گھر میں گھسےمسلح چور کے وارسے بچنے کیلئے متاثرہ نے مدد کیلئے چیخ پکار کی اس کے باوجود کالونی کے لوگوں نے مداخلت کی ہمت نہیں کی، اس دوران ملاجی نامی معمر شخص نے جرأتمندی کا مظاہرہ کیا اور چور کو دھردبوچ لیا۔
EPAPER
Updated: January 01, 2026, 6:00 PM IST | Inquilab News Network | Bareilly
گھر میں گھسےمسلح چور کے وارسے بچنے کیلئے متاثرہ نے مدد کیلئے چیخ پکار کی اس کے باوجود کالونی کے لوگوں نے مداخلت کی ہمت نہیں کی، اس دوران ملاجی نامی معمر شخص نے جرأتمندی کا مظاہرہ کیا اور چور کو دھردبوچ لیا۔
یہاں ایک معمر مسلم اسکریپ ڈیلر نے اپنی بہادری اور جرأتمندی سے خاتون سماجی رضاکار کی جان بچائی۔ نثار احمد عرف ملاجی کے حوصلے اوربہادری کی شہربھر میں پزیرائی کی جارہی ہے۔حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ سنیچر کی صبح ۱۱؍بجے کے قریب پیش آیا ۔ جانوروں کی فلاح و بہبود کی تنظیم’مرسی فار آل سوسائٹی‘ کی سربراہ اور سماجی کارکن شالنی اروڑا کے گھر میں مسلح چور داخل ہوا۔اس وقت شالنی اروڑا اور ان کی گھریلو ملازمہ کم کم اندرموجود تھیں۔ جیسے ہی چور اندر داخل ہوا شالنی کے پالتو کتے نے اس پر حملہ کر دیا۔ اس کی ٹانگ پر حملہ کرکےاسے نیچے گرادیا۔مشتعل ہو کر ملزم نے کتے اور پھر شالنی پر حملہ کر دیا۔ ان کی چیخیں سن کر کم کم کمرے سے باہر بھاگی لیکن حملہ آور دونوں پر حملہ کرتا رہا۔ شالنی نے زور سے چلاکر مدد کے لئے پکارا لیکن بار بار چیخنے کے باوجود کوئی پڑوسی آگے نہیں آیا۔ راہگیروں کی ایمرجنسی نمبر۱۱۲؍پر کال کرنے کی تمام کوششیں بھی ناکام ثابت ہوئیں۔اسی لمحے وہاں سے گزرنے والے ایک مسلم اسکریپ ڈیلر نے مدد کے لئے پکارنے کی آواز سنی۔وہ اپنی جان کی پرواکئے بغیر گھر میں داخل ہوئے اور حملہ آور کا مقابلہ کیا۔ چور بھی متشدد ہو گیا اور اسکریپ ڈیلر کے سر اور ہاتھ پرحملہ کر دیا۔انہوں نےزخمی ہونے کے باوجوداس وقت تک چور کو دبوچے رکھا جب تک کہ شالنی کے ملازمین نہیں پہنچ گئے۔ پھر سب نے مل کر حملہ آور کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔دوران تفتیش ملزم نے اپنا نام نثار احمد بتایا۔ جھڑپ کے دوران شالنی، کم کم اورمسلم اسکریپ ڈیلر زخمی ہو گئے۔ نثار کے خلاف عزت نگر پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کی گئی اور پولیس حکام نے تصدیق کی کہ ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔اس واقعے کے بعد شالنی اروڑا نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں مُلّا جی ( اسکریپ ڈیلر) کی بہادری کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات کو انسانیت کی حقیقی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور ایمان بالآخر ہمدردی کا درس دیتے ہیں جس کی قدر اس کے اعمال سے واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔ اگلے دن اس نے اپنی جان بچانے کے لئے ذاتی طور پر شکریہ ادا کرنے کے لئےاس مسلم اسکریپ ڈیلر کو اپنے گھر بلایا۔ اس واقعے کی بڑے پیمانے پر تعریف کی گئی اور کہا گیا کہ اسکریپ ڈیلر کی بروقت مداخلت سے نہ صرف ایک بڑا پرتشدد واقعہ ٹل گیا بلکہ ان کی ہمت اور بہادی ملزم کی گرفتاری کا باعث بھی بنی۔