برطانیہ، آسٹریلیا، کنیڈا اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نےموسم سرما شروع ہونے سے قبل غزہ میں ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار خیموںتک امداد پہنچانے کی پُر زور اپیل کی ۔
غزہ میں خیمے میں پناہ گزیں ایک چھوٹا خاندان- تصویر:آئی این این
لندن (ایجنسی):برطانیہ، آسٹریلیا، کنیڈا اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موسم سرما شروع ہونے سے قبل غزہ میںایک لاکھ ۵۰؍ہزارخیموں اور انتہائی ضروری انسانی امدادی سامان کی ترسیل کی فوری اجازت دے۔چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا’’غزہ میں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہم وہاں زمینی سطح پر انسانی صورتحال کی سنگینی سے بخوبی آگاہ ہیں۔‘‘ وزرائے خارجہ نے کہا کہ موسمِ سرما کے پہلے طوفان کے نتیجے میں حالیہ سیلاب نے علاقے کے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے عائد سرحدی پابندیاں انتہائی ضروری رہائشی پناہ گاہوں اور بنیادی امدادی سامان کی غزہ میں ترسیل میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
سفارت کاروں نے اس بات پر زور دیا کہ مزید سخت سرد موسمی حالات شروع ہونے سے پہلے بگڑتی ہوئی صورتحال کو مکمل طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اہم سرحدی گزرگاہیں کھولیں اور اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ،انسانی امدادی سرگرمیوں اور ابتدائی بحالی کیلئے ضروری دوہرے استعمال کی اشیاء کی غزہ تک ترسیل کی اجازت دیں۔
وزرائے خارجہ نے تمام فریقوں سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی مکمل پاسداری کریں، بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کریں اور غزہ کیلئے تیار کردہ جامع منصوبے پر عمل درآمد کریں تاکہ کمزور اور غیر محفوظ شہری آبادی تک امداد پہنچائی جا سکے۔شدید بارش کے باعث غزہ بھر میں بے گھر افراد کے عارضی کیمپ زیر آب آگئے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امورنے بتایا ہے کہ حالیہ سیلاب سے۲؍لاکھ سے زائد فلسطینی متاثر ہوئے ہیں جبکہ عالمی ادارۂ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ تقریباً۹؍لاکھ۵۰؍ ہزار بے گھر افراد ایسے علاقوں میں مقیم ہیں جہاں سیلاب کا خطرہ ہے۔