Inquilab Logo

ٹی وی شو’تارک مہتا کا الٹا چشمہ ‘میں دوسرے ’نٹو کاکا ‘کی انٹری

Updated: July 02, 2022, 12:56 PM IST | Agency | Mumbai

پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے بتایا کہ گجراتی انڈسٹری کی معروف شخصیت کرن بھٹ اب اس شو میں نٹو کاکا کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

مشہور ٹی وی شو `’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے نٹو کاکا عرف گھنشیام نائک کوگزرے ہوئے۹؍ ماہ ہو چکے ہیں۔ شو کے میکرز  کو اب ان کا متبادل مل گیا ہے۔ گجراتی انڈسٹری کی معروف شخصیت کرن بھٹ اب اس شو میں نٹو کاکا کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ شو کے پروڈیوسر اسیت مودی نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ کرن اس کردار کے ساتھ ضرور انصاف کریں گے۔
کردار کبھی نہیں مرتا
 روزنامہ بھاسکر کے ساتھ بات چیت کے دوران اسیت مودی نے کہا’’یہ ہمارے لیے بہت جذباتی لمحہ ہے، گھنشیام نائک جی کو گزشتہ۱۳؍ سال سے نٹو کاکا کے کردار میں دیکھا جا رہا تھا اور ان کی جگہ  پُرکرنا آسان نہیں تھا۔ میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ کردار کبھی نہیں مرتا، شو کو چلنا چاہئے۔ ہمارے شو میں ہر کردار بہت اہم ہے، نٹو کاکا بھی۔ پچھلے کچھ مہینوں سے ہم نے اس کردار کے لیے آڈیشن کرنا شروع کر دیا ہے۔ ناظرین اس کردار کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
کرن بھٹ نٹو کاکا کا کردار ادا کریں گے
 اسیت کمار مودی نے مزید کہا’’کچھ آڈیشنز کے بعد، ہم نے کرن بھٹ، ایک مشہور گجراتی اداکار، پروڈیوسر، ہدایت کار کو نٹو کاکا کے طور پر کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں انہیں کئی سالوں سے جانتا ہوں اور جب میں پہلی بار ان سے ملا، مجھے احساس ہواکہ یہ ہمارے نٹو کاکا ہوسکتے ہیں۔گھنشیام نائک جی کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، لیکن مجھے یقین ہے کہ کرن بھٹ ناظرین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گے۔کرن بھٹ  اس کردار کے  ساتھ ضرور انصاف کریں گے۔  واضح رہےکہ گھنشیام نائک کے ذریعہ ادا کیا گیا نٹو کاکا ایک ایسا کردار تھا جسے فراموش نہیں کیا جائے گا۔ بتادیں کہ گھنشیام نائک  ایک سال تک کینسر  جیسے مرض سے طویل جنگ لڑنے کے بعد۳؍ اکتوبر۲۰۲۱ء کو انتقال کر گئے تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK