Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا نے امریکی اسٹار بالوگن پر لگی پابندی معطل کر دی، بلجیم کا فیصلے پر احتجاج

Updated: July 06, 2026, 8:37 PM IST | Washington

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکہ کے اسٹار اسٹرائیکر فورلان بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی معطل کرتے ہوئے انہیں بلجیم کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کی اجازت دے دی۔

Red Card.Photo:X
ریڈ کارڈ۔ تصویر:ایکس

 فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکہ کے اسٹار اسٹرائیکر  فورلان  بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی معطل کرتے ہوئے انہیں  بلجیم  کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کی اجازت دے دی،بلجیم نے اس فیصلے کو فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی فیفا صدر جیانی انفانٹینو کو کی جانے والی ذاتی فون کال کے بعد فٹبال کی عالمی تنظیم نے امریکی اسٹرائیکر بالوگن پر عائد ریڈ کارڈ کی پابندی معطل کی جس کے بعد وہ بلجیم  کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں شرکت کے اہل ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ایمباپے، میسی اور ہالینڈ نے ۹۶؍ سالہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ بدل دی


 بالوگن کو بوسنیا کے خلاف میچ میں مخالف کھلاڑی کے پاؤں پر قدم رکھنے کی وجہ سے ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا جس پر قوانین کے تحت ان پر ایک میچ کی خودکار پابندی عائد ہونی تھی، تاہم فیفا نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل ۲۷؍ کا حوالہ دیتے ہوئے اس پابندی کوایک  سال کے لئے معطل کرنے کا حیران کن فیصلہ جاری کیا ۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر فیفا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بڑی ناانصافی کا خاتمہ قرار دیا جبکہ امریکی سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو نے بھی اس کارڈ کو منسوخ کرنے کا عوامی سطح پر مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب بلجیم  فٹبال اسوسی ایشن اور ہیڈ کوچ روڈی گارسیا نے اس فیصلے پر شدید حیرت اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فیفا کے اپنے ہی قوانین کی خلاف ورزی اور فیئر پلے کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ۳؍ گول اسکور کرنے والے  بالوگن کی واپسی کو امریکی ہیڈ کوچ مائوریشیو پوچیٹینو اور اسٹار فارورڈ کرسچن پلسک نے ٹیم کے لئے بڑی تقویت قرار دیا ہے کیونکہ امریکی ٹیم ۲۰۰۲ء  کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لئے پرعزم ہے۔
امریکی کھلاڑی کی معطلی مؤخر کرنے پر یوئیفا بھی فیفا پر برس پڑی
 فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء میں امریکی کھلاڑی   بالوگن کی معطلی مؤخر کرنے پر یوئیفا بھی فیفا پر برس پڑی۔ تفصیلات کے مطابق فیفا کے فیصلے پر یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے کھیل کے اصولوں اور شفافیت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔یوئیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ غیر معمولی، ناقابلِ فہم اور کسی بھی طرح قابلِ جواز نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے:علی فضل اور رِچا چڈھا کامیڈی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے


تنظیم کے مطابق جب قوانین کے نفاذ میں یقین اور یکسانیت برقرار نہ رہے تو مقابلے کی ساکھ اور کھیل کی دیانت داری دونوں متاثر ہوتی ہیں۔بالوگن کو بوسنیا کے خلاف میچ میں وی اے آر جائزے کے بعد خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا، جس کے باعث انہیں بلجیم  کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے باہر ہونا تھا۔تاہم امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کے بعد فیفا نے معطلی کے نفاذ کو ایک سال کی آزمائشی مدت کے لیے مؤخر کر دیا، اگرچہ ریڈ کارڈ برقرار رکھا گیا ہے۔اس فیصلے پربلجیم  فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر باضابطہ اپیل دائر کرنے کے لیے فیفا سے رجوع کیا ہے، جبکہ فیفا کی جانب سے اب تک اس تنازع پر کوئی نیا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK