• Fri, 28 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیباورلڈکپ :ہندوستان کا مایوس کن آغاز، سعودی عرب کے ہاتھوں شکست

Updated: November 28, 2025, 6:04 PM IST | Riyadh

فیبا ورلڈ کپ ۲۰۲۷ء کوالیفائر کے ابتدائی مقابلے میں ہندوستانی باسکٹ بال ٹیم ریاض کے گرین ہال میں سعودی عرب کے ہاتھوں ۵۱۔۷۵؍ سے شکست کھا گئی۔

Basketball Match.Photo:INN
باسکٹ بال میچ۔ تصویر:آئی این این

 فیبا ورلڈ کپ ۲۰۲۷ء کوالیفائر کے ابتدائی مقابلے میں ہندوستانی باسکٹ بال ٹیم  ریاض کے گرین ہال میں سعودی عرب کے ہاتھوں ۵۱۔۷۵؍ سے شکست کھا گئی۔ سعودی عرب کی جانب سے محمد علی عبدالرحمٰن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے سب سے زیادہ۲۳؍ پوائنٹس اسکور کئے  جبکہ  ہندوستان کی طرف سے ہرش ڈاگر ۱۰؍پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے۔

میزبان ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ مرزوق الموالد کے دو پوائنٹر سے اسکور کا آغاز کیا گیا، تاہم  ہندوستان کے اروند  متھو کرشنن نے ایک تھری پوائنٹر داغ کر ٹیم کو عارضی برتری دلائی۔ انہوں نے ایک اور دو پوائنٹر کے ذریعے  ہندوستان کو۴۔۵؍ کی سبقت دلائی، لیکن جلد ہی سعودی عرب نے لگاتار پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیااور پہلا کوارٹر ۱۶۔۲۸؍ سے اپنے نام کیا۔ دوسرے کوارٹر میں بھی سعودی عرب نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ محمد علی عبدالرحمٰن  ہندوستانی دفاع کا بار بار امتحان لیتے رہے جس کے باعث ہاف ٹائم تک میزبان ٹیم  ۳۲۔۴۵؍کی مضبوط سبقت حاصل کر چکی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:ہانگ کانگ :آتشزدگی سانحہ میں اب تک ۱۲۸؍افراد ہلاک، ۷۹؍ زخمی، ۲۰۰؍ لاپتہ

تیسرے کوارٹر میں بھی مقابلے کا نقشہ تبدیل نہ ہوا اور ہندوستانی دفاع سعودی حملوں کا مؤثر جواب دینے میں ناکام ثابت ہوا۔ مرزوق الموالد، محمد السویلم، خالد ایم عبدالگبر، علی شبیلی اور مصعب طارق ایم قادی نے سعودی عرب کی جانب سے مسلسل پوائنٹس سمیٹے اور تیسرے کوارٹر کے اختتام پر اسکور ۴۳۔۶۱؍کر دیا۔
آخری کوارٹر میں بھی سعودی ٹیم نے اپنا تسلط برقرار رکھا اور ۲۰؍ سے زائد پوائنٹس کے فرق کے ساتھ با آسانی میچ جیت لیا۔ ہندوستان اپنی اوپننگ ونڈو کے دوسرے مقابلے میں اتوار کو ایک بار پھر سعودی عرب کے خلاف کھیلے گا، اس بار میدان چنئی کے جواہر لعل نہرو انڈور اسٹیڈیم میں سجے گا۔ فیبا کی چار ریجن  افریقہ، ایشیا و اوشیانا، یورپ اور امریکہ کی مجموعی ۸۰؍ ٹیمیں ۶؍ کوالیفائنگ ونڈوز میں حصہ لے رہی ہیں۔  ہندوستان ایشیا و اوشیانا ریجن کی۱۶؍ٹیموں میں شامل ہے اور اسے گروپ ڈی میں لبنان، سعودی عرب اور قطر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK