• Sun, 20 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’آگ ہی آگ‘ پاکستانی فلم ’شیر خان‘ کا ری میک تھی

Updated: September 20, 2026, 11:04 AM IST | Mumbai

’آگ ہی آگ‘ سے چنکی پانڈے نے بھی اپنے فلمی کریئر کاآغاز کیا تھا۔ فلم کی موسیقی بپی لہری نے ترتیب دی تھی اور اس کے گیتوں کو لتا منگیشکر، آشا بھوسلے اور شبیر کمار جیسے معروف گلوکاروں نے اپنی آواز دی تھی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

۱۹۸۰ءکی دہائی میں بالی ووڈ میں ایکشن اور مصالحہ فلموں کا خوب دور تھا۔ بڑی اسٹار کاسٹ، زوردار ایکشن، جذبات، گیت اور بدلے کی کہانی، ان فلموں کی خاص پہچان ہوا کرتی تھی۔ اسی دور میں ریلیز ہونے والی فلم ’آگ ہی آگ‘ نے بھی ناظرین کی خاصی توجہ حاصل کی تھی۔ نیلم کوٹھاری، گلشن کمار، ڈینی ڈینزونگپا، موسمی چٹرجی، ونود مہرا اور دھرمیندر جیسے اداکاروں سے سجی اس فلم کو پہلاج نہلانی نے پروڈیوس کیا تھا اور شبھو مترا نے ہدایت کاری کی تھی۔ لیکن اس فلم سے جڑی ایک دلچسپ بات شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ ’آگ ہی آگ‘ کی کہانی اور کئی مناظر ۱۹۸۱ءکی پاکستانی پنجابی فلم ’شیر خان‘ سےلیےگئےتھے۔ فلم میں نیلم کوٹھاری سمیت کئی معروف فن کار نظر آئے۔ ’آگ ہی آگ‘ سے چنکی پانڈے نے بھی اپنے فلمی کریئر کاآغاز کیا تھا۔ فلم کی موسیقی بپی لہری نے ترتیب دی تھی اور اس کے گیتوں کو لتا منگیشکر، آشا بھوسلے اور شبیر کمار جیسے معروف گلوکاروں نے اپنی آواز دی تھی۔ دھرمیندر کی اداکاری کو بھی خاصی پذیرائی ملی۔ لیکن فلم کی اصل دلچسپ کہانی اس کے پردے کے پیچھے چھپی ہوئی تھی۔ ’آگ ہی آگ‘ دراصل پاکستانی فلم ’شیر خان‘ کا ری میک تھی۔ ۱۹۸۱ءمیں ریلیز ہونے والی ’شیر خان‘ پاکستانی پنجابی سنیما کی ایک بڑی کامیاب فلم تھی۔ یونس ملک کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم کے پروڈیوسر انور کمال پاشا تھے، جبکہ سلطان راہی، انجمن، اقبال حسن اورمصطفیٰ قریشی نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ ’شیر خان‘ میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور فلم نے پاکستان میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ فلم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسے کئی سنیما گھروں میں طویل عرصے تک دکھایا گیا اور اس نے ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی۔ فلم کی کامیابی نے انجمن کو بھی راتوں رات شہرت دلائی۔ اس کے بعد سلطان راہی اور انجمن کی جوڑی پاکستانی پنجابی سنیما کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہونے لگی اور دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ’آگ ہی آگ‘ میں دھرمیندر نے باپ کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ ’شیر خان‘ میں یہی کردار اقبال حسن نے ادا کیا تھا۔ پاکستانی فلم میں سلطان راہی نے ان کے بیٹے کا کردار نبھایا تھا، جبکہ مصطفیٰ قریشی ایک ایسے پولیس افسر کے کردار میں تھے جو شیر خان سے بدلہ لینے کی کوشش کرتا ہے۔ ’آگ ہی آگ‘ میں بھی ان کرداروں اور کہانی کے بنیادی ڈھانچے میں مماثلت دیکھی جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK