• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر لڑکی کو اپنے خواب کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے: رشمیکا مندانا

Updated: September 11, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai

اداکارہ رشمیکا مندانا نے ہندوستان کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے عالمی سطح پر آگے بڑھانے والی معروف کمپنی ہائب انڈیا کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ اس موقع پر رشمیکا نے کہا کہ وہ اس شراکت داری کو محض ایک پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں بلکہ نوجوانوں کے خوابوں سے جڑنے اور انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع دینے کے طور پر دیکھتی ہیں۔

Rashmika.Photo:X
رشمیکا۔ تصویر:ایکس

اداکارہ  رشمیکا مندانا  نے ہندوستان کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے عالمی سطح پر آگے بڑھانے والی معروف کمپنی ہائب انڈیا  کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔ اس موقع پر رشمیکا نے کہا کہ وہ اس شراکت داری کو محض ایک پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں بلکہ نوجوانوں کے خوابوں سے جڑنے اور انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع دینے کے طور پر دیکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ریباکینا نے گاف کو ہرا کر یو ایس اوپن فائنل میں سبالینکا سے مقابلہ طے کیا

رشمیکا کا فلمی سفر آسان نہیں رہا۔ کریئر کے ابتدائی دور سے لے کر بڑے پروجیکٹس کا حصہ بننے تک انہیں کئی ایسے مواقع کا سامنا کرنا پڑا جہاں خود پر اعتماد برقرار رکھنا انتہائی ضروری تھا۔ اب وہ ہائب انڈیا کے ٹیلنٹ ہنٹ اور آڈیشن سے وابستہ ہوگئی ہیں، جس کا مقصد ملک کے مختلف حصوں سے نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو تلاش کرنا، انہیں تربیت دینا اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ہائب دنیا بھر میں جنوبی کوریا کے معروف  کے پاپ  فنکاروں اور میوزک گروپس  کے ساتھ کام کرنے کے لیے جانی جاتی ہے۔ ہائب انڈیا کے ذریعے اب ہندوستان کے نوجوانوں کو بھی گلوکاری، ڈانس، ریپ اور دیگر پرفارمنگ آرٹس میں اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔ کمپنی نے ٹیلنٹ ہنٹ کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملک کے کئی نئے شہروں کو بھی آڈیشن مہم میں شامل کیا ہے۔
 اس شراکت داری کے بارے میں رشمیکا نے کہا کہ یہ ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے ایسا موقع ہے جو انہیں اس مقام تک پہنچا سکتا ہے جس کا شاید انہوں نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہو۔ ان کے مطابق ہر سفر کسی نہ کسی موقع سے شروع ہوتا ہے اور اس موقع کو قبول کرنے کے لیے ہمت درکار ہوتی ہے۔ رشمیکا نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیچھے مڑ کر دیکھنے پر انہیں احساس ہوتا ہے کہ  خود پر اعتماد، مسلسل محنت اور نئے امکانات کو قبول کرنا  کامیابی کے سفر میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:یش کی فلم ’’ٹاکسک‘‘ باکس آفس پر بدترین ناکامیوں میں شامل،۳۰۰؍ کروڑ کا نقصان

اداکارہ نے مزید کہا کہ  ہائب انڈیا کے ساتھ یہ شراکت داری  ہندوستان میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد موقع ہے۔ ان کے مطابق ہائب  دنیا بھر میں بڑے فنکاروں اور عالمی آوازوں کو تیار کرنے کے لیے جانی جاتی ہے اور اب  ہندوستان میں آکر یہاں کے نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کرنا ایک خاص قدم ہے۔ رشمیکا نے خاص طور پر ملک کی نوجوان لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خوابوں کو خوف یا خود اعتمادی کی کمی کی وجہ سے ترک نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ  ہندوستان میں بے شمار ایسی لڑکیاں موجود ہیں جن کے اندر بے پناہ صلاحیت ہے اور وہ زندگی میں کچھ بڑا کرنا چاہتی ہیں۔  ہر لڑکی کو اپنے خواب کو کم از کم ایک موقع ضرور دینا چاہیے۔ 
ہائب انڈیا  کا یہ ٹیلنٹ ہنٹ ستمبر ۲۰۲۶ء میں شروع ہوا ہے اور آڈیشن کے لیے درخواستیں ۳۱؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء تک دی جاسکتی ہیں۔ ملک کے مزید شہروں کو شامل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ بڑے شہروں سے باہر رہنے والے نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیت دنیا کے سامنے لانے کا برابر موقع مل سکے۔ رشمیکا کی شمولیت سے اس مہم کو نوجوان ٹیلنٹ کے درمیان مزید توجہ ملنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK