Updated: July 09, 2026, 7:03 PM IST
| New York
فیفا نے اعلان کیا ہے کہ کنیڈینپاپ اسٹار جسٹن بیبر ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ فائنل کے پہلے سپر باؤل طرز کے ہاف ٹائم شو میں شریک ہوں گے۔ وہ پہلے سے اعلان کردہ میڈونا، شکیرا اور بی ٹی ایس کے ساتھ شریک ہیڈ لائنر ہوں گے، جبکہ برنا بوائے، گسٹاوو ڈوڈامل، PS22 کورس اور سیسم اسٹریٹ کے مشہور کردار بھی شو کا حصہ ہوں گے۔ یہ تقریب ۱۹؍ جولائی کو نیوجرسی اسٹیڈیم میں ہوگی۔
فیفا نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کنیڈین گلوکار جسٹن بیبر ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ فائنل کے تاریخی ہاف ٹائم شو میں پرفارم کریں گے۔ وہ میڈونا، شکیرا اور جنوبی کوریا کے سپر اسٹار گروپ بی ٹی ایس کے ساتھ شریک ہیڈ لائنر کے طور پر اس منفرد میوزیکل شو کا حصہ ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ فائنل میں سپر باؤل کے انداز کا باضابطہ ہاف ٹائم شو منعقد کیا جائے گا۔ تقریب ۱۹؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ فائنل کے دوران ہوگی، جہاں دنیا بھر کے اربوں ناظرین اس ۱۱؍ منٹ کی خصوصی پرفارمنس کو براہ راست دیکھ سکیں گے۔ اس تاریخی شو کی تخلیقی نگرانی کولڈ پلے کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن کر رہے ہیں، جبکہ اس کا پروڈکشن Global Citizen کے اشتراک سے کیاجا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پنجاب: ’’ستلج‘‘ کی کمیونٹی اسکریننگ شروع، لوگ اسے ’سیوا‘ کہہ رہے ہیں: سویندر وکی
فیفا کے مطابق یہ ہاف ٹائم شو FIFA Global Citizen Education Fund کی حمایت کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے بچوں کو تعلیم اور فٹ بال تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے ۱۰۰؍ ملین امریکی ڈالر جمع کرنا ہے۔ فیفا نے بتایا کہ ہر ورلڈ کپ ٹکٹ کی فروخت سے ایک ڈالر بھی اس فنڈ میں دیا جا رہا ہے، جبکہ اب تک ۵۰؍ ملین ڈالر سے زیادہ جمع کیے جا چکے ہیں۔ جسٹن بیبر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’فیفا ورلڈ کپ پوری دنیا کو ایک ایسے انداز میں متحد کرتا ہے جیسا کوئی دوسرا ایونٹ نہیں کرتا۔ اس تاریخی ہاف ٹائم شو کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، خاص طور پر جب اس کے ذریعے بچوں کی تعلیم اور کھیل کے فروغ کی حمایت کی جا رہی ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ کو جارح ہالینڈ کو روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنی ہوگی: مارگن روجرس
نائیجیرین سپر اسٹار برنا بوائے نے بھی اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’فیفا ورلڈ کپ دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔ پہلے فیفا ورلڈ کپ فائنل ہاف ٹائم شو میں افریقہ کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی، جسے میں انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہوں۔‘‘ جسٹن بیبر کے علاوہ اس خصوصی شو میں برنا بوائے، وینزویلا کے معروف کنڈکٹر گسٹاوو ڈوڈامل، نیویارک کے PS22 کورس اور Coldplay بھی شامل ہوں گے، جبکہ بچوں کے مقبول پروگرام Sesame Street اور The Muppets کے کردار کرمٹ دی فراگ اور مس پگی بھی خصوصی شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کا مشہور رستم آئس کریم پارلر حفظان صحت کی خلاف ورزی کی پاداش میں ایف ڈی اے نے بند کیا
عام طور پر فٹ بال مقابلوں میں ہاف ٹائم کے دوران صرف مختصر وقفہ رکھا جاتا ہے اور UEFA چیمپئنز لیگ جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں بھی موسیقی کی تقریب میچ سے پہلے منعقد کی جاتی ہے، تاہم فیفا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں امریکی سپر باؤل کے طرز پر مکمل ہاف ٹائم شو پیش کر رہا ہے۔ اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کے ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ جہاں متعدد شائقین نے جسٹن بیبر کی شمولیت کو شو کے لیے ایک بڑا اضافہ قرار دیا، وہیں کچھ فٹ بال مداحوں نے اتنے بڑے میوزیکل پروگرام کو کھیل کے روایتی ماحول سے ہٹ کر قرار دیتے ہوئے تنقید بھی کی۔