• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر تبادلۂ خیال

Updated: November 09, 2026, 8:08 PM IST | New Delhi

ہندوستان اور یوروپی یونین نے مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر عمل درآمد کی تیاریوں، باہمی تجارت کو آسان بنانے، کسٹم کے طریقۂ کار میں بہتری اور اقتصادی سلامتی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

India And Europe.Photo:INN
ہندوستان اور یورپ ۔تصویر:آئی این این

ہندوستان اور یوروپی یونین  نے مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر عمل درآمد کی تیاریوں، باہمی تجارت کو آسان بنانے، کسٹم کے طریقۂ کار میں بہتری اور اقتصادی سلامتی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہندوستان کے کامرس سکریٹری راجیش اگروال نے حال ہی میں برسلز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یوروپی کمیشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان مذاکرات کا مقصد دونوں خطوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، کاروبار کے لیے درپیش رکاوٹوں کو کم کرنا اور عالمی سپلائی چین کو زیادہ مضبوط اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان تاریخی آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کی تیاریاں جاری ہیں اور دونوں فریق اس کے قانونی و انتظامی مراحل مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ 
کامرس سکریٹری راجیش اگروال نے یوروپی کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے تجارت اور اقتصادی سلامتی ڈِٹے جول جورگنسن، ڈائریکٹر جنرل برائے ٹیکسیشن اینڈ کسٹمز یونین گیراسیموس تھامس اور ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی شراکت داری کوئن ڈوئنس سے ملاقات کی۔ ڈِٹے جول جورگنسن کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور سپلائی چین کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق باقی ماندہ انتظامی اور طریقۂ کار کے معاملات پر مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:’’گوڈزیلا مائنس زیرو‘‘ عالمی باکس آفس پر پہلے نمبر پر، ’’رامائن‘‘ دوسرے مقام پر

گیراسیموس تھامس کے ساتھ ملاقات میں کسٹم کے طریقۂ کار میں تعاون، تجارتی دستاویزات کی کارروائی کو آسان بنانے اور سرحد پار تجارت کے اخراجات کم کرنے کے امور زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر شفاف، مؤثر اور ڈجیٹل سہولتوں سے مربوط کسٹم نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ہندوستان اور یوروپی یونین نے ۲۷؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو نئی دہلی میں منعقدہ ۱۶؍ویں ہندوستان۔یوروپی یونین سربراہی اجلاس کے دوران آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے لیے بات چیت کا آغاز ۲۰۰۷ء میں ہوا تھا، تاہم ۲۰۱۳ء میں مذاکرات رک گئے تھے۔ دونوںنے ۲۰۲۲ء میں دوبارہ مذاکرات شروع کیے اور بالآخر رواں سال جنوری میں اہم پیش رفت حاصل کی۔
اب معاہدے کے متن کی قانونی جانچ اور حتمی توثیق کا عمل جاری ہے۔ یوروپی کمیشن نے ۱۱؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو معاہدے پر دستخط اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے یوروپی یونین کی کونسل کے سامنے تجاویز پیش کی تھیں۔ ہندوستانی حکام کے مطابق دونوں جانب سے باقی قانونی اور انتظامی کارروائیاں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ معاہدے پر دسمبر ۲۰۲۶ء تک دستخط کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ اس کے نفاذ کے لیے ۲۰۲۷ء کا ابتدائی عرصہ ممکنہ ہدف بتایا جارہا ہے۔ تاہم اس کا حتمی وقت منظوری کے باقی مراحل پر منحصر ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’گوڈزیلا مائنس زیرو‘‘ عالمی باکس آفس پر پہلے نمبر پر، ’’رامائن‘‘ دوسرے مقام پر

مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ہندوستانی برآمدات کو یوروپی یونین کی وسیع منڈی تک ترجیحی رسائی حاصل ہونے کی توقع ہے۔ سرکاری حقائق نامے کے مطابق ہندوستان کی ۹۹؍ فیصد سے زیادہ برآمدات کو تجارتی قدر کے لحاظ سے یوروپی منڈی میں ترجیحی رسائی ملے گی۔ اس سے خاص طور پر محنت پر مبنی صنعتوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ ان صنعتوں میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، جوتے، جواہرات و زیورات، سمندری غذائی مصنوعات، کھیلوں کا سامان، کھلونے، چائے، کافی اور مصالحہ جات شامل ہیں۔ ان میں سے متعدد شعبوں کی مصنوعات پر اس وقت یوروپی منڈی میں درآمدی محصولات عائد ہیں، جن میں کمی یا خاتمے سے ہندوستانی برآمد کنندگان کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں  کو بھی یوروپی سپلائی چین کا حصہ بننے، نئے خریداروں تک رسائی حاصل کرنے اور طویل مدتی کاروباری سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:لینڈو نورس کی شاندار جیت، میکس ورسٹاپن کی ناقابلِ یقین واپسی

ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان بات چیت کا ایک اہم موضوع کسٹم نظام کو آسان اور تیز رفتار بنانا بھی تھا۔ دونوں فریق چاہتے ہیں کہ درآمدات اور برآمدات کے دوران دستاویزات کی جانچ، سامان کی کلیئرنس اور دیگر کارروائیوں میں غیر ضروری تاخیر کو کم کیا جائے۔ ڈیجیٹل نظام کے بہتر استعمال سے کاروباری اداروں کے اخراجات کم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں شفافیت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اقتصادی سلامتی کے تناظر میں سپلائی چین کا تحفظ بھی اہمیت رکھتا ہے۔ عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی کشیدگی، تجارتی پابندیوں اور خام مال کی فراہمی میں رکاوٹوں کے پیش نظر ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان تعاون کو اہم سمجھا جارہا ہے۔ دونوں خطے چاہتے ہیں کہ اہم صنعتی مصنوعات، ٹیکنالوجی اور ضروری خام مال کی فراہمی کے لیے متبادل اور قابلِ اعتماد ذرائع فروغ پائیں۔ برسلز میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ترقیاتی تعاون، پائیدار ترقی، صاف توانائی اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے شعبوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان خدمات کی تجارت میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔ آئی ٹی، ٹیلی مواصلات، مالی خدمات، پیشہ ورانہ خدمات، تحقیق و ترقی اور ماحولیاتی خدمات جیسے شعبے اس تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آزاد تجارتی معاہدے میں ہندوستانی پیشہ ور افراد کی عارضی نقل و حرکت اور یوروپی منڈی میں خدمات فراہم کرنے کے مواقع کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ اس سے ہندوستانی کمپنیوں اور ہنرمند افراد کو یوروپی کاروباری اداروں کے ساتھ کام کرنے کے نئے امکانات مل سکتے ہیں۔ صاف توانائی اور سبز ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری سے دونوں فریقوں کے ماحولیاتی اور صنعتی اہداف کو بھی تقویت ملنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK