’انڈیا‘ نے بتادیا کہ پارلیمنٹ میںاگراپوزیشن لیڈروں کے مائیک بند کئے جاتے ہیںتو کئے جائیں،علامتی پارلیمنٹ میںانہیںبولنے سے کوئی نہیںروک سکتااور یہاں اٹھائی گئی آوازآج جین زی کے دور میں زیادہ دور تک، زیادہ آسانی سےعوام تک پہنچ سکتی ہے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 6:21 PM IST | Arkam Noorul Hasan | Mumbai
’انڈیا‘ نے بتادیا کہ پارلیمنٹ میںاگراپوزیشن لیڈروں کے مائیک بند کئے جاتے ہیںتو کئے جائیں،علامتی پارلیمنٹ میںانہیںبولنے سے کوئی نہیںروک سکتااور یہاں اٹھائی گئی آوازآج جین زی کے دور میں زیادہ دور تک، زیادہ آسانی سےعوام تک پہنچ سکتی ہے۔
اپوزیشن کے انڈیا اتحاد کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف۳۱؍ اکتوبرکو منعقد کیا گیا علامتی ’عوامی مواخذہ ‘ ملک کی سیاسی اور انتخابی تاریخ کا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔مکمل جمہوری ضابطے کےتحت کئے گئے مکمل جمہوری احتجاج کی اس سے بڑی مثال غالباً کہیں نہیں ملتی۔ اپوزیشن کی جانب سے یہ اعلان ہےکہ حکومت جواپنے اب تک کے۱۲؍ سالہ دوراقتدار میںپارلیمنٹ میں جوابدہی اور مواخذہ سے بچتی آئی ہے،اب نہیںبچ سکتی ، اسے کسی نہ کسی شکل میں جوابدہ ہونا پڑیگا، پارلیمنٹ میںاگراپوزیشن لیڈروں کے مائیک بند کئے جاتے ہیںتو کئے جائیں،علامتی پارلیمنٹ میںانہیںبولنے سے کوئی نہیںروک سکتا اور علامتی پارلیمنٹ میں اٹھائی گئی آوازآج جین زی کے دور میں زیادہ دور تک، زیادہ آسانی سے اورزیادہ مضبوط انداز میںعوام تک پہنچ سکتی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس علامتی پارلیمنٹ کی صدارت لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار نے کی جس میں ۲۱؍ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ۶؍سنگین الزامات پر مبنی قرارداد منظور کی۔قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے اور دیگر اپوزیشن لیڈروں کے بیانات اور منظور کی گئی یہ قرارداددر اصل حکومت کیلئے نوشتہ دیوار ہےاورایک انتہائی اہم انتباہ بھی ۔
یہ بھی پڑھئے: جو ’رِجیم چینج ‘ کرانے گئے تھے، خود اپنی ’رجیم چینج‘ کرابیٹھے
اپوزیشن کا سب سے بڑا الزام یہ ہے کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کے نام پر ملک کے تقریباً ۱۳ء۲؍کروڑووٹروں کے نام من مانے اور غیر شفاف طریقے سے حذف کر دیے گئے جو کل ووٹرز کا تقریباً ۱۵؍ فیصد ہے ۔ اس پر امیت شاہ بڑی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیںکہ ان میںسے ۳؍ کروڑ بنگلہ دیشی در انداز ہیں جنہیںملک سے نکال باہر کیاجائے گا۔شاہ کے مطابق ان میں سے۶؍ کروڑ منتقل ہوچکے ہیں،۳؍ کروڑ کی وفات ہو چکی ہےاور ایک کروڑ جعلی ووٹر ہیں۔وزیر داخلہ اگراپنے اس دعوے میں سچے ہیںتوانہیںیہ بھی تسلیم کرنا چاہئے کہ ایس آئی آر میںجو بے ضابطگیاں ہوئی ہیںان سے بھی لاکھوں ووٹر متاثر ہوئے ہیں۔ کیازندہ ووٹروں کو مردہ بتانا بے ضابطگی نہیں،کیا شناختی کارڈ نمبر وہی رہنا اورنام تبدیل ہوجانا بے ضابطگی نہیں،کیا پتے تبدیل ہوجانا بے ضابطگی نہیں۔
حکومت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں اتنے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں جمہوریت کی روح کو زخمی کرنے کے مترادف ہیں۔ اپوزیشن نے اسے ’جمہوریت کی نسل کشی ‘ قرار دیتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا کہ ووٹر لسٹوں پرحتمی فیصلے کا اختیار مرکز کو دیاجانا (ای سی آئی نیٹ ایپلی کیشن کا استعمال) اور پارلیمانی نگرانی کے بغیر فارم۶؍میں تبدیلیاں کرنا ناقابلِ قبول ہے۔(فارم ۶؍ میںتبدیلیوں کو الیکشن کمیشن اپوزیشن کے سخت احتجاج اورسپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد منسوخ کرچکا ہے)۔قرارداد میں براہ راست الزام لگایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے کمیشن کے دیگر دو الیکشن کمشنروں کو بھی فیصلہ سازی کے عمل سے الگ تھلگ کر دیا ہے۔ایس آئی آر اپنے آپ میںکوئی معیوب عمل نہیں تھا ۔ ہر شعبے میںپرانی فہرست کی اصلاح ضروری ہوتی ہے ، یہ ضروری ہوتا ہےکہ فہرستوںکی جانچ کی جاتی رہے، ان پر نظرثانی ہوتی رہے اورجو ضروری تبدیلی ہے وہ کی جائے، مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب اس کے پیچھےنیت ٹھیک نہ ہواورایسا کوئی کسی کے زیر اثر کیاجائے ،کسی دباؤ میںکیاجائےاورمقصدتعمیری اور اصلاحی نہیںبلکہ تخریبی اورہراسانی ہو۔عوامی مواخذہ میںچیف الیکشن کمشنر کی اسی نیت کوہدف بنایا گیا اور اسی بنیاد پرانہیںمجرم ٹھہرایا گیا۔
اس کارروائی کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ الیکشن کمیشن جیسے خود مختار ادارے کو حکمراں جماعت کا سیاسی آلہ کار نہیں بننے دیا جائے گا۔ حکومت کو یہ یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اداروں کو اس حد تک سیاسی دباؤ میں نہ لائے کہ ان کی غیر جانبداری ختم ہوکر رہ جائے۔راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپوزیشن کے۱۹۳؍ اراکین پارلیمنٹ نے ۷؍ ماہ قبل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سی ای سی کو ہٹانے کے لیے نوٹس دیے تھے، لیکن حکومت نے انہیں مسترد کر دیا۔
اپوزیشن نے واضح کیا ہے کہ جب پارلیمنٹ، عدلیہ اور دیگر تمام آئینی راستے اپوزیشن کی آواز کیلئے بند کر دیے جائیں گے، تو وہ عوامی مواخذے اور ’جنتا کی عدالت ‘ جیسے سیاسی ہتھیار استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں نظر انداز کرنے کا نتیجہ سڑکوں کے احتجاج اور عوامی بیداری مہموں کی شکل میں نکلے گا اورنکل رہا ہے ۔اس مواخذے میں سب سے سخت موقف قوانین اور افسران کی جوابدہی کے حوالے سے اپنایا گیا۔ اپوزیشن نے الزام لگایا کہ دسمبر ۲۰۲۳ء میں مودی حکومت کی طرف سے لائے گئے نئے قانون ’چیف الیکشن کمشنر اوردیگر کمشنرزقانون ‘ کے تحت سی ای سی کو جو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے، وہ دراصل انہی مبینہ بے ضابطگیوں کو چھپانے کے لیے ہے۔آئیسا کی صدر نیہا بورا کا پیغام واضح تھاکہ گیانیش کمار نے نہ صرف آئین کے حلف کی خلاف ورزی کی بلکہ انہوں نے سپریم کورٹ کی طے کردہ گائیڈ لائنز کی بھی توہین کی ہے۔ اس بنیاد پر وہ سپریم کورٹ کے بھی مجرم ہیں۔ اس تحریک کے نتیجے میںالیکشن کمیشن تو اصلاحات پر آمادہ بھی نظر آرہا ہےلیکن حکومت کا معاملہ ’چائے سے زیادہ کیتلی گرم‘ والا ہے۔ یعنی الیکشن کمیشن تو کچھ غلطیاںتسلیم کرکے انہیں درست کرنے پر آمادہ بھی ہےلیکن حکومت کو کوئی غلطی تسلیم ہی نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اردو کا اقبال اور ہمارا کردار
یہ بات شبہ سے بالاتر نہیںکہ ووٹر لسٹوں سے نام حذف کرنے کی اس مبینہ مہم میں مسلمانوں، دلتوں، آدیواسیوں، خواتین اور نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی نے اپوزیشن کے اس عوامی مواخذہ کو ’آئین کی توہین ‘ اور ’پارلیمنٹ کا مذاق اڑانے ‘کی کوشش قرار دیا ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ اپوزیشن اپنی انتخابی شکستوں کی خفت مٹانے اور ملک میں انارکی پھیلانے کیلئے آئینی اداروں پر حملے کر رہا ہے جبکہ ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کا عمل مکمل طور پر ضابطے کے تحت انجام دیا گیا ہے۔’ انڈیا‘ کے اس عوامی مواخذہ سےپریشان بی جےپی نے ’لوک تنتر بچا ؤ، بھیڑ تنتر ہٹاؤ‘مہم شروع کی ہے ۔بی جے پی کی نظر میںاپوزیشن جمہوریت مخالف ہے جبکہ اپوزیشن کا بی جے پی حکومت پر جمہوریت مخالف اقدام کا الزام ہے۔یہ سیاست کا حصہ ہے اورلازمی تقاضابھی کہ حکومت اورحزب اختلاف ایک دوسرے کو نشانہ بنائیںلیکن جب بات سیدھے عوامی حقوق پر آتی ہےتواس پر لیپا پوتی نہیںکی جاسکتی ۔یہی وجہ ہےکہ ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن کے ا حتجاج کو زبردست عوامی حمایت حاصل ہے جبکہ بی جے پی کی اس مہم کے بارے میںاکثریت کو پتہ ہی نہیں۔اپوزیشن کی جانب سے منعقدہ ’عوامی مواخذہ‘ تاریخ میں درج ہو چکا ہے جبکہ بی جےپی کی نام نہادمذکورہ جمہوریت حامی مہم عوام کو جوڑنے میں ناکام ہے ۔انڈیا اتحادکی تحریک اپنے اندر عوامی حقوق اور جذبات کا ایک طوفان رکھتی ہےجبکہ بی جےپی نے اس کے جواب میں جو مہم شروع کی ہےاس سے بے حسی ، ہٹ دھرمی اورضدکا اظہار ہوتا ہے۔عوامی مواخذہ حکومت کیلئے احتساب کا پیغام ہےلیکن اسے سمجھنے کیلئے حکومت کواپنی اسی بے حسی کے خول سے باہرنکلنا ہوگا ۔