Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرحان اختر نے’’جی لے ذرا‘‘ کی کاسٹ پر خاموشی توڑی

Updated: April 28, 2026, 6:05 PM IST | Mumbai

فلم ’’جی لے ذرا‘‘ مسلسل تاخیر اور کاسٹ تبدیلیوں کی افواہوں کے باعث خبروں میں ہے۔ ہدایتکار فرحان اختر نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی اپ ڈیٹ کو چھپانے کے قائل نہیں اور جب فلم تیار ہوگی تو خود اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ اصل کاسٹ میں عالیہ بھٹ، کترینہ کیف اور پرینکا چوپڑہ شامل تھیں۔

Farhan Akhtar and the former star cast of `Jee Le Zara`. Photo: INN
فرحان اختر اور ’ جی لے ذرا‘ کی سابقہ اسٹار کاسٹ۔ تصویر: آئی این این

۲۰۲۱ء میں اعلان ہونے والی روڈ ٹرپ فلم ’’جی لے ذرا‘‘ کو ابتدا میں ایک بڑی فلم کے طور پر دیکھا جا رہا تھا جس میں عالیہ بھٹ، پرینکا چوپڑہ اور کترینہ کیف پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آنے والی تھیں۔ تاہم، وقت کے ساتھ پروڈکشن میں تاخیر اور مختلف رکاوٹوں نے اس فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں فرحان اختر نے ان افواہوں پر ردعمل ظاہر کیا کہ ’’ بہت ساری چیزوں کے بارے میں بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ جب میں فلم بنا رہا ہوتا ہوں تو مَیں چیزیں چھپانا پسند نہیں کرتا۔ جب بھی کچھ تیار ہوتا ہے، میں خود اسے سب کے ساتھ شیئر کرتا ہوں اور آئندہ بھی ایسا ہی کروں گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: کنال کھیمو ’’مڈگاؤں ایکسپریس ۲‘‘ کی اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں

انہوں نے اپنی موجودہ تخلیقی کیفیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ’’اس وقت میں ایک ایسے مرحلے پر ہوں جہاں مجھے یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ بطور ہدایتکار میں کیا کرنا چاہتا ہوں… پچھلے دو برسوں میں بہت کچھ ہوا ہے، اس لیے مجھے تھوڑا رک کر اپنی سمت کا جائزہ لینا ہے۔‘‘
دوسری جانب، دسمبر ۲۰۲۵ء کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم دوبارہ ٹریک پر آ گئی ہے۔ بتایا گیا کہ تینوں مرکزی اداکاراؤں کی تاریخوں کو ہم آہنگ کرنا سب سے بڑی رکاوٹ تھی، خاص طور پر پرینکا چوپڑہ کی عالمی مصروفیات کی وجہ سے۔ مزید برآں، اسکرپٹ ٹیم جس میں زویا اختر اور ریما کاگتی شامل ہیں کو مرد مرکزی کرداروں کے انتخاب میں بھی مشکلات پیش آئیں کیونکہ وہ تین بڑے اداکاروں کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے جو مرکزی اداکاراؤں کے برابر ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: انوراگ کشیپ کی ’’بندر‘‘ ۵؍ جون کو عالمی سطح پر ریلیز ہوگی

اس سے قبل فرحان اختر نے ایک اور موقع پر کہا تھا کہ ’’سچ پوچھیں تو اداکاروں کی تاریخیں حاصل کرنا بہت مشکل تھا، لیکن اب ہم نے چیزیں حل کر لی ہیں۔ ہم جلد ہی شروع کریں گے۔‘‘ اگرچہ فلم کی حتمی کاسٹ یا شوٹنگ کی تاریخ کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان ابھی تک سامنے نہیں آیا، لیکن ہدایتکار کے تازہ بیان سے واضح ہے کہ پروجیکٹ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ صحیح وقت کے انتظار میں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK