Updated: June 03, 2026, 4:02 PM IST
| London
مقبول نفسیاتی ڈرامہ سیریز Euphoria اپنے تیسرے سیزن کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ سیریز کے خالق اور ہدایت کار Sam Levinson نے تصدیق کی ہے کہ سیزن ۳؍ فرنچائز کا آخری باب ہوگا۔ طویل تاخیر، اسکرپٹ میں تبدیلیوں، کاسٹ کی مصروفیات اور پروڈکشن کو درپیش متعدد مشکلات کے بعد نشر ہونے والے اس سیزن نے ایک بار پھر تعریف اور تنازع دونوں کو جنم دیا ہے۔
ٹیلی ویژن کی مقبول ترین اور متنازع سیریز میں شمار ہونے والی Euphoria اپنے تیسرے سیزن کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ سیریز کے خالق، مصنف اور ہدایت کار Sam Levinson نے تصدیق کی ہے کہ سیزن ۳؍ اس فرنچائز کا آخری سیزن ہوگا اور اسی کے ساتھ شو کی کہانی اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گی۔ لیونسن نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ تیسرے سیزن کو ہمیشہ ایک ایسے مرحلے کے طور پر دیکھا گیا تھا جہاں کردار اپنی اسکول زندگی سے آگے نکل کر حقیقی دنیا کے پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کہانی اب اپنے قدرتی اختتام تک پہنچ چکی ہے اور اسے غیر ضروری طور پر طول دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آپ کا مشن اے آئی کو تباہ کرنا ہے: ہارورڈ میں اداکار رونی چیانگ کا خطاب وائرل
اس اعلان کی بعد میں ایچ بی او کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی۔ سیریز کی مرکزی اداکارہ زینڈایا اس سے قبل متعدد انٹرویوز میں کہہ چکی تھیں کہ انہیں یقین ہے کہ تیسرے سیزن کے بعد شو ختم ہو جائے گا۔ ’’یوفوریا‘‘ کے تیسرے سیزن کی تیاری آسان نہیں رہی۔ ابتدائی طور پر اسے ۲۰۲۴ء میں نشر کیا جانا تھا، لیکن اسکرپٹ میں بڑی تبدیلیوں اور کہانی میں وقت کے طویل وقفے (ٹائم جمپ) کو شامل کرنے کی وجہ سے پروڈکشن بار بار مؤخر ہوتی رہی۔ اس تاخیر کے دوران مرکزی کاسٹ کے کئی اداکار دیگر منصوبوں میں مصروف ہو گئے، جن میں زینڈایا، سڈنی سوینی اور جیکب ایلورڈی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’دِرِیشیم۳‘‘: اجے دیوگن کی فلم کی شوٹنگ مکمل، پوسٹ پروڈکشن پرکام شروع
سیریز کو ایک اور بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اداکار اینگس کلاؤڈ، جنہوں نے فیز کا کردار ادا کیا تھا، انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ پروڈیوسر کیون ٹیورن کی وفات نے بھی ٹیم کو متاثر کیا۔ ۲۰۲۳ء میں ہالی ووڈ کی مصنفین اور اداکاروں کی ہڑتالوں نے بھی فلم بندی اور تحریری عمل میں مزید تاخیر پیدا کی۔ ۲۰۱۹ء میں اپنے آغاز کے بعد سے ’’یوفوریا‘‘ نے دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ نوجوانوں کی ذہنی صحت، منشیات، تعلقات، شناخت اور جدید سماجی مسائل کو پیش کرنے کے منفرد انداز نے اسے جدید ٹی وی کی نمایاں ترین سیریز میں شامل کر دیا۔ خاص طور پر زندایا نے مرکزی کردار ’’رو‘‘ کی اداکاری کے لیے دو مرتبہ ایمی ایوارڈ حاصل کیے، جو ٹیلی ویژن کی دنیا میں ایک اہم کامیابی سمجھی جاتی ہے۔ تاہم، سیریز کو ہمیشہ تنازعات کا بھی سامنا رہا۔ ناقدین نے متعدد مواقع پر شو میں منشیات کے استعمال، جنسی مناظر، عریانیت اور نوجوان کرداروں سے متعلق حساس موضوعات کی پیشکش پر سوالات اٹھائے۔ تیسرے سیزن کے بعد یہ بحث مزید شدت اختیار کر گئی۔
یہ بھی پڑھئے: آدرش گورو اگلے ہفتے ’’ایلین: ارتھ‘‘ سیزن ۲؍ کی شوٹنگ شروع کریں گے
امریکی تنظیم D.A.R.E. اور Parents Television Council نے بھی ماضی میں سیریز پر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شو نوجوان ناظرین کے لیے حساس موضوعات کو انتہائی گرافک انداز میں پیش کرتا ہے اور بعض اوقات منشیات کے استعمال کی تصویر کشی کو رومانوی بنا دیتا ہے۔ تمام تنازعات کے باوجود ’’یوفوریا‘‘ گزشتہ چند برسوں کی سب سے زیادہ زیر بحث، سب سے زیادہ دیکھی جانے والی اور ثقافتی اثر رکھنے والی ٹی وی سیریز میں شمار ہوتی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس نے نوجوان نسل کے مسائل کو مرکزی دھارے کے ٹیلی ویژن مباحثے کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔