Inquilab Logo

فلم فیئر ایوارڈس پر فلم شائقین کی برہمی، شاہ رُخ خان کو ایوارڈ نہ ملنے سے ناراض

Updated: February 04, 2024, 12:19 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جنہیں کوئی ایوارڈ ملنے سے انہیں بہت زیادہ فائدہ نہیں ہوتا البتہ اُنہیں ایوارڈ دیئے جانے سے اس ایوارڈ کے وقار میں ضرور اضافہ ہوتا ہے۔

Shah Rukh Khan. Photo: INN
شاہ رخ خان۔ تصویر : آئی این این

کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جنہیں کوئی ایوارڈ ملنے سے انہیں بہت زیادہ فائدہ نہیں ہوتا البتہ اُنہیں ایوارڈ دیئے جانے سے اس ایوارڈ کے وقار میں ضرور اضافہ ہوتا ہے۔ فلم انڈسٹری میں دیکھا جائے تو شاہ رخ خان کی شخصیت کچھ اسی طرح کی ہے۔ وہ شہرت اور مقبولیت کے اس مقام پر ہیں کہ کوئی ایوارڈ اس میں مزید کچھ اضافہ نہیں کرسکتا لیکن اگر انہیں وہ ایوارڈ دیا جائے تو اس ایوارڈ کے وقار میں ضرور اضافہ ہوگا۔ اسی بات کو اگر صاف صاف کہیں تو یہ کہ اگر کسی مقابلے میں شاہ رخ خان ہیں اور ان کے بجائے ایوارڈ کسی اور کو دے دیا جائے تو ایوارڈ ہی کا وقار مجروح ہوگا، شاہ رخ خان کا نہیں۔ اس کا واضح ثبوت فلم فیئر ایوارڈ ہے۔ فلم شائقین نے اس پر زبردست برہمی کااظہار کیا ہے۔ 
  گزشتہ دنوں فلم فیئر ایوارڈس کی تقریب احمدآباد میں منعقد ہوئی تھی جس میں بہترین اداکار کے طور پر شاہ رخ خان بھی تھے۔ انہیں فلم ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، جہاں ان کا مقابلہ رنبیر کپور، رنویر سنگھ سنی دیول سے تھا۔ حیرت انگیز طور پر ایوارڈ انتظامیہ نے بہترین اداکار کے طورپر فلم ’اینی مل‘ کیلئے رنبیر کپور کاانتخاب کیا۔ یہ بات فلم شائقین ہضم نہیں کرپا رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب تبصرے ہورہے ہیں اور فلم فیئر ایوارڈس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 
 شاہ رخ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ اگر شاہ رخ بہترین اداکار کے ایوارڈ کے حقدار نہیں ہیں تو یقین مانیں، دوسرا کوئی بھی نہیں ہے۔ ویسے بھی شاہ رخ کو ان تمام ایوارڈز کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک مداح نے لکھا کہ میں ۳؍ سال پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ فلم فیئر ایوارڈ کو سنجیدگی سے نہ لیں۔ شاہ رخ کے ایک دوسرے مداح نے لکھا کہ’’ دوستو!پرسکون رہیں۔ شاہ رخ خان پہلے ہی انڈین آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت چکے ہیں جو کسی بھی فلم ایوارڈ سے بڑا ہے۔ لوگ ایوارڈز خرید سکتے ہیں لیکن لوگوں کے دلوں میں جو عزت ہے، وہ کبھی نہیں خرید سکتے۔ ‘‘ ایک اور مداح نے لکھا کہ ’’شاہ رخ کیلئے فلم فیئر اہم نہیں ہے۔ آل ٹائم بلاک بسٹر، سب سے زیادہ کمائی والی فلم اور ایک ہی سال میں ایک ایک ہزار کروڑ کمانے والی دو فلمیں دینے کا کام ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ نے کیا ہے۔ کیا یہ کسی ایوارڈ سے کم ہے؟‘‘ 
 شاہ رخ خان کے ایک اور مداح نے پوسٹ کیا کہ’’برسوں بعد ہندی سنیما کو ایسی فلمیں ملی ہیں جس نے باکس آفس کو استحکام بخشا ہے۔ شاہ رخ کو ایک بلیک لیڈی (ایوارڈ ایک بلیک لیڈی کی شبیہ میں ہے) کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا قد بہت بڑا ہے۔ دنیا بھر کےفلم شائقین کی محبت ہی ان کیلئے انعام ہے۔ 

فلم فیئر ایوارڈ ایک نظر میں
بہترین اداکار کے طور پرسب سے زیادہ  یعنی ۸؍ایوارڈس دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کو ملے ہیں۔
بطور اداکارسب سےزیادہ نامزدگی  ۳۴؍ مرتبہ امیتابھ بچن کی ہوئی ہے۔
بطور اداکار لگاتار سب سے زیادہ یعنی  ۹؍ بار عامر خان کی ہوئی ہے۔  
بغیر ایوارڈ ملے سب سے زیادہ نامزدگی ۱۰؍بار سلمان خان کی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK