Updated: November 28, 2025, 10:09 PM IST
| Nyon
فِیفا اور سوئس حکومت نے مشرقِ وسطیٰ میں بچوں کے لیے محفوظ کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے فٹبال انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے شراکت داری قائم کر لی ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں مغربی کنارے (ویسٹ بینک) میں ۲۰۲۶ء کے دوران دو فِیفا ایرینا منی پچز نصب کی جائیں گی۔
فیفا کی کوشش۔تصویر:آئی این این
فِیفا اور سوئس حکومت نے مشرقِ وسطیٰ میں بچوں کے لیے محفوظ کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے فٹبال انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے شراکت داری قائم کر لی ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں مغربی کنارے (ویسٹ بینک) میں ۲۰۲۶ء کے دوران دو فِیفا ایرینا منی پچز نصب کی جائیں گی، جس کے لیے سوئس حکومت کے وفاقی محکمہ خارجہ (ایف ڈی ایف اے) کی جانب سے۱۲۰؍ہزار سوئس فرانک فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ شراکت داری فلسطین اور اسرائیل کی فِیفا رکن اسوسی ایشنز میں فٹبال کے ڈھانچے کو بحال اور مضبوط کرنے کی وسیع تر کوششوں کا پہلا قدم ہے۔ منصوبے کے مطابق آئندہ مرحلے میں مزید آٹھ منی پچز نصب کی جائیں گی، تاکہ بچوں کو محفوظ ماحول میں کھیلنے کے مواقع مل سکیں، جو سماجی شمولیت اور ذاتی نشوونما کو فروغ دیں گے۔
سوئس حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یہ مالی تعاون نہ صرف ان سہولیات کی تعمیر میں مدد دے گا بلکہ خطے میں فٹبال کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ایک طویل المدتی عزم کا بھی حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت فلسطین اور اسرائیل کی فِیفا رکن اسوسی ایشنز میں مزید منی پچز نصب کیے جانے کا بھی ارادہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:تنوی شرما کا ڈریم رن جاری، اُنتی ہڈا اور کِدامبی سری کانت بھی سیمی فائنل میں پہنچے
یہ اعلان فِیفا صدر جیانی انفینٹینو کے ۱۳؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو شرم الشیخ میں منعقدہ امن کانفرنس میں دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فٹبال امید، یکجہتی اور کمیونٹیز کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔جیانی انفینٹینو کے مطابق فٹبال کا کردار تعاون، اتحاد اور امید فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاتھا کہ ہم غزہ اور فلسطین میں فٹبال انفراسٹرکچر کی بحالی میں مدد کریں گے اور کھیل کو ہر گوشے تک واپس لائیں گے۔فِیفا اور سوئس حکومت کی یہ شراکت داری اس عزم کو عملی شکل دے رہی ہے۔ ابتدائی دو منی پچز کے ساتھ بچوں کے لیے ایک خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، تاکہ انہیں محفوظ اور مثبت سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے۔جیانی انفینٹینو نے کہا کہ فلسطین میں تعمیر کی جانے والی یہ پہلی دو منی پچز تاریخی اہمیت رکھتی ہیں، جو نہ صرف ایک انفراسٹرکچر ہیں بلکہ یکجہتی اور فٹبال کے ذریعے لوگوں کو قریب لانے کے پیغام کی علامت بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں مدد فراہم کرنے پر سوئس حکومت کا شکریہ ادا کیا۔فِیفا ایرینا پروگرام، جس کا مقصد ۲۰۳۰ء تک دنیا بھر میں کم از کم ایک ہزار منی پچز تعمیر کرنا ہے، پہلے ہی متعدد ممالک میں نمایاں اثرات مرتب کر چکا ہے۔ مارچ ۲۰۲۵ء سے اب تک ۱۵؍ ممالک میں۳۰؍ منی پچز کا افتتاح کیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ ۳؍ ماہ میں مزید ۸؍ ممالک میں پچز تعمیر کیے جانے کا منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:نمیبیا: ایڈولف ہٹلر الیکشن جیت گئے
اب تک ۵۹؍ فِیفا رکن اسوسی ایشنز اس منصوبے میں شامل ہو چکی ہیں اور انہیں سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی اسوسی ایشنز کو ۲۰۲۵ء کے اختتام تک یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مزید ممالک کو اس منصوبے میں شامل کرنے کا نیا مرحلہ ۲۰۲۶ء میں شروع کیا جائے گا۔فِیفا ایرینا منی پچز کو خاص طور پر محفوظ، پائیدار اور کم وسائل رکھنے والے علاقوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔