موسیقار کلیان جی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔وہ۷۰ءکی دہائی کےکامیاب موسیقاروں میں سے ایک ہیں ۔
EPAPER
Updated: August 24, 2023, 12:36 PM IST | Agency | Mumbai
موسیقار کلیان جی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔وہ۷۰ءکی دہائی کےکامیاب موسیقاروں میں سے ایک ہیں ۔
موسیقار کلیان جی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ وہ۷۰ءکی دہائی کےکامیاب موسیقاروں میں سے ایک ہیں۔ کیا خوب لگتی ہو،‘ ’زندگی کا سفر،‘ ’مجھ کو اس رات کی تنہائی میں آواز نہ دو،‘ ’قسمیں وعدے پیار وفا‘ جیسے دل کو چھو لینے والےگیتوں کی دھن بنانے والےموسیقار کلیان جی ویرجی شاہ کی پیدائش ۳۰؍جون۱۹۲۸ءکوگجرات کے کچھ کے کنڈروڈی میں ہوئی تھی۔وہ بچپن سے ہی موسیقار بننے کا خواب دیکھاکرتےتھےحالانکہ انہوں نے کسی استادسےموسیقی کی تعلیم نہیں لی اور اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ ممبئی آگئے۔
بطور موسیقار سب سے پہلے انہیں ۱۹۵۸ء میں فلم ’سمراٹ چندرگپت‘ میں موسیقی دینے کا موقع ملا لیکن فلم کی ناکامی کی وجہ سے وہ اپنی کوئی شناخت نہیں بنا پائے۔اس دوران انہوں نے کئی بی اور سی گریڈ کی فلمیں بھی کیں ۔تقریباً ۲؍برسوں تک فلم انڈسٹری میں جدوجہدکرنے کے بعد۱۹۶۰ءمیں کلیان جی نے اپنے چھوٹے بھائی آنند جی کو بھی ممبئی بلالیا اور دونوں نے ساتھ مل کر موسیقی دیناشروع کردیااور کلیان جی آنند جی کے نام سے مشہور ہوگئے۔اسی سال فلم ’چھلیا‘ کی کامیابی کے بعد بطور موسیقار کچھ حدتک وہ اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس فلم میں ان کی موسیقی سے سجے نغمات ڈم ڈم ڈگا ڈگا، چھليا میرا نام سامعین کے درمیان آج بھی مقبول ہیں ۔۱۹۶۵ءمیں ریلیز فلم ’ہمالیہ کی گود میں ‘ کی کامیابی کےبعد کلیان جی آنندجی شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچے۔ ان کی جوڑی پروڈیوسر ، ڈائرکٹر منوج کمارکےساتھ خوب جمی۔ منوج کمار نے سب سےپہلے انہیں فلم ’اپکار‘ میں موسیقی دینے کی پیشکش کی۔ ان کی موسیقی سے سجے دل کو چھو لینے والے اندیور کے نغمے ’قسمیں وعدے پیار وفا‘ نے ناظرین کومسحور کردیا۔اس کے علاوہ منوج کمار کی ہی فلم ’پورب اور پچھم‘ کے لئے کلیان جی نے ’دلہن چلی، پہن چلی تین رنگ کی چولی‘ اور ’کوئی جب تمہارا ہردے توڑ دے‘ نغموں میں سدابہار موسیقی دے کر الگ ہی سماں باندھ دیا۔
’’چھوڑدے ساری دنیا کسی کیلئے،چندن سا بدن اور میں تو بھول چلی بابل کا دیش‘‘ جیسے نہ بھولنے والے اندیور کے لکھے نغموں کو کلیان جی آنند جی نےہی موسیقی دی تھی۔۱۹۷۰ءمیں وجےآنند کی ہدایت والی فلم جانی میرا نام میں ’’نفرت کرنے والوں کے سینے میں پیار بھردوں ، پل بھر کیلئےکوئی مجھے پیار کرلے‘‘جیسی رومانوی موسیقی دے کر انہوں نے شائقین کا دل جیت لیا۔
من موہن دیسائی کی فلم ’سچا جھوٹا‘ کیلئے کلیان جی آنند جی نے بے مثال موسیقی دی۔ ’میری پیاری بہنیابنےگی دلہنیا‘ آج بھی شادیوں کے موقع پر سنا جاتا ہے تو سلطان احمدکی فلم ’داتا‘ کا نغمہ ’بابل کا یہ گھر بہنا ایک دن کا ٹھکانہ ہے‘ ناظرین کی آنکھوں کو نم کردیتا ہے۔
۱۹۶۸ءمیں فلم سرسوتی چند کیلئےکلیان جی آنندجی کو سرفہرست موسیقار کا نیشنل ایوارڈ کے ساتھ ساتھ فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔اس کے علاوہ ۱۹۷۴ءمیں فلم کورا کاغذ کیلئےبھی انہیں بہترین موسیقار کے فلم فیئرایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
کلیان جی نےاپنے فلمی کریئر میں تقریباً ۲۵۰؍فلموں میں موسیقی دی ہے۔موسیقی کے میدان میں قابل قدر شراکت کے مدنظر ۱۹۹۲ء میں انہیں پدم شری سے بھی نوازا گیا۔ تقریباً۴؍ دہائیوں تک اپنی جادوئی موسیقی سےسامعین کو مسحورکرنے والے کلیان جی ۲۴؍اگست۲۰۰۰ء کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔