصوبوں پر غور کیا، لیکن جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ ان کی اصل صلاحیت تفریحی موادکی تیاری اور پیش کش میں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا سے دوری نے زندگی بدل دی، تاپسی پنو کا ڈِجیٹل کلچر پر اظہارِ خیال

۱۹۹۴ء میں ایکتا کپور نے اپنی والدہ شوبھا کپور کے ساتھ مل کر بالاجی ٹیلی فلمزکی بنیاد رکھی۔ ابتدا میں کمپنی کو خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور کئی پروگرام ناکام رہے، لیکن ایکتا نے ہمت نہیں ہاری۔چند برسوں کی جدوجہد کے بعد بالاجی ٹیلی فلمز ہندوستان کی سب سے بڑی ٹیلی ویژن پروڈکشن کمپنیوں میں شمار ہونے لگی۔ ایکتا کپور کی کامیابی کا اصل رازناظرین کی پسند کو سمجھنے کی صلاحیت تھی۔ انہوں نے ایسے ڈرامے پیش کیے جو متوسط ہندوستانی خاندانوں کی زندگی، رشتوں اور جذبات کے گرد گھومتے تھے۔

ٹیلی ویژن میں بے مثال کامیابی کے بعد ایکتا کپور نے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ ان کے پروڈکشن ہاؤس نے متعدد کامیاب فلمیں بنائیں، جن میں دی ڈرٹی پکچر، ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی، ایک ویلن، ویرے دی ویڈنگ اور ڈریم گرل جیسی فلمیں شامل ہیں۔ان فلموں نے نہ صرف باکس آفس پر کامیابی حاصل کی بلکہ مختلف موضوعات اور جرات مندانہ کہانیوں کے باعث بھی توجہ حاصل کی۔ڈیجیٹل دور کی آمد کے ساتھ ایکتاکپور نے ایک اور اہم قدم اٹھایا۔ ۲۰۱۷ءمیں انہوں نے آلٹ بالاجی کے نام سے ایک او ٹی ٹی پلیٹ فارم شروع کیا۔اس پلیٹ فارم پر متعدد ویب سیریز پیش کی گئیں، جن میں نوجوانوں اور شہری زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ اس اقدام نے ایکتا کپور کو صرف ٹی وی پروڈیوسر ہی نہیں بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کی اہم کاروباری شخصیت بھی بنا دیا۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۴؍ سال کی عمر میں کامیابی کے باوجود وقفہ لیا، دیا مرزا کا انکشاف

ایکتا کپور کا ایک بڑا کارنامہ نئےاداکاروں اور تخلیق کاروں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کے سیریلز اور فلموں سے بے شمار فنکاروں کو شہرت ملی، جن میں اسمرتی ایرانی، ساکشی تنور، رونت رائے، پراچی دیسائی،سشانت سنگھ راجپور اور انکیتا لوکھنڈےجیسے نام نمایاں ہیں۔ایکتا کپور کو ہندوستانی تفریحی صنعت میں خدمات کے اعتراف میں متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔۲۰۱۲ءمیں انہیں انٹرنیشنل ایمی ڈائریکٹریٹ ایوارڈدیا گیا، جو عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے۔۲۰۲۰ءمیں حکومت ہند نےانہیں پدم شری سے نوازا، جو ملک کا چوتھا بڑا شہری اعزاز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK